Updated: August 15, 2026, 6:02 PM IST
| Mumbai
عمران ہاشمی اور دِشا پٹانی کی فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ نے یومِ آزادی کے موقع پر ریلیز کے ساتھ ہی باکس آفس پر مضبوط آغاز کیا اور پہلے دن تقریباً ۲۷؍ کروڑ روپے کی کمائی کی۔ دوسری جانب سنی دیول اور پریتی زنٹا کی فلم ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ تقریباً ۵؍ کروڑ ۷۵؍ لاکھ روپے کے کلیکشن کے ساتھ کافی پیچھے رہی۔ دونوں فلموں کے درمیان یومِ آزادی ویک اینڈ پر باکس آفس مقابلہ جاری ہے۔
’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ اور ’’آوارہ پن ۲‘‘۔ تصویر: آئی این این
عمران ہاشمی اور دِشا پٹانی کی فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ نے باکس آفس پر شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی دن تقریباً ۲۷؍ کروڑ روپے کی کمائی کی۔ یہ عمران ہاشمی کے کیریئر کی اب تک کی سب سے بڑی اوپننگ قرار دی جا رہی ہے۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق فلم نے ہندوستان میں پہلے دن ۲۷؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا، جبکہ این ڈی ٹی وی نے اس کی پہلے دن کی عالمی سطح پر مجموعی کمائی تقریباً ۲۸؍ کروڑ روپے بتائی ہے۔ فلم میں عمران ہاشمی ایک بار پھر شِوَم پنڈت کے کردار میں نظر آئے ہیں۔ ۲۰۰۷ء میں ریلیز ہوئی والی فلم ’’آوارہ پن‘‘ کے بعد سیکوئل کو لے کر ناظرین میں پہلے ہی خاصی دلچسپی تھی، جس کا فائدہ فلم کو افتتاحی دن ملا۔ رپورٹس کے مطابق فلم کو ناظرین اور ناقدین کی جانب سے بھی مجموعی طور پر مثبت ردعمل حاصل ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شوٹنگ سیٹ پر کھانے کی ناقص صورتحال پر FWICE برہم، سخت کارروائی کا مطالبہ
دوسرے دن بھی ’آوارہ پن ۲‘ کی مضبوط پیش رفت
۱۵؍ اگست کو فلم کی دوسرے دن کی کمائی کے اعداد و شمار ابھی مسلسل اپ ڈیٹ ہو رہے ہیں۔ ساکنک کے لائیو اعداد کے مطابق صبح تقریباً ۱۱؍ بجے تک فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ نے دوسرے دن ۶۱ء۱؍ کروڑ روپے کما لیے تھے۔ یہ اعداد دن ختم ہونے سے پہلے تبدیل ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب بالی ووڈ ہنگاما کے لائیو ٹریکر پر ۱۵؍ اگست کو دوسرے دن کی کمائی تقریباً ۲۷ء۱؍ کروڑ روپے دکھائی گئی تھی، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مختلف ٹریکرز کے اعداد و شمار میں وقت اور اپ ڈیٹ کے فرق کی وجہ سے معمولی اختلاف ہوسکتا ہے۔
’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘ کی اوپننگ ۵؍ کروڑ ۷۵؍ لاکھ روپے
سنی دیول، پریتی زنٹا اور دیگر اداکاروں کی فلم ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ نے بھی یومِ آزادی کے موقع پر ریلیز کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، لیکن پہلے دن اس کی کارکردگی فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ کے مقابلے میں خاصی کم رہی۔ تازہ رپورٹس کے مطابق راج کمار سنتوشی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم نے پہلے دن ہندوستان میں ۷۵ء۵؍ کروڑ روپے کمائے، جبکہ ہندوستانی گراس کلیکشن تقریباً ۸۴ء۶؍ کروڑ روپے رہی۔
یہ بھی پڑھئے: رانی مکھرجی کو لا ٹروب یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملی
فلم کی کہانی ۱۹۴۷ء کی تقسیمِ ہند کے پس منظر میں بنائی گئی ہے۔ سنی دیول اور راج کمار سنتوشی کی تقریباً تین دہائیوں بعد واپسی بھی فلم کی بڑی کشش تھی۔ تاہم ابتدائی شوز کے بعد فلم کو ملا جلا ردعمل ملا، جس کا اثر پہلے دن کے کاروبار پر نظر آیا۔
دوسرے دن ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ میں بھی بہتری
۱۵؍ اگست کو فلم ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کے شوز میں کچھ بہتری دیکھی گئی ہے۔ ساکنک کے لائیو اعداد کے مطابق دوسرے دن دوپہر سے قبل فلم تقریباً ۵۹ء۰؍ کروڑ روپے کما چکی تھی۔ چونکہ دن ابھی مکمل نہیں ہوا، اس لیے دوسرے دن کا حتمی کلیکشن اس سے کہیں زیادہ ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رانی مکھرجی کو لا ٹروب یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملی
دونوں فلموں میں بڑا فرق
پہلے دن کی کمائی پر نظر ڈالیں تو فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ نے تقریباً ۲۷؍ کروڑ روپے جبکہ فلم ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ نے ۷۵ء۵؍ کروڑ روپے کمائے۔ یعنی افتتاحی دن عمران ہاشمی کی فلم نے سنی دیول کی فلم سے تقریباً ۷ء۴؍ گنا زیادہ کاروبار کیا۔ دونوں فلموں کی ریلیز ایک ہی دن ہونے کی وجہ سے یومِ آزادی ویک اینڈ میں مقابلہ مزید دلچسپ ہوگیا ہے۔ فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ کو نوجوان ناظرین، عمران ہاشمی کی واپسی اور پہلی فلم کی مقبولیت کا فائدہ مل رہا ہے، جبکہ فلم ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ کو سنی دیول کی اسٹار پاور، حب الوطنی کے جذبات اور تقسیمِ ہند جیسے موضوع سے فائدہ ملنے کی امید ہے۔ فی الحال باکس آفس کی جنگ میں فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ واضح فاتح نظر آ رہی ہے، لیکن ۱۵؍ اگست اور ۱۶؍ اگست کے مکمل اعداد و شمار یہ بتائیں گے کہ فلم ’’بٹوارہ ۱۹۴۷ء‘‘ ویک اینڈ میں کتنا مضبوط کم بیک کرتی ہے۔