Updated: November 05, 2026, 4:19 PM IST
| Madrid
کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ۴؍ نومبر کو فیصلہ کیا ہے کہ ندال کو بورڈ کا نیا رکن مقرر کرنے کی تجویز جنرل اسمبلی کے سامنے توثیق کے لیے پیش کی جائے۔ اس پیش رفت کے بعد یہ سوال ایک بار پھر زیرِ بحث آگیا ہے کہ کیا مستقبل میں رافیل ندال ریئل میڈرڈ کے صدر بھی بن سکتے ہیں؟
ٹینس کی دنیا کے عظیم کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے اسپین کے سابق ٹینس اسٹار رافیل ندال کے لیے فٹ بال کی معروف ٹیم ریئل میڈرڈ میں ایک نئی ذمہ داری کا راستہ کھل گیا ہے۔ کلب کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ۴؍ نومبر کو فیصلہ کیا ہے کہ ندال کو بورڈ کا نیا رکن مقرر کرنے کی تجویز جنرل اسمبلی کے سامنے توثیق کے لیے پیش کی جائے۔ اس پیش رفت کے بعد یہ سوال ایک بار پھر زیرِ بحث آگیا ہے کہ کیا مستقبل میں رافیل ندال ریئل میڈرڈ کے صدر بھی بن سکتے ہیں؟
یہ بھی پڑھئے:’’کنگ‘‘ کے گیت ’’تو مل جائے‘‘ کیلئے ایڈ شیرن کے سامنے صرف ایک شرط رکھی گئی تھی
ریئل میڈرڈ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق ندال کلب کے اعزازی رکن ہیں اور ان کا ممبرشپ نمبر ۶۷۷۷۸ ہے۔ کلب نے ان کی تقرری کو اپنی تاریخ اور مستقبل کے لیے باعثِ فخر قرار دیا ہے۔ ندال نے بھی صدر فلورینٹینو پیریز اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس دعوت کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ قبول کررہے ہیں اور کلب کے معاملات سیکھنے کے ساتھ اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون کرنا چاہتے ہیں۔
رافیل ندال کا بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونا مستقبل میں ان کے لیے کلب کی انتظامی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اہم موقع ثابت ہوسکتا ہے، تاہم بورڈ کا رکن بننا اور کلب کا صدر منتخب ہونا دو الگ ذمہ داریاں ہیں۔ ریئل میڈرڈ کے موجودہ ضوابط کے مطابق صدر کے عہدے کے لیے امیدوار کا اسپین کا شہری ہونا، کم از کم ۲۰؍ سال سے کلب کا مسلسل رکن ہونا اور کلب کے سالانہ بجٹ کے ۱۵؍ فیصد کے مساوی بینک ضمانت پیش کرنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کو انتخابی عمل کے دیگر ضابطوں پر بھی پورا اترنا ہوتا ہے۔
اس لیے ندال کی بورڈ میں شمولیت کو مستقبل میں صدارت کی ضمانت یا اس عہدے کے لیے باضابطہ اعلان نہیں سمجھا جاسکتا۔ البتہ کلب کے انتظامی امور میں ان کی شمولیت سے انہیں ریئل میڈرڈ کے ادارہ جاتی ڈھانچے اور فیصلوں کے عمل کو قریب سے سمجھنے کا موقع ضرور ملے گا۔ ریئل میڈرڈ کے موجودہ صدر فلورینٹینو پیریز نے ۲۰۲۶ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد مزید چار سال کے لیے اپنی ذمہ داری برقرار رکھی ہے۔ ایسے میں ندال کا بورڈ میں شامل ہونا کلب کے مستقبل اور آئندہ قیادت کے حوالے سے بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ تاہم ندال نے ماضی میں صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کیا تھا اور واضح کیا تھا کہ وہ اس وقت انتخابی مہم یا کسی امیدوار کی ٹیم کا حصہ بننے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
یہ بھی پڑھئے:آئی سی سی رینکنگ: مچل اسٹارک پھر ٹیسٹ کرکٹ کے نمبر ایک گیند باز بن گئے
رافیل ندال نے اپنے شاندار ٹینس کریئر میں ۲۲؍ گرینڈ سلیم خطاب جیتے، دو اولمپک طلائی تمغے حاصل کیے اور اسپین کی جانب سے پانچ مرتبہ ڈیوس کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے۔ وہ عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔ ندال نے نومبر ۲۰۲۴ء میں پیشہ ورانہ ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ ریئل میڈرڈ نے اپنے بیان میں ان کی کھیل کی کامیابیوں کے ساتھ ان کی عاجزی، محنت، مقابلے کا جذبہ اور مخالفین کے احترام کو بھی سراہا ہے۔ واضح رہے کہ ندال طویل عرصے سے ریئل میڈرڈ کے مداح رہے ہیں اور کلب سے ان کی وابستگی کسی سے پوشیدہ نہیں۔ اب بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شمولیت کے بعد ان کا کردار محض ایک مشہور مداح یا اعزازی رکن تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ وہ کلب کے انتظامی معاملات میں بھی حصہ لے سکیں گے۔ تاہم مستقبل میں صدر بننے کا فیصلہ کلب کے ضوابط، اہلیت اور انتخابی عمل سے مشروط ہوگا۔