Inquilab Logo Happiest Places to Work

مصر کی ۱۸؍سالہ حنا گودا کی تاریخ ساز کارکردگی،افریقہ کے لیے تاریخ رقم

Updated: April 05, 2026, 8:05 PM IST | Mumbai

مصر کی ۱۸؍ سالہ ٹیبل ٹینس سنسنی حنا گودا نے آئی ٹی ٹی ایف ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر تاریخ کی کتابوں میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔ اگرچہ کوارٹر فائنل میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ان کی کارکردگی نے دنیا بھر کے ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔

Hana Goda.Photo:X
حنا گودا۔ تصویر:ایکس

مصر کی ۱۸؍ سالہ ٹیبل ٹینس سنسنی حنا گودا نے آئی ٹی ٹی ایف ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر تاریخ کی کتابوں میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔ اگرچہ کوارٹر فائنل میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ان کی کارکردگی نے دنیا بھر کے ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔
مکاؤ کے گلیکسی ایرینا میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل میں حنا گودا کا مقابلہ دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی اور دو بار کی چیمپئن چین کی سن ینگشا سے تھا۔ حنا نے سن ینگشا کو ساتویں گیم تک سخت مقابلے پر مجبور کر دیا۔سن ینگشا نے پہلے دو گیمز جیت لیے تھے، لیکن حنا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تیسرا گیم ۱۴۔۱۶؍سے جیتا اور پھر اگلے دو گیمز جیت کر۲۔۳؍ کی برتری حاصل کر لی۔آخری اور فیصلہ کن ساتویں گیم میں حنا۸۔۱۰؍ سے آگے تھیں اور فتح کے بالکل قریب تھیں، لیکن تجربہ کار سن ینگشا نے میچ پوائنٹس بچاتے ہوئے یہ گیم  ۱۱۔۱۳؍سے جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔

یہ بھی پڑھئے:میسی نے انٹر میامی کے نئے نو اسٹیڈیم میں پہلا گول داغ کر بیکہم کا خواب پورا کر دیا


میچ کے بعد سن ینگشا نے مصری کھلاڑی کی تعریف کرتے ہوئے کہاحنا نے گزشتہ چند برسوں میں ناقابلِ یقین ترقی کی ہے۔ انہوں نے آج غیر معمولی کھیل پیش کیا اور افریقہ کے لیے تاریخ رقم کی ہے۔حنا گودا نے جمعہ کی رات راؤنڈ آف ۱۶؍ میں فرانس کی تجربہ کار کھلاڑی یوآن جیانان کو شکست دے کر ایک بڑی تاریخ رقم کی تھی۔ وہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ اعزاز صرف نائیجیریا کے کواڈری ارونا (۲۰۱۴ء) کے پاس تھا۔فتح کے بعد جذباتی ہوتے ہوئے حنا نے کہا کہ مجھے یقین نہیں آ رہا، یہ پاگل پن ہے۔ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنا میرا ہمیشہ سے خواب تھا، جسے آج میں نے حاصل کر لیا ہے۔ مجھے فخر ہے کہ میں مصر اور افریقہ کا نام روشن کر رہی ہوں۔

یہ بھی پڑھئے:امریکہ کے ساتھ جنگ کے دوران ایران نے انٹرنیٹ شٹ ڈاؤن میں ریکارڈ قائم کر دیا


حنا گودا نے محض چار سال کی عمر میں ٹیبل ٹینس کھیلنا شروع کی تھی۔ ان کے بچپن کا ایک دلچسپ واقعہ یہ ہے کہ جب وہ چھوٹی تھیں تو میز تک نہیں پہنچ پاتی تھیں، جس کی وجہ سے ان کے کوچ نے میز کی ٹانگیں کاٹ کر اسے چھوٹا کر دیا تھا تاکہ وہ تربیت حاصل کر سکیں۔ ۲۰۱۹ء میں مصر کی سب سے کم عمر نیشنل چیمپئن بنیں۔ ۲۰۲۰ء میں آئی ٹی ٹی ایف انڈر ۱۵؍ ورلڈ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی پہلی افریقی کھلاڑی بنیں۔۲۰۲۵ء میں افریقن چیمپئن شپ میں مسلسل تیسری بار ٹائٹل جیت کر ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی کھلاڑی بنیں۔اگرچہ ورلڈ کپ کا سفر آنسوؤں کے ساتھ ختم ہوا، لیکن حنا گودا نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ عالمی ٹیبل ٹینس میں ایک نئی طاقت بن کر ابھری ہیں اور ان کا یہ سفر تو ابھی صرف آغاز ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK