Updated: June 16, 2026, 6:04 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکار ارشد وارثی ۲۰۲۶ء کے وسط میں مسلسل تین بڑی ریلیز کے ساتھ شائقین کی توجہ کا مرکز بننے جا رہے ہیں۔ ۲۶؍ جون سے ۱۰؍ جولائی کے درمیان ان کی ایک فلم، ایک ویب سیریز اور ایک اور بڑی کامیڈی فرنچائز سنیما گھروں اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز ہوگی، جس سے اگلے تین ہفتے مکمل طور پر ارشد وارثی کے نام ہونے کی توقع ہے۔
گزشتہ سال ارشد وراثی نے ایک طرف ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ میں غفور کے کردار سے او ٹی ٹی پر کامیابی حاصل کی جبکہ دوسری جانب ’’جولی ایل ایل بی ۳‘‘ میں اکشے کمار کے ساتھ اپنی موجودگی سے باکس آفس پر بھی توجہ سمیٹی۔ اب ۲۰۲۶ء میں ارشد وارثی ایک منفرد ریکارڈ قائم کرنے جا رہے ہیں، کیونکہ ان کی تین بڑی ریلیز صرف تین ہفتوں کے اندر شائقین کے سامنے آئیں گی۔
ویلکم ٹو دی جنگل
ارشد وارثی کی پہلی ریلیز ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ ہوگی جو ۲۶؍ جون ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی ہدایت کاری احمد خان نے کی ہے جبکہ کاسٹ میں اکشے کمار، سنیل شیٹی، آفتاب شیودسانی، تشار کپور، دشا پٹانی، جیکلین فرنانڈیز، روینہ ٹنڈن اور جیکی شروف شامل ہیں۔ ایکشن کامیڈی فلم میں ارشد وارثی ’’رومیو‘‘ کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو ویلکم فرنچائز کے مشہور کردار مجنو بھائی کا بھائی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: یہ بھی پڑھئے: مجھے کہا جاتا تھا اسے کچھ کھلاؤ: مادھوری دکشت نے’ باڈی شیمنگ‘ پر اپنا قصہ سنایا
پریتم اور پیڈرو
’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کے صرف ایک ہفتے بعد ارشد وارثی او ٹی ٹی پر Pritam and Pedro میں نظر آئیں گے۔ یہ سیریز راجکمار ہیرانی نے تخلیق، شریک تحریر اور پروڈیوس کی ہے، جبکہ ہدایت کاری اویناش ارون نے کی ہے۔ سیریز میں وکرانت میسی مرکزی منفی کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ یہ ویر ہیرانی کی اداکاری میں پہلی انٹری بھی ہوگی۔ یہ سیریز ۳؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو جیو ہاٹ اسٹار پر ریلیز ہوگی۔
دھمال ۴
ارشد وارثی کی تیسری بڑی ریلیز ’’دھمال ۴‘‘ ہوگی، جو ۱۰؍ جولائی ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ فلم میں وہ ایک بار پھر اپنے مقبول کردار ’’آدی‘‘ کے روپ میں واپس آئیں گے اور دھمال گینگ کے ساتھ شائقین کو ہنسانے کی کوشش کریں گے۔ فلم کی کاسٹ میں اجے دیوگن، رتیش دیشمکھ، جاوید جعفری اور روی کشن بھی شامل ہیں، جبکہ ہدایت کاری اندر کمار کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ویر پہاڑیہ اور ورون شرما ایکشن تھریلر فلم ’’نام۔ ٹو لِو اِز وار‘‘ میں جلوہ گر
تین ہفتے، تین بڑے پروجیکٹس
۲۶؍ جون سے ۱۰؍ جولائی تک کے مختصر عرصے میں ایک بڑی فلم، ایک او ٹی ٹی سیریز اور ایک اور بڑی فرنچائز فلم کی ریلیز ارشد وارثی کو شائقین کے سامنے مسلسل موجود رکھے گی۔ فلمی حلقوں کا ماننا ہے کہ اگر یہ تینوں پروجیکٹس کامیاب ثابت ہوتے ہیں تو ۲۰۲۶ء ارشد وارثی کے کریئر کے یادگار ترین برسوں میں شمار ہو سکتا ہے۔