فلمی کارکنوں کی تنظیم نے پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ہندوستان میں ریلیز روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نیٹ فلکس کی تمام شوٹنگز بند کرانے کی دھمکی دے دی، مرکزی حکومت نے بھی پلیٹ فارم کو ۲۰۲۵ء کی ہدایت یاد دلائی۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 5:03 PM IST | New Delhi
فلمی کارکنوں کی تنظیم نے پاکستانی سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ہندوستان میں ریلیز روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے نیٹ فلکس کی تمام شوٹنگز بند کرانے کی دھمکی دے دی، مرکزی حکومت نے بھی پلیٹ فارم کو ۲۰۲۵ء کی ہدایت یاد دلائی۔
پاکستانی اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کی نئی ویب سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی ہندوستان میں ممکنہ ریلیز پر تنازع شدت اختیار کرگیا ہے۔ فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سنے ایمپلائز (FWICE) نے نیٹ فلکس کو الٹی میٹم دیتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر پلیٹ فارم نے سیریز کی ہندوستان میں نمائش روکنے کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا تو تنظیم اپنے ارکان کو نیٹ فلکس کے تمام جاری اور آئندہ پروجیکٹس سے واپس بلالے گی اور ملک بھر میں ان کی شوٹنگز رکوانے کی کوشش کرے گی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اطلاعات کے مطابق مرکزی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے بھی نیٹ فلکس سے کہا ہے کہ وہ پاکستان سے شروع ہونے والا مواد ہندوستان میں نشر نہ کرنے کے اپنے سابقہ مؤقف پر قائم رہے۔ FWICE کے صدر بی این تیواری نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال حکومت نے ہندوستان میں کام کرنے والے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کو پاکستانی مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت دی تھی اور نیٹ فلکس نے بھی یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ایسا مواد پیش نہیں کرے گا جو ہندوستان کی پالیسیوں یا قومی مفادات کے خلاف ہو۔ ان کے مطابق اس کے باوجود پلیٹ فارم نے پاکستانی سیریز کا پرومو جاری کردیا ہے اور جلد اس کی ریلیز بھی متوقع ہے۔ تیواری نے کہا، ’’مجھے معلوم ہے کہ ان کا کنٹرول امریکہ سے ہے اور نشریات بھی وہیں سے ہوتی ہیں، ورنہ اگر یہ ہندوستان کے کسی حصے سے ہوتا تو ہم اب تک اسے رکوا چکے ہوتے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: فلم’شعلے‘ کے ایک منٹ کے منظر کے لیے رمیش سپی نے تین سال انتظار کیا!
انہوں نے مزید خبردار کیا، ’’نیٹ فلکس اب تک ہماری اچھی کتابوں میں رہا ہے۔ اگر انہوں نے اسے نہیں روکا تو جہاں کہیں بھی ان کی شوٹنگ ہورہی ہوگی، میں وہاں سے اپنے لوگوں کو واپس بلالوں گا اور ہر مقام پر ان کی شوٹنگ بند ہوجائے گی۔‘‘ تیواری کا دعویٰ ہے کہ FWICE فلمی صنعت کے تقریباً ۹۵؍ فیصد کارکنوں، ٹیکنیشنز اور فنکاروں کی نمائندگی کرتی ہے۔ تنظیم کے تحت مختلف یونینوں اور پیشہ ورانہ انجمنوں سے وابستہ تقریباً ۵؍ لاکھ افراد کام کرتے ہیں۔ یہ تنازع صرف فلمی تنظیم کے مطالبے تک محدود نہیں رہا بلکہ مرکزی حکومت بھی اس معاملے میں نیٹ فلکس کو اپنی سابقہ ہدایت یاد دلا چکی ہے۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات کو سیریز کی ہندوستان میں ممکنہ ریلیز کے حوالے سے متعدد شکایات اور درخواستیں موصول ہوئی تھیں۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزارت نے پلیٹ فارم سے کہا ہے کہ وہ ۸؍ مئی ۲۰۲۵ء کو جاری کردہ ایڈوائزری پر عمل کرے اور پاکستان سے شروع ہونے والا مواد ہندوستان میں دستیاب نہ کرائے۔ یہ ایڈوائزری آپریشن سندور کے دوران جاری کی گئی تھی۔ اس میں قومی سلامتی کے مفاد میں ہندوستان میں کام کرنے والے او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، میڈیا اسٹریمنگ سروسز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ پاکستان سے تعلق رکھنے والی ویب سیریز، فلمیں، گانے، پوڈکاسٹ اور دیگر اسٹریمنگ مواد فوری طور پر نشر کرنا بند کردیں۔ وزارت نے نیٹ فلکس کو یہ بھی یاد دلایا ہے کہ اس نے جون ۲۰۲۵ء میں حکومت کو بتایا تھا کہ ہندوستان میں اس کے صارفین کے لیے پاکستان میں بنائی گئی کوئی فلم یا سیریز دستیاب نہیں کرائی گئی۔ اب حکومت چاہتی ہے کہ پلیٹ فارم اسی یقین دہانی پر قائم رہے۔
یہ بھی پڑھئے: سچترا کرشنا مورتی ایک ہمہ جہت فنکارہ رہی ہیں
اس سے قبل آل انڈیا سنے ورکرز اسوسی ایشن (AICWA) اور FWICE دونوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خطوط لکھ کر سیریز کی ہندوستان میں نمائش روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔ FWICE نے 25 نومبر کے اپنے بیان میں کہا تھا کہ تجارتی مفادات کو قومی جذبات پر ترجیح نہیں دی جاسکتی۔ تنظیم نے حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ سیریز کی مجوزہ ریلیز کا جائزہ لے اور موجودہ قوانین اور حکومتی پالیسی کے مطابق مناسب اقدامات کرے۔ اس نے اپنی وابستہ انجمنوں اور فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والے افراد کو پاکستانی فنکاروں اور پیشہ ور افراد کے ساتھ کام کرنے یا تعاون کرنے سے گریز کی ہدایت بھی دہرائی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے ہندوستانی فلمی تنظیموں کے مطالبات پر تنقید کرتے ہوئے فن، ثقافت اور کھیل کو سیاسی تنازعات سے الگ رکھنے کی بات کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے لکھا، ’’پہلے کھیل کو ہتھیار بنایا گیا، پھر پانی کو اور اب فن اور ثقافت کو۔ آل انڈیا سنے ورکرز اسوسی ایشن نئی دہلی سے پاکستانی مواد پر مستقل پابندی لگانے کا مطالبہ کررہی ہے۔ کرکٹ میچ کو سیاسی خطرہ اور ٹیلی ویژن ڈرامے کو قومی سلامتی کا مسئلہ سمجھنے کے لیے کتنی عدم تحفظ کی کیفیت درکار ہے؟ ہندوستان، بڑا ہوجاؤ۔ کھلاڑیوں کو کھیلنے دو، پانی کو بہنے دو، فنکاروں کو تخلیق کرنے دو اور ناظرین کو فیصلہ کرنے دو کہ وہ کیا دیکھنا چاہتے ہیں۔‘‘ انہوں نے ایک الگ بیان میں اس سیریز کو پاکستان کی ڈراما صنعت اور ثقافتی برآمدات کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔
یہ بھی پڑھئے: سورج بڑجاتیا کا اعتراف’’میں نے رتیک روشن اور کرینہ کپور کو مایوس کیا‘‘
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ پاکستانی ناول نگار فرحت اشتیاق کے ۲۰۱۳ء میں شائع ہونے والے اسی نام کے مقبول اردو ناول پر مبنی رومانوی ڈراما ہے۔ مومنہ درید نے اسے تخلیق کرنے کے ساتھ ہدایت کاری اور پروڈکشن کی ذمہ داری بھی سنبھالی ہے۔ کہانی میں ۳؍ نسلوں سے جڑی ۶؍ محبت کی داستانیں بیان کی گئی ہیں۔ فواد خان، ماہرہ خان، صنم سعید، احد رضا میر، اقرا عزیز، ہانیہ عامر اور حمزہ علی عباسی اس کی نمایاں کاسٹ میں شامل ہیں۔ سیریز کا ٹریلر کراچی کے تاریخی موہٹہ پیلس میں جاری کیا گیا، جہاں اس کے فنکار بھی موجود تھے۔ نیٹ فلکس کے لیے یہ پاکستان کی پہلی اوریجنل اردو زبان کی سیریز ہے، جس کی عالمی ریلیز ۴؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو مقرر ہے۔ تاہم، فی الحال یہ واضح نہیں کہ ۴؍ دسمبر کو سیریز ہندوستان میں بھی دستیاب ہوگی یا اس کی ریلیز پاکستان اور دیگر بین الاقوامی مارکیٹوں تک محدود رہے گی۔ نیٹ فلکس کی جانب سے اس تنازع اور حکومت کی تازہ ہدایت پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اس طرح سیریز کی ہندوستانی ریلیز کا معاملہ اب فلمی کارکنوں کی تنظیموں کے دباؤ، حکومت کی ۲۰۲۵ء کی ایڈوائزری اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم کی سابقہ یقین دہانی کے درمیان الجھ گیا ہے۔