۱۹؍ سالہ آران مرفی نئی ایچ بی او سیریز ’Youth‘ میں اداکاری کر رہے ہیں؛ لندن میں پریمیر کے دوران ان کی شکل، آواز اور انداز نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو والد کیلین مرفی کی یاد دلا دی۔
EPAPER
Updated: September 15, 2026, 5:03 PM IST | London
۱۹؍ سالہ آران مرفی نئی ایچ بی او سیریز ’Youth‘ میں اداکاری کر رہے ہیں؛ لندن میں پریمیر کے دوران ان کی شکل، آواز اور انداز نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو والد کیلین مرفی کی یاد دلا دی۔
آسکر ایوارڈ یافتہ آئرش اداکار کیلین مرفی کے ۱۹؍ سالہ بیٹے آران مرفی اپنے پہلے سولو ریڈ کارپٹ شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر چھا گئے ہیں۔ آران نے ۱۱؍ ستمبر کو لندن میں HBO کی نئی کامیڈی سیریز ’Youth‘ کی خصوصی نمائش میں شرکت کی، جہاں ان کی شکل و صورت کے ساتھ ساتھ آواز اور اندازِ گفتگو میں والد سے مشابہت نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔ آران نے ریڈ کارپٹ پر صحافیوں اور میزبانوں سے گفتگو بھی کی، جس کا ایک ویڈیو خاص طور پر وائرل ہوگیا۔ خبروں کے مطابق میزبان جوڈی میک کالم کے ساتھ ان کا ریڈ کارپٹ انٹرویو ٹک ٹاک پر ۴؍ ملین سے زیادہ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے آران کے چہرے کے نقوش، آواز، تاثرات اور جسمانی انداز کو کیلین مرفی سے غیر معمولی طور پر مشابہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: ٹیٹ برادرز کی شاہانہ زندگی محض دکھاوا، لگژری گاڑیاں اور گھڑیاں کرائے کی نکلی
آران ’Youth‘ میں اداکارہ شارون ہورگن کے کردار کے نوعمر بیٹے Ruairí کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ سیریز میں ۵۰؍ سالہ طلاق یافتہ خاتون کی زندگی، خاندان، محبت اور عمر کے ایک نئے مرحلے سے متعلق مسائل کو موضوع بنایا گیا ہے۔ آران نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کردار کی عمر اور اس میں دکھائی جانے والی بے یقینی سے انہیں ذاتی سطح پر بھی نسبت محسوس ہوئی، کیونکہ وہ خود بھی بالغ زندگی میں قدم رکھنے کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔
A video featuring the son of Cillian Murphy is going viral on social media.
— Kordon (@Kordoneuropa) September 12, 2026
People are thrilled, and even though they`re seeing the young man for the first time, they immediately recognized who his father is. pic.twitter.com/mh0AyUlRRi
سیریز کی اداکارہ اور شریک تخلیق کار شارون ہورگن نے آران کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی صلاحیت کا حامل قرار دیا۔ ان کے مطابق آران نے ۱۸؍ سالہ نوجوان کی زندگی اور ذہنی کیفیت کو حقیقت کے قریب رہتے ہوئے پیش کیا۔ ہورگن نے اس کردار کے لیے آران سے مشورہ بھی کیا تاکہ نوجوان مردوں کے موجودہ تجربات کو زیادہ مستند انداز میں دکھایا جاسکے۔ آران کے کردار میں نوجوانوں کو درپیش ذہنی الجھن، تنہائی اور آن لائن manosphere جیسے رجحانات کا پہلو بھی شامل ہے۔ ہورگن نے بتایا کہ کہانی کا مقصد یہ دکھانا ہے کہ موجودہ دور میں نوجوان مرد کے لیے بڑا ہونا کس قدر پیچیدہ ہوسکتا ہے۔ آران نے کہا کہ ان کے کردار کے لیے یہ آن لائن دنیا ایک ایسی جگہ بنتی ہے جہاں وہ اپنے سوالات کے جواب اور سہارا تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن بعض اوقات یہی راستہ اسے غلط سمت میں لے جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بگ باس ۲۰: سلمان خان نے امیدواروں کو آئینہ دکھایا، کاسٹنگ پر بھی بات کی
اداکاری آران کے لیے نئی چیز نہیں۔ انہوں نے ۲۰۲۲ء کی فلم ’Lola‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔ اب ’Youth‘ کے علاوہ ان کے پاس مزید ۲؍ بڑے منصوبے بھی ہیں۔ وہ HBO کی ’War‘ میں سیئینا ملر اور ڈومینک ویسٹ کے ساتھ نظر آئیں گے، جبکہ ہدایت کار تائیکا وائیٹیٹی کی فلم ’Klara and the Sun‘ میں جینا اورٹیگا اور ایمی ایڈمز کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ’Klara and the Sun‘ میں آران کا پہلا بڑا فلمی کردار ہے۔ ’War‘ میں آران کا کردار نسبتاً مختصر ہے اور یہ سیریز ۲؍ اکتوبر سے HBO پر شروع ہونے والی ہے، جبکہ ’Klara and the Sun‘ اکتوبر کے آخر میں سنیما گھروں میں آنے والی ہے۔ ’Youth‘ کی HBO Max پر نشریات ۲۱؍ ستمبر سے شروع ہوں گی۔ یوں آران کے لیے رواں سال ایک ساتھ ۳؍ بڑے اداکاری کے منصوبوں کے ساتھ خاص اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ آران اور ان کے بڑے بھائی Malachy کیلین مرفی اور فنکار Yvonne McGuinness کے بیٹے ہیں۔ خاندان نے طویل عرصے تک اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھا ہے۔ آران نے بچپن کا ابتدائی حصہ لندن میں گزارنے کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ ڈبلن منتقل ہونے کا تجربہ بھی بیان کیا ہے۔ ۲۰۲۴ء کے آسکرز میں وہ پہلی مرتبہ اپنے والدین اور بھائی کے ساتھ ریڈ کارپٹ پر نظر آئے تھے۔