یوٹیوبر اور کامیڈین سمے رائنا نے ڈجیٹل دنیا میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ تنازعات اور تنقیدوں کے باوجود ان کی مقبولیت میں اضافہ جاری ہے اور وہ یوٹیوب پر ایک ملین چینل ممبرز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کریئٹر بن گئے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 4:09 PM IST | Mumbai
یوٹیوبر اور کامیڈین سمے رائنا نے ڈجیٹل دنیا میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ تنازعات اور تنقیدوں کے باوجود ان کی مقبولیت میں اضافہ جاری ہے اور وہ یوٹیوب پر ایک ملین چینل ممبرز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کریئٹر بن گئے ہیں۔
کامیڈین سمے رائنا یوٹیوب پر ایک ملین (۱۰؍ لاکھ) چینل ممبرز حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کریئٹر بن گئے ہیں۔ انہوں نے یہ سنگِ میل ۲۰۲۵ء میں اپنے شو ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ کے تنازع میں گھرنے کے باوجود حاصل کیا ہے۔ اس تنازع کے بعد سمے نے اپنے یوٹیوب چینل سے شو کی تمام اقساط حذف کردی تھیں، تاہم بعد میں انہوں نے اپنے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو ’اسٹل الائیو‘ کے ذریعے چینل کو دوبارہ فعال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ کا دوسرا سیزن شروع کیا، جو اس مرتبہ نیٹ فلکس کے اشتراک سے پیش کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: فلم’شعلے‘ کے ایک منٹ کے منظر کے لیے رمیش سپی نے تین سال انتظار کیا!
یوٹیوب نے تصدیق کی ہے کہ سمے رائنا دنیا بھر میں اپنے چینل پر ایک ملین ممبرز حاصل کرنے والے پہلے یوٹیوبر بن گئے ہیں۔ گوگل انڈیا کے بلاگ پر جاری تازہ پوسٹ میں اس اسٹریمنگ پلیٹ فارم نے کامیڈین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے مواد اور شوز کے ذریعے ناظرین سے مضبوط تعلق قائم کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ گرینڈ ماسٹرز کے ساتھ میزبان کی حیثیت سے دلچسپ گفتگو کرنے سے لے کر ’انڈیا گوٹ لیٹنٹ‘ جیسے مقبول پروگرام کو ایک بڑے رجحان میں تبدیل کرنے تک، سمے نے اپنے یوٹیوب چینل کو لاکھوں لوگوں کی پسندیدہ آن لائن محفل بنا دیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سمے رائنا کے ایک ملین چینل ممبرز حاصل کرنے کا سنگِ میل ہندوستان میں رونما ہونے والی ایک بڑی ثقافتی تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ اب ناظرین صرف دور بیٹھ کر اپنے پسندیدہ کریئٹرز کو دیکھنے تک محدود نہیں رہے، بلکہ وہ ان سے وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے بامعنی انداز میں ان کی حمایت بھی کررہے ہیں۔ جون ۲۰۲۶ء میں ہی ہندوستان میں ۱۲؍ لاکھ سے زیادہ مداحوں نے یوٹیوب پر کم از کم ایک چینل ممبرشپ خریدی، جس کے نتیجے میں ہندوستانی کریئٹرز کی ممبرشپ سے ہونے والی آمدنی میں گزشتہ سال کے مقابلے ۲۵؍ فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: سچترا کرشنا مورتی ایک ہمہ جہت فنکارہ رہی ہیں
سمے رائنا کے شو ’انڈیاز گوٹ لیٹنٹ‘ کا تنازع
سمے رائنا، جن کے یوٹیوب پر اس وقت ۱۲؍ کروڑ ۴۰؍ لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں، فروری ۲۰۲۵ء میں ’انڈیا گوٹ لیٹنٹ‘ تنازع کے بعد ایک مشکل دور سے گزرے تھے۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب یوٹیوبر اور پوڈکاسٹر رنویر الٰہ آبادیہ نے پروگرام میں ایک ایسا مذاق کیا جسے ناظرین کے ایک بڑے طبقے نے نامناسب قرار دیا۔ اس تبصرے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا اور رنویر، سمے اور پروگرام میں شریک دیگر افراد کے خلاف متعدد ایف آئی آر درج کی گئیں۔ بعد میں پروگرام کے شرکاء نے اپنے تبصروں پر معذرت بھی کی۔ ۲۰۲۶ء میں سمے رائنا ’انڈیا گوٹ لیٹنٹ‘ کے دوسرے سیزن کے ساتھ واپس آئے۔ اس مرتبہ یہ پروگرام یوٹیوب اور نیٹ فلکس دونوں پر نشر کیا گیا۔
شو کے دوسرے سیزن کی اختتامی قسط میں سمے رائنا نے اس تنازع کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ’’دو سال پہلے جب یہ تنازع شروع ہوا تھا اور سب کچھ ختم ہوگیا تھا، تب میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا ہوگا۔ جب ہم کنیڈا میں تھے تو میں ڈپریشن میں تھا۔ میں چیٹ جی پی ٹی سے پوچھا کرتا تھا کہ سمے رائنا اپنا شو دوبارہ کب پیش کر پائے گا؟ چیٹ جی پی ٹی جواب دیتا تھا کہ فی الحال کچھ کہنا مشکل ہے۔ پھر میں لکھتا تھا کہ براہِ کرم ہاں کہہ دیجیے۔ مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ یہ شو اس انداز میں واپس آئے گا۔‘‘