Updated: April 14, 2026, 8:08 PM IST
| Mumbai
بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی نے انکشاف کیا ہے کہ عالمی گلوکار ایڈ شیران نے ان کی فلم ’’گینگز آف واسع پور‘‘ دیکھی اور اسے پسند کیا۔ ممبئی میں ایک پارٹی کے دوران ہونے والی یہ غیر متوقع ملاقات سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہے، جہاں ہما نے اس لمحے کو اپنے کریئر کا ایک یادگار تجربہ قرار دیا۔
ایڈ شیران اور ہما قریشی۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں ایک دلچسپ واقعہ شیئر کیا، جس میں انہوں نے بتایا کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایڈ شیران نہ صرف ہندوستانی فلموں سے واقف ہیں بلکہ انہوں نے ان کی مشہور فلم ’’گینگز آف واسع پور‘‘ بھی دیکھی ہے۔ یہ انکشاف انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران کیا، جہاں انہوں نے ممبئی میں ہونے والی ایک پارٹی کا ذکر کیا، جس کی میزبانی فرح خان نے ایڈ شیران کے دورہ ہندوستان کے موقع پر کی تھی۔ اس تقریب میں متعدد فلمی شخصیات موجود تھیں، اور ہما قریشی بھی ان میں شامل تھیں۔ اس لمحے کو یاد کرتے ہوئے ہما قریشی نے کہا کہ ’’میرا لئے بہترین لمحہ تھا۔ جب میں ایڈ شیران سے ملی اور انہوں نے کہا کہ انہوں نے ’’گینگز آف واسع پور‘‘ دیکھی ہے۔ مَیںحیران رہ گئی کہ آپ نے واقعی یہ فلم دیکھی ہے؟‘‘
یہ بھی پڑھئے: ورون دھون کی نئی فلم کی جھلک جاری، باکس آفس پر بڑا ٹکراؤ متوقع
انہوں نے مزید بتایا کہ ایڈ شیران نہایت خوش اخلاق اور دوستانہ انداز میں ملے اور انہوں نے ہندوستان کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔ ہما کے مطابق، ایڈ شیران نے کہا کہ ’’مجھے آپ کے ملک سے پیار ہے، اور میں یہاں موسیقی بنانا پسند کروں گا۔‘‘ ہما قریشی نے بتایا کہ انہوں نے ایڈ شیران کو مزید ہندوستانی فلمیں دیکھنے کی ترغیب دی۔ اسی دوران جب انہوں نے ’’گینگز آف واسع پور‘‘ کا ذکر کیا تو ایڈ شیران نے حیران کن جواب دیا۔ ہما نے بتایا کہ ’’انہوں نے رک کر پوچھا، ’’آپ اس فلم میں تھیں؟‘‘ میں نے کہا ’’ہاں‘‘، تو انہوں نے کہا ’’ہم نے ابھی وہ فلم دیکھی ہے اور ہمیں واقعی بہت پسند آئی۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ایڈ شیران نے فوراً اپنے مینیجر کو بھی بلایا اور اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے واقعی فلم دیکھی ہے، جو ہما کے لیے ایک یادگار لمحہ بن گیا۔
یہ بھی پڑھئے: اکشے کمار کی ’’بھوت بنگلہ‘‘ کا نیا گانا ریلیز، مداحوں میں جوش
یاد رہے کہ ’’گینگز آف واسع پور‘‘ جس کی ہدایتکاری انوراگ کشیپ نے کی، ہندوستانی سنیما کی ایک نمایاں فلم مانی جاتی ہے۔ دو حصوں پر مشتمل اس فلم میں منوج باجپائی، نواز الدین صدیقی، پنکج ترپاٹھی اور رچا چڈھا اور دیگر اداکاروں نے شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ فلم کو نہ صرف تنقیدی پذیرائی ملی بلکہ اس نے قومی ایوارڈز بھی حاصل کیے۔ ہما قریشی کے اس انکشاف نے ایک بار پھر اس بات کو اجاگر کیا ہے کہ ہندوستانی سنیما کی رسائی عالمی سطح تک پھیل چکی ہے، اور اس کی کہانیاں دنیا بھر کے فنکاروں کو متاثر کر رہی ہیں۔
دوسری جانب، ہما قریشی اپنی آنے والی فلم ’’ٹاکسک‘‘ کی تیاری میں مصروف ہیں، جس کی ہدایتکاری گیتو موہن داس کر رہی ہیں۔ اس فلم میں یش مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جبکہ نین تارہ، تارا ستاریا اور کیارا اڈوانی بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ یہ فلم ۴؍ جون کو سنیما گھروں میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔