Updated: August 11, 2025, 6:03 PM IST
| Mumbai
دھرمیندر نےانسٹاگرام پر جاری کئے گئے ایک ویڈیو میں نوجوان نسل کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’زندگی کا حقیقی لطف اٹھانے کیلئے صحت کا خیال رکھنا ضروری ہے۔‘‘
دھرمیندر۔ تصویر: آئی این این
مشہور اداکار دھرمیندر ہمیشہ سے نئی نسل کیلئے ایک ترغیب رہے ہیں اور وہ اپنے مداحوں میں بھی اتنے ہی مقبول ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر فعال ہیں اور اکثر و بیشتر اپنے مداحوں کے ساتھ اپنی روزمرہ کی زندگی کی جھلکیاں شیئر کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے حالیہ پوسٹ میں کہا کہ زندگی کا اصل لطف اٹھانے کیلئے صحت کو اولین ترجیح دینا ضروری ہے۔ دھرمیندر نےاپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’’زندگی بہت خوبصورت ہے اور اس کی خوبصورتی کو بنائے رکھنے کیلئے صحت کا صحت کا اچھا ہونا بہت ضروری ہے۔ صحت ہے تو سب کچھ ہے۔ آپ زندگی کا لطف اٹھا سکتے ہیں تو میں آپ کو آج ایک پیغام دے رہا ہوں، ہمیشہ ہمیشہ دیتا آرہاہوں کہ صحت کا خیال رکھئے اور نیک بنئے۔‘‘ ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کے ویڈیو پر ردعمل کا اظہار بھی کیا۔ ایک مداح نے کمینٹ کیا کہ ’’سرآپ ہماری ترغیب ہیں۔‘‘
دھرمیندر نے یوگا کی اہمیت بتائی
دھرمیندر نے روزمرہ کی زندگی میں یوگا کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یوگا کئی بیماریوں کا علاج ہے اور یہ یاد رکھئے کہ صحت ہی اصل دولت ہے۔ یوگا ہماری تہذیب و ثقافت کا حصہ ہے جو کئی صدیوں سے جاری ہے۔‘‘
دھرمیندر کے اگلے پروجیکٹس
دھرمیندر آخری مرتبہ فلم ’’تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا‘‘ میں نظر آئے تھے جس میں شاہد کپور اور کریتی سینن نے اداکاری کی تھی۔ یہ فلم فروری ۲۰۲۴ء میں ریلیز ہوئی تھی جو فی الحال پرائم ویڈیو پر موجود ہے۔وہ اب سری رام راگھون کی فلم ’’اکیس‘‘ میں نظر آئیں گے جس میں امیتابھ بچن کے پوتے اگستیا نندا نے کلیدی کردار نبھایاہے۔دھرمیندر نے ’’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘‘ میں بھی اداکاری کی تھی جس میں شبانہ اعظمی، جیا بچن، عالیہ بھٹ، رنویر سنگھ نے کلیدی کردار نبھائے تھے۔