Updated: February 26, 2026, 6:05 PM IST
| Mumbai
کرن جوہر کی ’’دوستانہ ۲‘‘ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ کارتک آرین اور جھانوی کپور کے اخراج کے بعد وکرانت میسی مرکزی کردار میں شامل ہو چکے ہیں، جبکہ سابق مس انڈیا ورلڈ سینی شیٹی کو خاتون لیڈ کے طور پر فائنل کر لیا گیا ہے۔ فلم کی اسکرپٹ دوبارہ لکھی جا رہی ہے اور شوٹنگ رواں سال کی تیسری سہ ماہی میں متوقع ہے۔
کرن جوہر کی فلم ’’دوستانہ ۲‘‘ کا اعلان چند سال قبل بڑے پیمانے پر کیا گیا تھا، جس میں کارتک آرین، جھانوی کپور اور لکشیا شامل تھے۔ تاہم ۱۵-۲۰؍ دن کی شوٹنگ کے بعد کارتک آرین نے فلم سے علیحدگی اختیار کر لی، جس کے بعد جھانوی کپور بھی پروجیکٹ کا حصہ نہیں رہیں۔ بعد ازاں وکرات میسی کو مرکزی کردار کیلئے منتخب کیا گیا، جبکہ لکشیا ابتدا سے ہی ٹیم کا حصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ۱۵؍ سال بعد ہولی پر کسی بڑی فلم کی ریلیز نہیں، کرکٹ ورلڈ کپ وجہ
تفریحی رپورٹس کے مطابق، سابق مس انڈیا ورلڈ سینی شیٹی کو فلم میں خاتون لیڈ کے طور پر فائنل کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، میکرز تین ناموں پر غور کر رہے تھے مگر آخرکار سینی شیٹی کا انتخاب کیا گیا۔ ۲۰۲۲ء میں مس انڈیا ورلڈ کا تاج پہننے والی سینی اس فلم کے ذریعے اداکاری کا آغاز کریں گی۔ اطلاعات ہیں کہ انہوں نے ایک کم بجٹ تھرلر فلم بھی سائن کی ہے، جس کی تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ان کہی کہانیوں کو سامنے لانا بھی ضروری ہے: کونکنا سین شرما
رپورٹس کے مطابق فلم کو امیزون پرائم ویڈیو فیچر فلم کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ ہدایتکاری کی ذمہ داری ادویت چندن کو سونپی گئی ہے، جو اس سے قبل فلم ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ کی ہدایتکاری کر چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی اسکرپٹ کسی اور فلم سے مشابہت رکھتی تھی، جس کے باعث اسے دوبارہ لکھا جا رہا ہے۔ اس اسکرپٹ ری ورک کے سبب شوٹنگ کو رواں سال کی تیسری سہ ماہی تک مؤخر کر دیا گیا ہے۔ امیزون پرائم ویڈیو کی جانب سے اس پروجیکٹ کیلئے خاطر خواہ بجٹ مختص کئے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، حالانکہ مرکزی کاسٹ میں نسبتاً نئے چہرے شامل ہیں۔
فلم کی کہانی دو بہن بھائیوں کے گرد گھومتی ہے جو ایک ہی شخص سے محبت کرنے لگتے ہیں، جس کے نتیجے میں غلط فہمیاں، مزاحیہ حالات اور رومانوی پیچیدگیاں جنم لیتی ہیں۔ یہ رومانوی کامیڈی فرنچائز کی پہلی فلم کے انداز کو برقرار رکھتے ہوئے جدید موڑ کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رشمیکا مندانا اور وجے دیورا کونڈا شادی کے بندھن میں بندھ گئے
وکرانت میسی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’’میں ’’دوستانہ ۲‘‘ کر رہا ہوں۔ میں اپنی پہلی دھرما فلم کر رہا ہوں۔‘‘ یہ ان کی پہلی فلم ہوگی جو دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بن رہی ہے۔