Updated: November 01, 2025, 10:03 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ کا معروف اور تاریخی خاندان کپور ایک بار پھر اسکرین پر اکٹھا ہونے جا رہا ہے۔ نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ دستاویزی طرز کے خصوصی شو ’’ڈائننگ ود دی کپورز‘‘ (Dining With The Kapoors)” کا پریمیر ۲۱؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو ہوگا۔ یہ شو نہ صرف ایک فیملی ری یونین ہے بلکہ لیجنڈری راج کپور کی ۱۰۰؍ ویں سالگرہ کا جشن بھی منائے گا۔
اس خصوصی پروگرام کو ارمان جین نے تخلیق کیا ہے جبکہ اسمرتی موندھرا نے ڈائریکٹ کیا ہے جو نیٹ فلکس کی مشہور دستاویزی فلموں ’’انڈین میچ میکنگ‘‘ اور ’’دی رومانٹکس‘‘ کی ہدایت کار بھی ہیں۔ ’’ڈائننگ ود دی کپورز‘‘ کو ’’فلائی آن دی وال‘‘ فارمیٹ میں فلمایا گیا ہے، جس میں ناظرین کپور خاندان کے حقیقی لمحات، بات چیت اور جذباتی روابط کو قریب سے دیکھ سکیں گے۔اس شو میں رندھیر کپور، نیتو کپور، ریما جین، رنبیر کپور، کرینہ کپور خان، کرشمہ کپور، سیف علی خان، ردھیما کپور ساہنی اور دیگر افراد شامل ہیں۔ یہ سب کپور خاندان کے مشہور سالانہ خاندانی لنچ میں اکٹھے ہوتے ہیں ایک روایت جو نسل در نسل قائم ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ہما قریشی کی ’’سنگل سلمیٰ‘‘ تھیٹروں میں، بھائی ثاقب سلیم کا جذباتی پیغام
نیٹ فلکس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’یہ شو کپور خاندان کی ایک غیر فلٹرڈ جھلک پیش کرتا ہے نسلوں پر پھیلی کہانیوں، کھانے، فلموں اور مزاحیہ لمحات کے ذریعے ایک دلچسپ سفر۔‘‘ نیٹ فلکس انڈیا کی سیریز سربراہ تانیا بامی نے کہا کہ ’’جب کپور خاندان اپنے لیجنڈری بزرگ راج کپور کی ۱۰۰؍ ویں سالگرہ منانے کیلئے جمع ہوتا ہے، تو دسترخوان ہنسی، محبت اور روایتی ذائقوں سے بھر جاتا ہے۔ اسمرتی موندھرا کی ہدایت کاری میں یہ فلم اس خاندان کے تعلقات اور روایات کو خلوص کے ساتھ پیش کرتی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:اگر آپ ارب پتی ہیں تو کیوں ہیں؟ بلی ایلش کا ارب پتیوں پر طنز
واضح رہے کہ یہ پروجیکٹ ریما جین (راج کپور کی بیٹی) اور منوج جین کے بیٹے ارمان جین کا ایک خاندانی خراجِ عقیدت ہے۔ارمان جین نے کہا کہ ’’کپور خاندان کو ایک میز پر جمع کرنا نسلوں کی کہانیاں دوبارہ زندہ کرنے جیسا تھا ہنسی، شور، لذیذ کھانا اور وہ چنچل مزاح جو ہمارے ڈی این اے کا حصہ ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ڈائننگ ود دی کپورز‘‘ میرے نانا راج کپور کو خراجِ عقیدت اور اس لازوال بندھن کا جشن ہے جو ہمیں ایک خاندان کے طور پر جوڑے رکھتا ہے۔‘‘یہ اسپیشل آواشیک میڈیا کے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے۔