Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مجھے رومانوی کہانیاں زیادہ پسند ہیں، اسلئے و ہی شوز کرتا ہوں‘‘

Updated: August 23, 2026, 4:58 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ٹی وی اداکار انکور بھاردواج کا کہنا ہےکہ میں شاہ رخ خان کا بہت بڑا مداح ہوں، اسلئے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انہیں کی طرح کردار نبھانا چاہتا ہوں۔

TV actor Ankur Bhardwaj. Photo: INN
ٹی وی اداکار انکور بھاردواج۔ تصویر: آئی این این

انکور بھاردواج ایک ابھرتے ہوئے ٹیلی ویژن اداکار ہیں، جنہوں نے تھیٹر سے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور بعد میں ٹی وی شوز اور دیگر اسکرین پروجیکٹس میں کام کیا۔ اس وقت وہ ٹی وی شو ’من سُندر‘ میں کام کررہے ہیں۔ انہوں نے اسکول اور مقامی سطح پر تھیٹر اور ڈراما کلب میں کام شروع کیا۔ اداکاری کی باقاعدہ تربیت نہیں لی اور اپنے طورپر کام کرتے رہے۔ ان کی اصل تربیت تھیٹر کے ذریعے ہوئی۔ تھیٹر میں مختلف ڈراموں اور کرداروں پر کام کرنے سے انہیں اداکاری، مکالموں کی ادائیگی، جذبات کے اظہار اور اسٹیج پرفارمنس کا تجربہ حاصل ہوا۔ انہوں نے ’سوراج، سرتاج، گیم چینجر، کہانی پہلے پیار کی اور شور‘ جیسے ٹی وی شوز میں کام کیا ہے۔ ان کے مطابق ’کہانی پہلے پیار کی‘ سے انہیں خاص شناخت حاصل ہوئی۔ بعد میں ویب شو میں کام کرنے سے انہیں ڈجیٹل ناظرین کے درمیان بھی پہچان ملی۔ انکور اس وقت ’من سُندر‘ کے نئے ٹریک میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے مداح بھی ہیں، جس کی وجہ سے رومانی صنف انہیں خاص طور پر پسند ہے۔ نمائندہ انقلاب نے انکور بھاردواج سے گفتگو کی جسے یہاں پیش کیا جارہا ہے :
سب سے پہلے یہ بتائیے کہ اداکاری کا آغاز کس طرح ہوا؟ اور آپ کا اس شعبے میں کیسے آنا ہوا؟
ج: دراصل میں پہلے بہت شرمیلا تھا اور مجھے اسٹیج فوبیا بھی تھا، لیکن ۹؍ویں جماعت میں مجھے اپنے اسکول کے سالانہ پروگرام میں ایک میوزیکل شو ملا، جس میں میں نے بھگوان کرشن کا کردار ادا کیا تھا۔ اس پروگرام میں بھگوان کرشن کی راس لیلا پیش کی گئی تھی۔ وہاں میرے کام کو بہت پسند کیا گیا۔ میری اسکول کی ڈائریکٹر نے بھی میری اداکاری کی تعریف کی اور کہا کہ میں نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ وہ میری زندگی کا پہلا اسٹیج تجربہ تھا۔ اس کے بعد مجھے لگا کہ مجھے اداکاری کرنی چاہیے۔ پھر میں نے اپنے اسکول اور مقامی سطح پر تھیٹر اور ڈراما کلب جوائن کیے۔ کالج مکمل کرنے کے بعد میں دہلی آیا، جہاں تھیٹرس میں کام کیا۔ اس کے بعد ۲۰۲۳ء میں ممبئی چلا آیا اور یہاں سے میری جدوجہد شروع ہوئی۔ مجھے سب سے پہلے ’سوراج‘ نامی شو میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد میں نے کافی اشتہارات کیے۔ پھر مجھے ’سرتاج‘، گیم چینجر، کہانی پہلے پیار کی، شور اوردنگل‘ جیسے پروجیکٹس میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد میں نے ایک اور شو بھی کیا، جس کا نام ’جل دھو کہ دیوانہ ‘ تھا، جس میں میں اکان شگنا کا کردار ادا کر رہا تھا۔ 
کیا آپ نے اداکاری کی باقاعدہ تربیت کہیں سے حاصل کی ہے؟ کسی انسٹی ٹیوٹ سے یا صرف ڈراموں میں ہی کام کیا ہے؟
ج: نہیں، میں نے صرف تھیٹر کیا ہے۔ میں نے کہیں سے باقاعدہ اداکاری کی تربیت نہیں لی ہے۔ میں نے صرف تھیٹر جوائن کیا تھا اور وہاں مختلف ڈراموں میں کام کرتا تھا۔ یہیں سے میں نے اداکاری کے فن میں مہارت حاصل کی ہے اوراسی تجربے کی بنیاد پر مجھے ممبئی میں کام ملا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’تفریح کیلئے شائقین اب الگ الگ پلیٹ فارم کا سہارا لے رہے ہیں‘‘

کیا تھیٹر کیلئے آپ نے کسی خاص جگہ یا شہر کا انتخاب کیا تھا؟
ج: تھیٹر کے حوالے سے میں نے انبالہ میں بھی کام کیا ہے۔ اس وقت میرا مقصد یہی تھا کہ جہاں بھی موقع ملے، وہاں کام کیا جائے۔ انبالہ میں تھیٹر کے ذریعہ مجھے اداکاری کی باریکی سیکھنے کا موقع ملا اور وہاں ایک سے ایک منجھے ہوئے فنکاروں کے درمیان کام کرنے کا موقع ملا۔ میں خوش ہوں کہ میں نے اپنے کریئر کی شروعات تھیٹرس سے کی تھی۔ 
اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو جہاں بھی موقع ملتا تھا، آپ وہاں کام کرلیتے تھے؟
ج: جی ہاں، دراصل اس وقت میرے لیے سب سے اہم بات یہ تھی کہ کوئی کام ملے اور میں اسے کر سکوں۔ بعد میں مجھے احساس ہوا کہ میں اداکاری میں کچھ سیکھ لیا ہوں، خاص طور پر جذباتی مناظر میں میری کارکردگی اچھی ہے۔ پھر میں نے سوچا کہ ٹیلی ویژن سے شروعات کرتے ہیں کیونکہ ٹی وی کے اداکاروں کو لوگ جلد پہچاننے لگتے ہیں۔ میری توجہ پہلے ٹی وی پر زیادہ تھی تاکہ مجھے شہرت ملے، لوگ مجھے پہچاننے لگیں اور ان کے درمیان میری ایک اچھی شناخت بنے۔ 
کیا آپ کی فہرست میں فلموں میں کام کرنا بھی شامل ہے؟ یا آپ ٹی وی میں ہی کام کرنا چاہتے ہیں ؟
ج: فی الحال میں ٹی وی شوزمیں کام کرنا چاہتا ہوں۔ جب تک ٹی وی پر میری شہرت نہ ہوجائے، میری توجہ اسی پر رہے گی۔ اس کے بعد فلموں میں کام کرنا بھی ہر اداکار کی اپنی پسند ہوتی ہے۔ میں فی الحال اپنی پوری توجہ ٹی وی شوز پر ہی مرکوز کرنا چاہتا ہوں۔ 
جب آپ دہلی سے ممبئی آئے تو ممبئی میں آپ کا پہلا تجربہ کیسا تھا؟ کیا حالات کافی مشکل تھے؟
ج:جب میں پہلی بار ممبئی آیا تو مجھے یہاں کے بارے میں کچھ زیادہ نہیں معلوم نہیں تھا۔ ہمیں یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ ممبئی میں آڈیشن کہاں ہوتے ہیں اور کام کیسے ملتا ہے؟ میں نے بہت جدوجہد کی صرف یہ معلوم کرنے کیلئے کہ آڈیشن کہاں ہوتے ہیں۔ میں گوریگاؤں کی فلم سٹی کے کئی چکر لگاتا تھا کہ شاید وہیں آڈیشن ہوتے ہوں۔ پھر آہستہ آہستہ لوگوں سے پوچھ کر معلومات ملی۔ اس کے بعد میں آرام نگر اور پھر ورسو ا میں منتقل ہوگیا۔ اس کے بعد میں وہیں ہونے والے آڈیشنز میں جانے لگا۔ اس دوران میری پروفائل بھی کئی بار رَد ہوئی، لیکن آخرکار مجھے ایک شو ملا جس سے میرا’ورک لنک‘ بننا شروع ہوا۔ اس کے بعد ایک کے بعد ایک کام کے مواقع ملتے گئے۔ ’کہانی پہلے پیار کی‘سے مجھے ایک خاص شناخت ملی۔ اس کے بعد میں نے ایک ویب شو کیا، جس سے ویب سیریز کے ناظرین میں بھی مجھے تھوڑی شناخت ملی۔ بہت سے لوگوں نے میرے کام کی تعریف کی۔ پھر جب مجھے ’سنی سچی‘ میں مرکزی کردار ملا تو میرے فالوورز اور چاہنے والوں کی تعداد بھی کافی بڑھ گئی۔ لوگوں نے میرے کام کو پسند کیا اور میری حوصلہ افزائی ہوئی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’آج ہماری پوری زندگی اسکرین تک محدود ہوکر رہ گئی ہے‘‘

ایسا سننے میں آیا تھا کہ آپ نے’مرزا پور‘ جیسی کامیاب ویب سیریز میں بھی کردار ادا کیا ہے؟ کیا یہ درست ہے؟
ج: نہیں، میں نے ’مرزا پور‘ میں کام نہیں کیا۔ کہیں پر غلط طریقے سے یہ معلومات لکھی گئی تھی۔ پتہ نہیں ’آئی ایم ڈی بی‘ والوں کو یہ غلط اطلاع کس نے دی ہے۔ 
آپ کس طرح کے شوز کرنا پسند کرتے ہیں ؟ ریئلیٹی، ڈیلی سوپ یا کوئی اور صنف؟
ج: مجھے رومانٹک سیریز پسند ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ میں اس طرح کے کردار اچھے طریقے سے ادا کرسکتا ہوں۔ مجھے رومانی ٹی وی سیریز بھی بہت پسند ہے۔ میں شاہ رخ خان کا مداح ہوں، اسلئے رومانٹک کردار اور کہانیاں مجھے خاص طور پر پسند ہیں۔ 
آپ بتا رہے تھے کہ آپ اس وقت بہت مصروف ہیں تو آپ اپنے موجودہ شو کے بارے میں کچھ بتائیں ؟
ج:اس وقت میں ’من سُندر‘ نامی شو میں کام کر رہا ہوں۔ اس شو نے اپنی تیسری نسل کی کہانی میں داخلہ لیا ہے۔ اس میں میں پیلر لیڈ یعنی اہم مرکزی کردار ادا کر رہا ہوں۔ میرے کردار کا نام نکُل مایسوری ہے اور میں مرکزی کردار کے بھائی کا کردار ادا کر رہا ہوں۔ کہانی دو بھائیوں کے گرد گھومتی ہے۔ میرا کردار تھوڑا شرارتی، چلبلا اور گھر کا لاڈلا ہے۔ وہ کسی سے نہیں ڈرتا، البتہ اپنے پاپا اور دادا جی سے تھوڑا ڈرتا ہے۔ باقی سب کو ہنسانا اور کھیلنا اسے پسند ہے۔ وہ تھوڑا لاپروا اور کول بوائے ٹائپ کا کردار ہے۔ 
اداکاری کے ساتھ آپ کوئی دوسری سرگرمی بھی کرتے ہیں یا صرف اداکاری پر ہی پوری توجہ مرکوز ہے؟
ج:فی الحال میری پوری توجہ صرف اداکاری پر ہی مرکوز ہے اور اسی شعبے میں ہی کچھ اور بہتر کرنے کاارادہ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK