• Thu, 25 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’دوستانہ ۲‘‘ سے کارتک آرین باہر، وکرانت میسی ان کا کردار ادا کریں گے

Updated: September 25, 2025, 9:09 PM IST | Mumbai

دھرما پروڈکشنز کی ’’دوستانہ ۲‘‘ میں لکشیا کے مقابل کارتک آرین کو نکال کر وکرانت میسی کو شامل کیا گیا ہے۔ ہیروئن کا نام اب تک راز ہے۔

Actor Vikrant Massey, who rose to fame with "Twelfth Fail." Photo: INN
’’ٹویلتھ فیل‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار وکرانت میسی۔ تصویر: آئی این این

’’ٹویلتھ فیل‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اداکار وکرانت میسی، جنہیں حال ہی میں نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، نے دھرما پروڈکشنز کی اپنی پہلی فلم حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کرن جوہر کی فلم ’’دوستانہ ۲‘‘ میں کارتک آریان کی جگہ مرکزی کردار ادا کریں گے۔ وکرانت نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ ’’آپ مجھے جلد ہی ’’دوستانہ ۲‘‘ میں دیکھیں گے۔ یہ خبر پہلے ہی عام ہوچکی ہے، لیکن مجھے نہیں معلوم میں اب تک کیوں خاموش تھا۔ میں اپنی پہلی دھرما فلم کر رہا ہوں۔‘‘ فلم میں ان کے مدمقابل ’’دی بیڈز آف بالی ووڈ‘‘ اور ’’کل‘‘ کے اداکار لکشیا نظر آئیں گے جبکہ مرکزی اداکارہ کو فی الحال راز میں رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سیارہ کی میگا کامیابی کے بعد موہت سوری ایک اور رومانوی فلم بنائیں گے

اس حوالے سے وکرانت نے مزید کہا کہ ’’اس فلم میں آپ مجھے بہترین ڈیزائنر کپڑوں میں دیکھیں گے۔ کرن جوہر سر یہ یقینی بنائیں گے کہ میں شاندار لباس اور اسٹائلش چشمے پہنوں۔ شوٹنگ یورپ میں ہوگی۔‘‘ اداکارہ کے حوالے سے انہوں نے کہا، ’’یہ مجھ سے نہ پوچھیں، یہ کرن سر ہی بتائیں گے کیونکہ یہ ایک بڑا اعلان ہے۔ لکشیا اس فلم کا حصہ ہیں لیکن ہیروئن کو سرپرائز رہنے دیں۔‘‘
واضح رہے کہ ’’دوستانہ ۲‘‘کی ابتدائی کاسٹ میں کارتک آرین، جھانوی کپور اور لکشیا شامل تھے۔ تاہم، تخلیقی اختلافات کے باعث کارتک آرین نے یہ پروجیکٹ چھوڑ دیا۔ بعدازاں دھرما پروڈکشنز نے انسٹاگرام پر ایک باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ فلم کی دوبارہ کاسٹنگ کی جائے گی۔ اس فیصلے کے بعد مداحوں میں فلم کی نئی کاسٹ اور کہانی کے حوالے سے بے چینی پائی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: سلمان کے بعد ابھینو کشیپ نے رنبیر کپور کو بے نقاب کردیا

جھانوی کپور نے ایک پرانے انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ کارتک آرین کے ساتھ تقریباً ایک ماہ تک اس فلم کی شوٹنگ کرچکی تھیں۔ ان کے مطابق، ’’ہم نے ۳۰؍ سے ۳۵؍ دن تک شوٹنگ کی تھی اور سب کچھ اچھا چل رہا تھا۔ مجھے آج تک سمجھ نہیں آئی کہ فلم کیوں روک دی گئی۔ شاید اس کی وجہ کووڈ کے باعث ڈیڑھ سال کی تاخیر تھی جس کے بعد پروجیکٹ کو دوبارہ شروع کرنا مشکل ہوگیا۔‘‘
’’دوستانہ ۲‘‘ ۲۰۰۸ء کی سپر ہٹ فلم ’’دوستانہ‘‘ کا سیکویل ہے جس میں ابھیشیک بچن، جان ابراہم اور پرینکا چوپڑا نے مرکزی کردار ادا کئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK