• Sun, 28 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’دھرندھر‘‘ بالی ووڈ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی

Updated: December 27, 2025, 8:03 PM IST | Mumbai

’’دھرندھر‘‘ نے ۶۴۸؍ کروڑ روپے کی کمائی کے ساتھ ہندوستانی باکس آفس پر نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور ’’جوان‘‘ (۶۴۰؍ کروڑ) کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن چکی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

بالی ووڈ کی جاسوسی تھریلر ’’دھرندھر‘‘ نے ہندوستانی باکس آفس کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کر دیا ہے۔ رنویر سنگھ کی قیادت میں بننے والی یہ فلم اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی ہے، اور حالیہ برسوں کے تمام بڑے بلاک بسٹرز کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ ریلیز کے ۲۲؍ ویں دن آدتیہ دھر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم نے مزید ۱۵؍ کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا جس کے بعد اس کا مجموعی کلیکشن ۶۴۸؍ کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ اس کے ساتھ ہی ’’دھرندھر‘‘ نے ’’جوان‘‘ (۶۴۰؍ کروڑ) کو پیچھے چھوڑ دیا اور ہندسوتان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم بن گئی۔

یہ بھی پڑھئے: سلمان خان آج بھی سب کے دلوں میں بستے ہیں

فلم کی باکس آفس پر غیر معمولی مستقل مزاجی قابلِ ذکر رہی ہے۔ ’’جوان‘‘ سے آگے نکلنے سے قبل ’’دھرندھر‘‘ نے ’’چھاوا‘‘ (۶۰۱؍ کروڑ) اور ’’استری ۲‘‘ (۵۹۸؍ کروڑ) کو بھی پچھاڑا۔ تجارتی تجزیہ کاروں کے مطابق فلم اب ۷۰۰؍ کروڑ روپے کے ہندسے کو عبور کرنے کے قریب ہے اور امکان ہے کہ یہ ’’پشپا ۲‘‘ کے ہندی ورژن کے ریکارڈ کو بھی چیلنج کرے۔ ۶۰۰؍ کروڑ سے زائد کمائی کے ساتھ ’’دھرندھر‘‘ نے ان فلموں کے کلب میں شمولیت اختیار کر لی ہے جنہوں نے ہندوستان میں ۵۰۰؍ کروڑ سے زیادہ بزنس کیا۔ اس فہرست میں اینیمل (۵۵۳؍ کروڑ)، پٹھان (۵۴۳؍ کروڑ) اور غدر (۵۲۵؍ کروڑ) بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ’’پٹھان‘‘ وہ پہلی ہندی فلم تھی جس نے ۵۰۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کیا تھا اور ’’دنگل‘‘ کے ۷؍ سالہ راج کا خاتمہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: اکشے کھنہ اور ’’درشیم ۳‘‘ تنازع؛ ادا کار کے خلاف قانونی نوٹس کی تیاری

پین انڈیا ریلیزز کے ہندی ورژنز نے بھی شاندار کاروبار کیا ہے۔ جس میں ’’باہوبلی ۲‘‘ نے ہندی میں ۵۱۱؍ کروڑ روپے کمائے جبکہ ’’پشپا ۲‘‘ نے ہندی میں ۸۱۲؍ کروڑ روپے کے ساتھ سب سے زیادہ گھریلو کلیکشن کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ مجموعی طور پر ’’پشپا ۲‘‘ نے تمام زبانوں میں ۱۲۳۴؍ کروڑ روپے کی نیٹ کمائی کی ہے جبکہ ’’باہوبلی ۲‘‘ ہندوستان میں ایک ہزار کروڑ روپے عبور کرنے والی واحد دوسری فلم ہے۔خیال رہے کہ ’’دھرندھر ۲‘‘ ۲؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو ریلیز ہوگی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK