Updated: August 15, 2026, 5:02 PM IST
| Mumbai
لیجنڈری اداکار دھرمیندر کے انتقال کے بعد ان کے ساتھی اور مداح آج بھی ان کی محبت، سخاوت اور سادگی کو یاد کرتے ہیں۔ اداکار امیتابھ بچن نے ’کون بنے گا کروڑ پتی ۱۸‘ کے حالیہ ایپی سوڈ میں دھرمیندر کی وسیع القلبی اور مہمان نوازی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا گھر ہر ایک کیلئے کھلا رہتا تھا اور لوگ بلا جھجھک ایسے آتے تھے جیسے وہ ان کا اپنا گھر ہو۔
دھرمیندر اور امیتابھ بچن۔ تصویر: آئی این این
دھرمیندر گزشتہ نومبر میں انتقال کر گئے، لیکن ان کمی آج بھی نہ صرف فلمی صنعت بلکہ ناظرین کو بھی محسوس ہوتی ہے۔ ان کے ساتھی آج بھی ان کی محبت، سخاوت اور سادگی کو یاد کرتے ہیں۔ اب ان کے دیرینہ ساتھی اور سپر اسٹار امیتابھ بچن نے حال ہی میں ’کون بنے گا کروڑ پتی ۱۸‘ کے ایک ایپی سوڈ میں دھرمیندر کی مہمان نوازی اور ان کے بے حد وسیع دل کے بارے میں گفتگو کی۔
یہ بھی پڑھئے: شوٹنگ سیٹ پر کھانے کی ناقص صورتحال پر FWICE برہم، سخت کارروائی کا مطالبہ
’دھرمیندر کا دل بہت بڑا تھا‘
امیتابھ بچن نے دھرمیندر کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا گھر تقریباً ایک ایسی جگہ تھا جہاں ہر شخص بلا روک ٹوک آ سکتا تھا۔ ان کے گاؤں اور دیگر مقامات سے لوگ اس طرح گھر میں داخل ہو جاتے تھے جیسے وہ انہیں کا اپنا گھر ہو۔ ایک واقعہ سناتے ہوئے امیتابھ بچن نے کہا، ’’میں آپ کو ان کے گھر کے بارے میں ایک اور بات بتاتا ہوں۔ ان کا گھر ہر ایک کیلئے کھلا ہوا تھا۔ جو بھی آتا، ایسے آتا جیسے یہ اسی کا اپنا گھر ہو! مجھے یاد ہے کہ ایک دن دھرم جی گھر آئے اور انہوں نے چار پانچ آدمیوں کو سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دیکھا۔ انہوں نے ان سے پوچھا، ’آپ کون ہیں؟ یہاں کیا کر رہے ہیں؟‘ انہوں نے جواب دیا کہ وہ گاؤں سے آئے ہیں۔ دھرمیندر نے سمجھا کہ شاید ان کی اہلیہ نے انہیں بلایا ہوگا! انہیں خود بھی معلوم نہیں ہوتا تھا کہ ان کے گھر میں کتنے لوگ آ رہے ہیں اور کتنے جا رہے ہیں۔ وہ ہمیشہ ہر شخص کا محبت اور گرمجوشی سے استقبال کرتے تھے۔ ان کا دل بہت بڑا تھا۔‘‘
جب گزشتہ سال دھرمیندر کا انتقال ہوا تھا تو امیتابھ بچن نے اپنے دیرینہ دوست اور ساتھی کیلئے ایک جذباتی خراجِ عقیدت بھی تحریر کیا تھا۔ انہوں نے دھرمیندر کے ’’بڑے دل‘‘ اور ’’سادگی‘‘ کو یاد کرتے ہوئے لکھا تھا، ’’ایک اور بہادر دیو قامت شخصیت ہمیں چھوڑ کر، اس میدان سے رخصت ہو گئی، اور اپنے پیچھے ایسی خاموشی چھوڑ گئی ہے جس کی گونج ناقابلِ برداشت ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: رانی مکھرجی کو لا ٹروب یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملی
دھرمیندر کی ہمیشہ اپنی جڑوں سے جڑے رہنے کی خوبی کو سراہتے ہوئے امیتابھ نے مزید لکھا، ’’دھرم جی عظمت کی ایک مثال تھے۔ وہ نہ صرف اپنی معروف جسمانی وجاہت کیلئے بلکہ اپنے وسیع دل اور اس کی بے حد دل کو چھو لینے والی سادگی کیلئے بھی ہمیشہ یاد کئے جائیں گے۔ وہ پنجاب کے اس گاؤں کی مٹی کی خوشبو اپنے ساتھ لے کر آئے تھے جہاں سے ان کا تعلق تھا، اور اپنے شاندار فلمی سفر کے دوران بھی اسی مزاج سے وفادار رہے۔ فلمی دنیا ہر دہائی میں بدلتی رہی، مگر وہ نہیں بدلے۔ ان کی مسکراہٹ، ان کی دلکشی اور ان کی گرمجوشی، ان کے آس پاس آنے والے ہر شخص تک پہنچتی تھی—اور فلمی دنیا میں یہ ایک انتہائی نایاب خوبی تھی۔‘‘ امیتابھ بچن نے اپنی تحریر کا اختتام ان الفاظ میں کیا، ’’ہمارے اردگرد کی فضا اب خالی خالی سی محسوس ہوتی ہے، ایک ایسا خلا جو ہمیشہ خالی ہی رہے گا۔‘‘