Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کو ’’اے‘‘ سرٹیفکیٹ، سنی دیول کے ۲۶؍ سالہ کریئر میں ۷؍ ویں فلم

Updated: July 25, 2026, 9:04 PM IST | Mumbai

عامر خان کی پروڈیوس کردہ اور راج کمار سنتوشی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کو سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (CBFC) نے A (صرف بالغ ناظرین) سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ ۲۶؍ برس میں یہ سنی دیول کی صرف ساتویں فلم ہے جسے بالغ ناظرین کے لیے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ یہ فلم ۱۴؍ اگست جو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

سنی دیول کی آنے والی تاریخی فلم ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ ریلیز سے قبل ہی خبروں میں آ گئی ہے۔ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (CBFC) نے فلم کو بغیر کسی کٹ کے ’’اے‘‘ (Adults Only) سرٹیفکیٹ جاری کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کا دورانیہ تقریباً ۲؍ گھنٹے ۲۵؍  منٹ ہے اور اسے تقسیمِ ہند کے پس منظر میں پیش کی جانے والی پرتشدد اور جذباتی کہانی کے باعث بالغ ناظرین کے لیے موزوں قرار دیا گیا ہے۔ یہ فلم سنی دیول کے فلمی سفر میں ایک منفرد اضافہ بھی ہے۔ ۲۰۰۰ء کے بعد گزشتہ ۲۶؍ برسوں میں سنی دیول کی صرف چھ فلموں کو A سرٹیفکیٹ ملا تھا، جبکہ ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ اس فہرست میں شامل ہونے والی ساتویں فلم بن گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: عامر خان پروڈکشنز کی تاریخی فلم’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کے کرداروں کے پوسٹرز جاری

سنی دیول کی وہ فلمیں جنہیں ۲۰۰۰ء کے بعد اے سرٹیفکیٹ ملا
(۱) چیمپئن (۲۰۰۰ء)
(۲) فرض (۲۰۰۱ء)
(۳) قرض: دی برڈن آف ٹروتھ (۲۰۰۲ء)
(۴) جانی دشمن: ایک انوکھی کہانی (۲۰۰۲ء)
(۵) محلہ اسی (۲۰۱۸ء)
(۶) چپ: ریوینج آف دی آرٹسٹ (۲۰۲۲ء)
(۷) بٹوارہ ۱۹۴۷ء(۲۰۲۶ء)
رپورٹس کے مطابق ’’چیمپئن‘‘ کو اگرچہ بچوں کے لیے موزوں انداز میں پیش کیا گیا تھا، تاہم اسے بھی بالغ ناظرین کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔ ’’فرض‘‘ کو شدید تشدد اور منشیات سے متعلق مناظر، ’’قرض‘‘ کو جنسی تشدد اور پرتشدد مناظر، ’’جانی دشمن‘‘ کو بعض حساس مناظر، ’’محلہ اسی‘‘  کو سخت زبان اور مکالموں جبکہ ’’چپ‘‘ کو پرتشدد مناظر کے باعث اے سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا۔ 
’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کی ہدایت کاری راج کمار سنتوشی نے کی ہے جبکہ اسے عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے۔ فلم میں سنی دیول، پریتی زنٹا، شبانہ اعظمی، علی فضل، کرن دیول اور ابھمنیو سنگھ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کی کہانی تقسیمِ ہند کے دوران ایک خاندان کی زندگی، نقل مکانی، مذہبی کشیدگی اور انسانی رشتوں کے گرد گھومتی ہے۔ یہ فلم اصل میں ’’لاہور ۱۹۴۷ء‘‘ کے نام سے بنائی جا رہی تھی، تاہم بعد میں اس کا نام تبدیل کر کے ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ رکھ دیا گیا۔ رپورٹس کے مطابق نام کی تبدیلی حساس سیاسی اور تاریخی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: ’’ بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘کی تشہیر کے لیےفلم کی ٹیم۱۲؍ شہروں کا دورہ کرے گی

تجارتی ماہرین کے مطابق فلم کے اے سرٹیفکیٹ سے نوجوان ناظرین کی رسائی محدود ہو سکتی ہے، تاہم سنی دیول کی حالیہ بلاک بسٹر کامیابیوں اور تقسیمِ ہند جیسے جذباتی موضوع کے باعث باکس آفس پر فلم کی کارکردگی پر سب کی نظریں مرکوز ہیں۔ یہ فلم ۱۴؍ اگست ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی، جہاں اس کا مقابلہ عمران ہاشمی کی ’’آوارہ پن ۲‘‘ سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK