ایلون مسک نے اپنے پارٹنر شیون زیلس کے ذریعے ہندوستان سے ایک ذاتی تعلق ہونے کا بھی انکشاف کیا اور اپنے پارٹنر کو ”نصف-ہندوستانی“ قرار دیا۔
EPAPER
Updated: December 01, 2025, 4:59 PM IST | New Delhi
ایلون مسک نے اپنے پارٹنر شیون زیلس کے ذریعے ہندوستان سے ایک ذاتی تعلق ہونے کا بھی انکشاف کیا اور اپنے پارٹنر کو ”نصف-ہندوستانی“ قرار دیا۔
امریکی ارب پتی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے چیئرمین ایلون مسک کے ساتھ ہندوستانی ارب پتی اور ’زیرودھا‘ کے شریک بانی نکھل کامت کی پوڈکاسٹ ریلیز ہوگئی ہے جس کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا۔ اتوار کو کامت کے یوٹیوب چینل پر ریلیز ہوتے ہی یہ پوڈکاسٹ لنکڈان سے لے کر انسٹاگرام تک پورے سوشل میڈیا پر چھا گئی۔ دو گھنٹے طویل اس ایپی سوڈ میں مسک نے مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ملازمت کا مستقبل اور مسک کے ذریعے ہندوستان کے متعلق متعدد حوالوں کی وجہ سے مقبولیت حاصل کی۔ ذیل میں اس پوڈکاسٹ کے اہم موضوعات کو مختصراً پیش کیا جارہا ہے۔
Interview with Nikhil https://t.co/4mmIo9rcKw
— Elon Musk (@elonmusk) November 30, 2025
ہندوستان میں نوجوان کاروباریوں کو مشورہ
جب کامت نے مسک سے نوجوان کاروباریوں کی رہنمائی کے متعلق پوچھا تو انہوں نے کہا کہ وہ ہر اس شخص کا احترام کرتے ہیں جو ”کچھ بنانا“ چاہتا ہے۔ انہوں نے نوجوان کاروباریوں پر زور دیا کہ وہ معاشرے کیلئے ”خالص شراکت دار“ بننے پر توجہ دیں۔ ان کا پیغام واضح تھا: اتنا کچھ بنائیں کہ جتنا آپ دنیا سے حاصل کرتے ہیں اس سے زیادہ ہو۔ ان کا یہ تبصرہ اسٹارٹ اپ کمیونٹی میں مقبول ہوگیا ہے۔
اپنے خاندان کے ذریعے ہندوستان سے ذاتی تعلق
مسک نے اپنے پارٹنر شیون زیلس کے ذریعے ہندوستان سے ایک ذاتی تعلق ہونے کا بھی انکشاف کیا اور اپنے پارٹنر کو ”نصف-ہندوستانی“ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ زیلس کی والدہ ایک پنجابی خاندان سے تعلق رکھتی تھی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے ایک بچے کا درمیانی نام ”سیکھر“ ہے، جو معروف ہندوستانی-امریکی ماہر طبیعیات ایس چندر شیکھر سے متاثر ہے۔ مسک کا یہ تبصرہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے اسے ہندوستانی سائنسی ورثے کیلئے ’مسک کی خاموش تائید‘ قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مستقبل میں پیسہ غیر متعلق، اے آئی غربت ختم کردیگا، کام اختیاری ہوگا: ایلون مسک
۲۰ سال سے بھی کم عرصے میں ”کام کرنا اختیاری ہو جائے گا“
پوڈ کاسٹ میں ایلون مسک نے ایک ایسا دعویٰ کیا جو گرماگرم بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ ٹیسلا کے سی ای او نے پیش گوئی کی کہ اگلی دو دہائیوں کے اندر، کام کرنا ”اختیاری“ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ جدید اے آئی اور روبوٹکس انسانی محنت کو ضرورت کے بجائے ایک مشغلہ کی طرح بنا دیں گے۔ انہوں نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایسا ہوگا جیسے آج کل لوگ گروسری اسٹورز کی دستیابی کے باوجود گھر پر سبزیاں اگانے کا انتخاب کرتے ہیں۔ اس بیان نے نوکری کے تحفظ، عالمگیر آمدنی اور اے آئی سے چلنے والے مستقبل میں کام کے سماجی کردار کے بارے میں نئی بحث کو جنم دیا۔
ایچ-ون بی ویزا اور امریکہ میں ہندوستانی ٹیلنٹ
امیگریشن کے موضوع پر بات کرتے ہوئے مسک نے کہا کہ امریکہ کو ایچ-ون بی ویزا نظام کے ذریعے ہندوستانی پیشہ ور افراد سے ”بے حد فائدہ“ ہوا ہے۔ اگرچہ انہوں نے اس کے غلط استعمال کے واقعات کو تسلیم کیا، لیکن انہوں نے پروگرام کو مکمل طور پر بند کرنے کے خیال کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے امریکی جدت کے پیچھے ہندوستانی ٹیلنٹ کو ایک کلیدی محرک قرار دیا۔ مسک کے اس تبصرے کا ٹیکنالوجی کے میدان میں سرگرم ہندوستانی تارکین وطن کی جانب سے بڑے پیمانے پر خیرمقدم کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: یورپ مصنوعی ذہانت کی دوڑ میں امریکہ کے ساتھ قدم ملانے کیلئے کوشاں
اسٹار لنک کے ہندوستان کے منصوبے
مسک نے ہندوستان میں اسٹار لنک متعارف کرانے میں اپنی دلچسپی کی تصدیق کی۔ انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس پہلے ہی تقریباً ۱۵۰ ممالک میں کام کر رہی ہے اور ہندوستان ایک ایسا مارکیٹ ہے جس میں وہ ”کام کرنا پسند کریں گے۔“ اس بیان نے اسپیس ایکس کے ذریعے ریگولیٹری منظوریوں اور دیہی ہندوستان میں رابطے کے مستقبل کے بارے میں نئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا ہے۔