• Sat, 12 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیلینا جیٹلی نے مرحوم بیٹے شمشیر کو سالگرہ پر یاد کیا، قبر پر پھوٹ پھوٹ کر روئیں

Updated: September 12, 2026, 9:04 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے مرحوم بیٹے شمشیر کی سالگرہ پر ایک دل چھو لینے والی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں وہ بیٹے کی قبر پر پھول رکھتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔ اپنے طویل اور درد بھری تحریر میں اداکارہ نے بیٹے کی یاد، ماں کی محبت، جدائی کے کرب اور اپنے بچوں سے دوری کے حوالے سے دل کی کیفیت بیان کی، جس نے مداحوں کو بھی آبدیدہ کر دیا۔

Celina Jaitly. Photo: Social Media.
سیلینا جیٹلی۔ تصویر: سوشل میڈیا

بالی ووڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنے مرحوم بیٹے شمشیر کی سالگرہ کے موقع پر ایک ایسی ویڈیو شیئر کی ہے، جس نے ان کے مداحوں کو جذباتی کر دیا۔ ویڈیو میں اداکارہ اپنے بیٹے کی قبر کے پاس زمین پر بیٹھی نظر آ رہی ہیں۔ وہ قبر پر پھول رکھتی ہیں اور اپنے آنسوؤں کو روک نہیں پاتیں۔ بیٹے کو کھونے کا درد ان کے چہرے اور آنکھوں میں صاف دکھائی دیتا ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ سیلینا نے ایک طویل اور انتہائی جذباتی نوٹ بھی لکھا، جس میں انہوں نے اپنے بیٹے کو یاد کرتے ہوئے ایک ماں کے درد، محبت اور اس خلا کے بارے میں بتایا ہے، جسے وہ آج بھی محسوس کرتی ہیں۔ اداکارہ ان دنوں ایک مشکل دور سے گزر رہی ہیں اور اکثر سوشل میڈیا پر اپنی زندگی کے حالات بیان کرتی رہتی ہیں۔ سیلینا نے اپنی پوسٹ کا آغاز ہیش ٹیگ #HappyBirthdayInHeaven کے ساتھ کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ان کی خواہش ہے کہ جب زندگی اپنے فطری اختتام کو پہنچے تو ہندوستان میں ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں اور ان کی راکھ آسٹریا میں ان کے بیٹے شمشیر کے ساتھ رکھی جائے۔ اداکارہ کے مطابق ایک ماں کی اس سے بڑی خواہش اور کیا ہو سکتی ہے کہ وہ اس بچے کے قریب رہے، جسے وہ زیادہ عرصے تک اپنی بانہوں میں نہیں رکھ سکیں۔ سیلینا نے بتایا کہ اپریل میں جب وہ آسٹریا گئی تھیں تو انہوں نے یہ ویڈیو ریکارڈ کی تھی۔ اس وقت انہیں معلوم نہیں تھا کہ وہ اگلی بار اپنے بیٹے کی قبر پر کب جا سکیں گی۔ اسی لیے انہوں نے اس لمحے کو کیمرے میں محفوظ کر لیا، تاکہ جب وہ شمشیر سے دور ہوں تو اس یاد کو اپنے پاس رکھ سکیں۔

 
 
 
 
 
View this post on Instagram
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Celina Jaitly (@celinajaitlyofficial)

اپنے بیٹے سے مخاطب ہوتے ہوئے سیلینا نے لکھا کہ وہ اپنے بچوں کے لیے آگے بڑھتی رہیں گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اپریل میں آسٹریا کے سفر کے دوران وہ اپنے دوسرے بیٹوں سے نہیں مل سکیں۔ اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ یہ صورتِ حال انہیں اندر سے توڑ دیتی ہے، لیکن وہ مضبوط رہنے اور اپنے بچوں کے لیے زندگی جینے کی کوشش کرتی رہیں گی۔ سیلینا نے اپنے بچوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے چاروں بچوں کو ہمیشہ اپنے دل میں لے کر چلتی ہیں۔ انہوں نے اپنے بیٹے شمشیر کے جڑواں بھائی ارتھو کی آنکھوں میں بھی اپنے بھائی کے لیے تڑپ دیکھی ہے۔ اداکارہ کا ماننا ہے کہ شمشیر کہیں نہ کہیں اپنے بھائی پر نظر رکھتا ہے اور شاید اپنی ماں پر بھی۔

اپنی جذباتی پوسٹ میں سیلینا نے خاندان سے متعلق جاری قانونی معاملات اور غیر یقینی صورتِ حال کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ وہ دوبارہ کب آسٹریا جا کر اپنے بیٹے کی قبر کے پاس بیٹھ سکیں گی۔ ان کے مطابق، بیٹے کے پاس واپس جا کر بیٹھنے جیسی ایک چھوٹی سی خواہش بھی اس وقت ان کے لیے انتہائی مشکل محسوس ہو رہی ہے۔ اداکارہ نے یہ بھی لکھا کہ انہوں نے اپنے خاندان کے ساتھ زندگی بنانے کے لیے اپنا ملک، والدین، کام اور اپنی جانی پہچانی زندگی پیچھے چھوڑ دی تھی۔ اب انہیں کبھی کبھی ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے انہیں دستاویزات اور الفاظ کے ذریعے یہ ثابت کرنا پڑ رہا ہے کہ ماں بننے کے بعد سے اپنے بچوں کے لیے جو محبت ان کے دل میں رہی ہے، وہ ان کی زندگی کا لازمی حصہ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آدتیہ پنچولی ہیرو کے بجائےمنفی اور معاون کرداروں میں مشہور ہوئے

سیلینا کی پوسٹ کی سب سے جذباتی باتوں میں سے ایک وہ سوال ہے، جس میں انہوں نے پوچھا کہ ایک ماں عدالت کے سامنے اپنی پوری زندگی کی محبت کو آخر کیسے الفاظ میں بیان کر سکتی ہے۔ انہوں نے اپنے بیٹے سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ سب ریکارڈنگ کے ذریعے کہنا پڑ رہا ہے، جبکہ وہ چاہتی ہیں کہ وہ اپنے دوسرے بیٹوں سے براہِ راست بات کر سکیں اور انہیں خود بتا سکیں کہ ان کی ماں ہمیشہ ان کے ساتھ ہے۔ اداکارہ نے اپنے بچوں کے لیے لکھا کہ انہیں ان کی محبت حاصل کرنے کے لیے کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کی محبت ہمیشہ ان کے لیے رہے گی اور وہ ان سے کبھی دور نہیں ہوگی۔

سیلینا نے شمشیر اور ارتھو دونوں کو سالگرہ کی مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ان دونوں بچوں کی ماں رہیں گی، جنہیں انہوں نے اسی دن دنیا میں لایا تھا۔ پوسٹ کے اختتام پر انہوں نے اپنے بیٹے سے دوبارہ ملنے کی امید ظاہر کی اور لکھا کہ تب تک وہ آگے بڑھنے کی طاقت جمع کرتی رہیں گی۔ سیلینا کی یہ ویڈیو صرف ایک ماں کی جانب سے اپنے مرحوم بچے کو یاد کرنے کی کہانی نہیں، بلکہ اس درد کی جھلک بھی پیش کرتی ہے جو کسی بچے کو کھونے کے بعد پوری زندگی ساتھ رہتا ہے۔ قبر کے پاس بیٹھی اداکارہ کی آنکھوں سے بہتے آنسو اور اپنے بیٹے کے لیے لکھے گئے ان کے الفاظ سوشل میڈیا صارفین کو بھی جذباتی کر رہے ہیں۔ ان کی پوسٹ میں ایک ماں کی اپنے بچے کے لیے ایسی محبت نظر آتی ہے، جو فاصلے اور وقت کے باوجود کم نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھئے: ہر لڑکی کو اپنے خواب کو ایک موقع ضرور دینا چاہیے: رشمیکا مندانا

واضح رہے کہ اداکارہ کا اپنے شوہر کے ساتھ طلاق کا مقدمہ چل رہا ہے۔ ایسے میں وہ اپنے بچوں سے نہیں مل پاتیں، جو اپنے والد کے ساتھ رہتے ہیں، اور اداکارہ کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ ان کا بھائی بیرونِ ملک جیل میں ہے، جس کے لیے وہ وقتاً فوقتاً حکومت سے مدد کی اپیل کرتی رہتی ہیں۔ اداکارہ کا بھائی سابق فوجی افسر ہے۔ سیلینا کئی برس بعد بالی ووڈ فلموں میں کم بیک کرنے کے لیے تیار ہیں۔ شادی کے بعد سیلینا آسٹریلیا میں آباد ہو گئی تھیں، تاہم اب وہ بھارت واپس آ کر ایک مرتبہ پھر فلمی دنیا میں قدم رکھ چکی ہیں۔ اداکارہ جلد ہی فلم ’’سسٹر نبیدیتا‘‘ میں نظر آئیں گی۔ فلم کے پوسٹر کے ساتھ اس کا اعلان بھی میکرز کی جانب سے کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK