• Tue, 03 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آمدنی کی تقسیم پر تنازع، بنگلورو کے وجے سنیما میں’’رامائن‘‘ ریلیز نہیں ہوگی

Updated: October 31, 2026, 4:08 PM IST | Mumbai

بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی آنے والی میگا بجٹ فلم ’’رامائن‘‘ کی ریلیز سے قبل سنیما گھروں اور فلم کے تقسیم کاروں کے درمیان آمدنی کی تقسیم کے معاملے پر تنازع سامنے آیا ہے۔ بنگلورو کے معروف سنگل اسکرین سنیما وجے سنیما نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلم ’رامائن‘ اپنے یہاں ریلیز نہیں کرے گا۔

Yash.Photo:INN
یش۔ تصویر:آئی این این

بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی آنے والی میگا بجٹ فلم ’’رامائن‘‘ کی ریلیز سے قبل سنیما گھروں اور فلم کے تقسیم کاروں کے درمیان آمدنی کی تقسیم کے معاملے پر تنازع سامنے آیا ہے۔ بنگلورو کے معروف سنگل اسکرین سنیما وجے سنیما نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلم ’رامائن‘ اپنے یہاں ریلیز نہیں کرے گا۔ تھیٹر انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ فلم کی کہانی، موضوع یا اس کے فنکاروں کے خلاف نہیں، بلکہ تقسیم کاروں کے ساتھ باکس آفس سے حاصل ہونے والی آمدنی کی تقسیم کی شرائط پر اختلاف کے باعث کیا گیا ہے۔’

یہ بھی پڑھئے:’’ایکس مین‘‘ کے اداکار سر پیٹرک اسٹیورٹ ۸۶؍ برس کی عمر میں انتقال کرگئے

وجے سنیما کا کہنا ہے کہ اس کا کاروباری نظام آمدنی میں فیصد کے حساب سے حصہ داری پر مبنی ہے۔ اس طریقۂ کار کے تحت فلم کی کمائی اچھی ہونے پر تقسیم کاروں کو زیادہ حصہ ملتا ہے، جبکہ کم آمدنی کی صورت میں نقصان کا بوجھ بھی کاروباری شرائط کے مطابق تقسیم ہوتا ہے۔ تھیٹر انتظامیہ کے مطابق’ ’رامائن‘‘ کے تقسیم کار اس نظام کے تحت فلم ریلیز کرنے پر آمادہ نہیں ہوئے، جس کے بعد سنیما نے فلم کی نمائش نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ اس کا مؤقف کسی مخصوص فلم کے خلاف نہیں بلکہ اپنے طے شدہ کاروباری اصولوں کے تحفظ کے لیے ہے۔ 
فلم ’’رامائن‘‘ کی نمائش کے لیے تقسیم کاروں اور سنیما مالکان کے درمیان آمدنی کی تقسیم کی شرائط پر پہلے بھی اختلافات سامنے آ چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقسیم کاروں کی جانب سے ابتدائی ہفتے میں ۶۰ ؍فیصد، دوسرے ہفتے میں ۵۰ فیصد اور تیسرے ہفتے میں ۴۰؍ فیصد آمدنی کا حصہ طلب کیا گیا تھا۔ بعض رپورٹس میں پہلے ۱۱ ؍دن کے لیے ۵۵ ؍فیصد حصہ داری کی تجویز کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب سنگل اسکرین تھیٹر مالکان کا مؤقف ہے کہ اتنی زیادہ حصہ داری قبول کرنا ان کے لیے مشکل ہے، کیونکہ انہیں بجلی، عملے اور دیگر انتظامی اخراجات بھی برداشت کرنے ہوتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:شردھا کپور کی فلم ’’ایٹھا‘‘ کا ٹریلر جاری، رندیپ ہڈا بھی نظر آئیں گے

رپورٹس کے مطابق فلم کے تقسیم کاروں اور کئی نمائش کنندگان کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے بات چیت ہوئی اور متعدد سنیما گھروں میں فلم کی پیشگی ٹکٹ بکنگ شروع کرنے کا راستہ بھی ہموار ہوا، تاہم بنگلورو کے وجے سنیما نے اپنے مؤقف پر قائم رہتے ہوئے فلم کی نمائش سے انکار کر دیا ہے۔ تھیٹر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی وہ اسی کاروباری اصول کے تحت بعض بڑی فلموں، جن میں تھلاپتی وجے کی ’’جنا نائگن‘‘ اور یش کی’ ’ٹاکسک‘‘ شامل ہیں، کے معاملے میں ایسا فیصلہ کر چکا ہے۔ 
نیتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بننے والی ’’رامائن‘‘ ہندوستانی رزمیہ داستان پر مبنی ایک بڑے بجٹ کی فلم ہے۔ اس میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا اور یش راون کے کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم میں سنی دیول، روی دوبے، انوپم کھیر، لارا دتہ، وویک اوبرائے، ارون گوول اور دیگر فنکار بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کو دو حصوں میں پیش کرنے کا منصوبہ ہے، جس کا پہلا حصہ ۵ ؍نومبر ۲۰۲۶ ءکو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والا ہے۔ 
وجے سنیما کے اس فیصلے کے باوجود فلم کی ریلیز کے حوالے سے شائقین کا جوش برقرار ہے۔ تاہم یہ تنازع ایک مرتبہ پھر اس سوال کو نمایاں کرتا ہے کہ بڑے بجٹ کی فلموں کی نمائش کے دوران تقسیم کاروں اور سنیما مالکان کے درمیان آمدنی کی تقسیم کی شرائط کس حد تک دونوں  کے لیے قابلِ قبول ہونی چاہئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK