• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلم’شعلے‘ کے ایک منٹ کے منظر کے لیے رمیش سپی نے تین سال انتظار کیا!

Updated: November 27, 2026, 12:59 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

فلمی دنیا میں بعض مناظر ایسے ہوتےہیں جو اپنے مکالموں یا ایکشن کے بجائے خاموشی اور خوب صورت منظر نگاری کے باعث ہمیشہ کے لیے یادگار بن جاتے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

فلمی دنیا میں بعض مناظر ایسے ہوتےہیں جو اپنے مکالموں یا ایکشن کے بجائے خاموشی اور خوب صورت منظر نگاری کے باعث ہمیشہ کے لیے یادگار بن جاتے ہیں۔ امیتابھ بچن اور جیا بچن پر فلمایا گیا فلم ’شعلے‘ کا ایک منظر بھی ایسا ہی ہے، جسے پردے پر چند لمحوں کے لیے دکھایا گیا، لیکن اسے فلمانے کے لیے ہدایت کار رمیش سپی کو تقریباً ۳؍سال تک انتظار کرنا پڑا۔یہ وہ منظر ہے جس میں جیا بچن شام کے وقت گھر کے برآمدے میں لالٹین جلاتی نظر آتی ہیں، جبکہ کچھ فاصلے پر بیٹھے امیتابھ بچن ماؤتھ آرگن پر ایک دلکش دھن بجاتےہیں۔ اس منظر میں نہ کوئی مکالمہ ہے اور نہ ہی کسی طرح کا ایکشن، لیکن اس کی خاموشی اور پس منظر میں بجتی دھن اسے فلم کےیادگار مناظر میں شامل کر دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سچترا کرشنا مورتی ایک ہمہ جہت فنکارہ رہی ہیں

دراصل اس منظر کو فلمانے کے لیے غروبِ آفتاب کی قدرتی روشنی درکار تھی۔ رمیش سپی چاہتے تھے کہ سورج ڈوبنےکے وقت آسمان اور ماحول میں پھیلنے والی روشنی بالکل اسی انداز میں کیمرے میں قید ہو، جیسا وہ تصور کر رہے تھے۔ لیکن قدرتی روشنی کا یہ حسین امتزاج ہر روز میسر نہیں آتا تھا۔ کبھی روشنی مطلوبہ معیار پر پوری نہیں اترتی تو کبھی منظر میں وہ خاص تاثر پیدا نہیں ہو پاتا جس کی ہدایت کار کو تلاش تھی۔چنانچہ رمیش سپی نے اس معاملے میں کسی سمجھوتے سے انکار کر دیا۔ منظر کو بار بار فلمانےکی کوشش کی گئی، لیکن جب تک مطلوبہ روشنی اور ماحول میسر نہیں آیا، اسے حتمی شکل نہیں دی گئی۔ امیتابھ بچن کے مطابق، اس ایک منظر کے لیے تقریباً۳؍سال تک انتظار کرنا پڑا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم بینوں کے لیے یہ محض ایک مختصر سا منظر ہے، لیکن اس کے پیچھے ہدایت کار کا غیر معمولی صبر، باریک بینی اور بہترین منظر تخلیق کرنے کا جنون چھپا ہوا تھا۔ یہی وہ خوبی تھی جس نے ’شعلے‘ کے کئی مناظر کو وقت گزرنے کے باوجود آج بھی زندہ رکھا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK