Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’رامائن‘‘ ٹیزر پر نقل کے الزامات، ہالی ووڈ مناظر سے مماثلت، تنقیدیں

Updated: April 04, 2026, 10:08 PM IST | Mumbai

فلم ’’رامائن‘‘ کے حالیہ ٹیزر کے بعد سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے جہاں متعدد صارفین نے اسے ہالی ووڈ فلموں اور ویب سیریز کے مناظر کی ’’فریم بائی فریم‘‘ نقل قرار دیا ہے۔ ایک وائرل ویڈیو میں مختلف مناظر کا موازنہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ ٹیزر کے کئی شاٹس عالمی پروجیکٹس سے مشابہت رکھتے ہیں۔ صارفین نے مختلف فلموں اور شوز کے نام اور ان کے ریلیز سال بھی شیئر کیے، جس کے بعد یہ موضوع ٹرینڈ کرنے لگا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ہدایتکار نتیش تیواری اور اداکار رنبیر کپور کی آنے والی فلم ’’رامائن‘‘ کے ٹیزر ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے، جہاں صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اسے ہالی ووڈ فلموں اور ویب سیریز کے مناظر سے مشابہ قرار دیا ہے۔ ایکس پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو میں ٹیزر کے مختلف شاٹس کو ہالی ووڈ پروجیکٹس کے مناظر کے ساتھ ’’فریم بائی فریم‘‘ ملا کر دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے بعد متعدد صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ فلم کے کئی ویژولز پہلے سے موجود عالمی فلموں سے متاثر یا ان کی نقل محسوس ہوتے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں جن ہالی ووڈ فلموں اور شوز کا حوالہ دیا گیا، ان میں ’’اوتار‘‘ (۲۰۰۹ء)، ’’اوتار: دی وے آف واٹر‘‘ (۲۰۲۲ء)، ’’ڈُون‘‘ (۲۰۲۱ء)، ’’ڈُون ۲‘‘ (۲۰۲۴ء)، ’’دی لارڈ آف دی رنگز: دی فیلو شپ آف دی رِنگ‘‘ (۲۰۰۱ء)، ’’دی ہوبیٹ‘‘ (۲۰۱۲ء)، ’’پلانیٹ آف دی ایپس‘‘ (۲۰۱۱ء)، ’’دی بیٹ مین‘‘ (۲۰۲۲ء) اور ’’گیم آف تھرونز‘‘ (۲۰۱۱ء) شامل ہیں۔ صارفین نے دعویٰ کیا کہ جنگی مناظر، فضائی شاٹس، مخلوقات کے ڈیزائن اور پس منظر کے ویژول ایفیکٹس ان فلموں سے ملتے جلتے دکھائی دیتے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’یہ کئی ہالی ووڈ فلموں کا مجموعہ لگ رہا ہے، اصل پن کم نظر آ رہا ہے۔‘‘

ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ ’’اوتار‘‘ اور ’’ڈُون‘‘ کے مناظر سے بہت زیادہ مماثلت ہے، خاص طور پر سینڈ اور وار سیکوینسز میں۔‘‘ ایک اور ردعمل میں کہا گیا کہ ’’گیم آف تھرونز‘‘ جیسا کلر گریڈنگ اور ماحول دکھائی دیتا ہے۔‘‘ کچھ صارفین نے ویژول ایفیکٹس پر بھی سوال اٹھائے۔ ایک تبصرے میں کہا گیا کہ ’’یہ سی جی آئی زیادہ تر ہالی ووڈ اسٹائل کو فالو کر رہا ہے، لیکن وہی اثر پیدا نہیں کر پا رہا۔‘‘ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’’پلانیٹ آف دی ایپس‘‘ جیسے کریچر ڈیزائن واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔‘‘
ریڈٹ سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر بھی اس موضوع پر بحث جاری ہے جہاں کچھ صارفین نے ویژولز کو ’’ویڈیو گیم جیسا‘‘ قرار دیا جبکہ بعض نے اسے ’’اوور وی ایف ایکس‘‘ کہا۔ بعض صارفین نے فلم کو ’’بغیر روح کی کاپی‘‘ قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’اگر آپ ہر بڑے سین کو کسی نہ کسی ہالی ووڈ فلم سے اٹھائیں گے تو اصل کہانی کہاں جائے گی؟‘‘ جبکہ ایک اور نے کہا: ’’یہ انڈین سنیما کے لیے مایوس کن ہے کہ اتنے بڑے بجٹ کے باوجود تخلیقی کمی نظر آ رہی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’رامائن‘‘ میں رنبیر کپورڈبل رول ادا کررہے ہیں

کچھ صارفین نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا: ’’یہ رامائن کم اور ہالی ووڈ ریفرنس ویڈیو زیادہ لگ رہا ہے۔‘‘ ایک اور تبصرے میں لکھا گیا: ’’اگر یہ سب انسپائریشن ہے تو پھر اوریجنل کیا ہے؟‘‘ اگرچہ کچھ صارفین نے دفاع بھی کیا، لیکن مجموعی طور پر تنقیدی آوازیں زیادہ نمایاں رہیں۔ کئی لوگوں نے مطالبہ کیا کہ فلم کی ٹیم ان الزامات پر وضاحت دے اور واضح کرے کہ آیا یہ محض اتفاق ہے یا واقعی ویژول ریفرنسز کا استعمال کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: راجکمار راؤ اور ثانیہ ملہوترہ کی ’’ٹوسٹر‘‘ کا ٹریلر جاری

یاد رہے کہ فلم ’’رامائن‘‘ ایک بڑے بجٹ کی تاریخی فلم ہے جس میں رنبیر کپور، یَش اور سائی پلوی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ اسے عالمی معیار کے ویژول ایفیکٹس کے ساتھ پیش کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ فلم کے ٹیزر نے جہاں ایک طرف شائقین میں جوش پیدا کیا، وہیں دوسری جانب اس پر ہونے والی تنقید نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ اب تک فلم کی ٹیم کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم آن لائن پلیٹ فارمز پر اس موضوع پر بحث بدستور جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK