Updated: February 22, 2026, 4:10 PM IST
| Doha
دوحہ میں کھیلے گئے اے ٹی پی ۵۰۰؍ ایونٹ کے فائنل میں عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز نے اپنی جارحانہ فارم برقرار رکھتے ہوئے فرانس کے آرتھر فلز کو عبرتناک شکست دے دی۔ ہسپانوی اسٹار نے محض ۵۰؍ منٹ کے دورانیے میں فلز کو۲۔۶ ، ۱۔۶؍سے زیر کر کے ٹرافی اپنے نام کی۔
کارلوس الکاراز۔تصویر:آئی این این
دوحہ میں کھیلے گئے اے ٹی پی ۵۰۰؍ ایونٹ کے فائنل میں عالمی نمبر ون کارلوس الکاراز نے اپنی جارحانہ فارم برقرار رکھتے ہوئے فرانس کے آرتھر فلز کو عبرتناک شکست دے دی۔ ہسپانوی اسٹار نے محض ۵۰؍ منٹ کے دورانیے میں فلز کو۲۔۶ ، ۱۔۶؍سے زیر کر کے ٹرافی اپنے نام کی۔یہ کامیابی الکاراز کے لیے اس لیے بھی خاص ہے کہ محض ۲۰؍ دن قبل انہوں نے آسٹریلین اوپن جیت کر تاریخ کے کم عمر ترین `کیرئیر گرینڈ سلیم مکمل کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ جیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الکاراز کا کہنا تھا کہ ’’ میں اس سال مزید فتوحات کی بھوک لے کر آیا ہوں۔ ہر ٹورنامنٹ کے بعد ہمیں نئے اہداف مقرر کرنے ہوتے ہیں۔ میں اپنی ٹیم اور اپنی کارکردگی پر بے حد فخر محسوس کر رہا ہوں۔‘‘اس جیت کے ساتھ ہی کارلوس الکاراز نے اپنی مسلسل فتوحات کی تعداد ۱۲؍ تک پہنچا دی ہے۔
ہارڈ کورٹ پر ان کی فتوحات کا سلسلہ اب ۳۰؍ میچز تک طویل ہو چکا ہے۔یہ ان کے کریئر کا مجموعی طور پر۲۶؍واں ٹور لیول ٹائٹل ہے۔دوسری جانب، انجری کے بعد شاندار واپسی کرنے والے فرانسیسی کھلاڑی آرتھر فلز اگرچہ فائنل نہ جیت سکے، لیکن اس ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی کی بدولت وہ رینکنگ میں ۷؍ درجے بہتری کے ساتھ ۳۳؍ ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ فلز نے اپنی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ ماہ انجری کے باعث بہت مشکل تھے، لیکن وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:’’ٹاکسک ‘‘ اور ’’دُھرندھر‘‘ دونوں فلمیں ایک دوسرے کو نقصان پہنچائیں گی
جیسیکا پیگولا کی دبئی ٹینس میں تاریخی فتح،خطاب اپنے نام کر لیا
امریکی ٹینس اسٹار جیسیکا پیگولا نے دبئی ڈیوٹی فری ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں یوکرین کی ایلینا سویتولینا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر ۱۰۰۰؍ ڈبلیو ٹی اے خطاب اپنے نام کر لیا۔ پیگولا نے پورے میچ کے دوران اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔جیسیکا پیگولا نے فائنل میں اپنی حریف کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
یہ بھی پڑھئے:رونالڈو کے ۲؍گول، سعودی پرولیگ میں النصر سرفہرست
پیگولا نے یہ مقابلہ ۲۔۶، ۴۔۶؍ کے اسکور سے جیتا ۔یہ جیت جیسیکا پیگولا کے لیے کئی لحاظ سے یادگار ثابت ہوئی۔ منگل کو۳۲؍ سال کی ہونے والی پیگولا، وینس ولیمز (۲۰۱۴ء) کے بعد یہ ٹورنامنٹ جیتنے والی دوسری معمر ترین خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ پیگولا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ میری سالگرہ کا بہترین تحفہ ہے، میں ٹرافی کے ساتھ گھر واپس جا کر اسے سیلیبریٹ کروں گی۔ انہوں نے ایلینا سویتولینا کو شکست دی جو اس سے قبل اپنے تمام چار ۱۰۰۰؍ ڈبلیو ٹی اے فائنلز جیت چکی تھیں۔اس بار پیگولا کے خلاف لے میں نہ آ سکیں اور انہیں فائنل میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ کے بعد پیگولا نے کہا کہ وہ اس کامیابی پر بے حد جذباتی ہیں اور انہوں نے ہر پوائنٹ ایسے کھیلا جیسے کل کا کوئی یقین نہ ہو۔