Updated: July 22, 2026, 9:58 PM IST
| Los Angeles
ہالی ووڈ کے معروف ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی تاریخی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ (The Odyssey) باکس آفس پر مسلسل نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ ریلیز کے صرف پانچ دنوں میں فلم کی عالمی کمائی ۳۰؍ کروڑ ڈالر ( ۳۰۰؍ ملین ڈالر) کے قریب پہنچ گئی ہے، جبکہ ہندوستان میں بھی فلم ۹۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کر چکی ہے۔
آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی نئی فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ باکس آفس پر شاندار کامیابی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ فلم نے ریلیز کے پانچویں روز بھی اپنی مضبوط گرفت برقرار رکھی اور عالمی سطح پر اس کی مجموعی کمائی ۳۰؍ کروڑ ڈالر (۳۰۰؍ ملین ڈالر) کے قریب پہنچ گئی ہے، جس سے واضح ہو گیا ہے کہ نولن کا یہ تاریخی شاہکار شائقین کی توقعات پر پورا اتر رہا ہے۔ فنانشل ایکسپریس کے مطابق فلم نے شمالی امریکہ، یورپ، ایشیا اور دیگر بین الاقوامی مارکیٹس میں یکساں طور پر مضبوط کارکردگی دکھائی ہے۔ ریلیز کے پہلے ہفتے میں ہی اسے آئی میکس (IMAX) اسکرینوں پر غیر معمولی پذیرائی ملی، جہاں متعدد شوز مسلسل ہاؤس فل جا رہے ہیں۔ نولن کی فلموں کے مداحوں کے ساتھ ساتھ عام ناظرین بھی بڑی تعداد میں سنیما گھروں کا رخ کر رہے ہیں، جس کے باعث فلم کی کمائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دی اوڈیسی: عالمی شہرت یافتہ فلم بالآخر سنیما گھروں کی زینت بن گئی
ہندوستانی باکس آفس پر بھی ’’دی اوڈیسی‘‘ نے زبردست آغاز کے بعد اپنی رفتار برقرار رکھی ہے۔ پانچ دنوں میں فلم کی مجموعی کمائی ۹۰؍ کروڑ روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ انگریزی ورژن سب سے زیادہ کمائی کرنے والا ثابت ہو رہا ہے۔ ہندی، تمل اور تیلگو ڈب شدہ ورژن بھی اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں، تاہم اصل زبان میں فلم دیکھنے والوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ فلم میں میٹ ڈیمن نے یونانی ہیرو اوڈیسیئس کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، جبکہ ان کے ساتھ ٹام ہالینڈ، اینی ہیتھوے، زینڈایا، لوپیٹا نیونگو، شارلیز تھیرون اور دیگر معروف اداکار اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔ ہومر کی شہرۂ آفاق رزمیہ داستان پر مبنی اس فلم کو مکمل طور پر جدید ۷۰؍ ملی میٹر آئی میکس کیمروں سے فلمایا گیا ہے، جس کی بصری شان و شوکت اور تکنیکی معیار کو ناقدین اور شائقین دونوں نے سراہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: طلبہ پر پولیس کارروائی: انوراگ کشیپ برہم، ویر داس کی خاموش فنکاروں پر تنقید
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ آئندہ ہفتے تک ’’دی اوڈیسی‘‘ آسانی سے ۳۰۰؍ ملین ڈالر کا ہندسہ عبور کر سکتی ہے۔ فلم کو فی الحال باکس آفس پر بڑی مسابقت کا سامنا نہیں، اگرچہ آئندہ دنوں میں نئی ریلیز ہونے والی فلمیں اس کی رفتار کو متاثر کر سکتی ہیں۔ اس کے باوجود موجودہ رجحانات یہی اشارہ دیتے ہیں کہ کرسٹوفر نولن کی یہ فلم ۲۰۲۶ء کی سب سے بڑی عالمی کامیابیوں میں شامل ہونے کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔