• Thu, 27 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلمساز آدتیہ دھر کی وضاحت؛ ’’دھرندھر‘‘ میجر موہت شرما کی زندگی پر مبنی نہیں ہے

Updated: November 27, 2025, 8:01 PM IST | Mumbai

’’دھرندھر‘‘ کے ٹریلر کے بعد سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے لگیں کہ رنویر سنگھ کا کردار میجر موہت شرما کی حقیقی زندگی سے متاثر ہے۔ میجر موہت شرما کے بھائی نے بھی آدتیہ دھر سے براہِ راست وضاحت طلب کی۔ فلمساز نے سرکاری طور پر واضح کیا کہ فلم کا میجر موہت شرما کی زندگی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Picture: INN
تصویر:آئی این این

فلم ’’دھرندھر‘‘ کا ٹریلر ریلیز ہونے کے ایک ہفتے کے اندر ہی سوشل میڈیا پر شدید ہنگامہ اور قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔ فلم کی بڑھتی ہوئی ہائپ کے ساتھ ساتھ یہ رپورٹس بھی گردش کرنے لگیں کہ فلم کی کہانی مبینہ طور پر میجر موہت شرما کی حقیقی زندگی سے متاثر ہے۔ یہ وہی خفیہ بھارتی فوجی افسر جنہوں نے۲۰۰۰ء کی دہائی کے اوائل میں ’افتخار بھٹ‘ کے نام سے حزب المجاہدین میں دراندازی کی تھی۔ بہت سے صارفین اور رپورٹس نے دعویٰ کیا کہ فلم میں رنویر سنگھ کا کردار دراصل میجر موہت شرما سے متاثر ہے، جس سے شائقین کا تجسس مزید بڑھ گیا۔ تاہم، فلم کے ہدایتکار آدتیہ دھر نے باضابطہ طور پر تمام افواہوں کی تردید کر دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فلم کا میجر موہت شرما کی زندگی سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ بھی پڑھئے: دپیکا پڈوکون نے فلم ’’دُھرندھر‘‘ کا ٹریلر دیکھتے ہی رنویر سنگھ کو ’گرگٹ‘ کہا

میجر موہت شرما کے بھائی کا براہِ راست سوال
افواہوں کے زور پکڑنے کے بعد، میجر موہت شرما کے بھائی مدھر شرما نے آج ایکس پر آدتیہ دھر کو ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا کہ آیا فلم واقعی ان کے شہید بھائی پر مبنی ہے؟انہوں نے لکھا کہ ’’ایک معتبر میڈیا ہاؤس سے توقع ہوتی ہے کہ وہ حقائق کی رپورٹ کرے نہ کہ محض قیاس آرائیاں۔ والدین اس بات کی تصدیق کے منتظر ہیں کہ کیا یہ فلم ان کے بیٹے پر مبنی ہے۔ آدتیہ دھر فلمز مجھے نہیں لگتا کہ یہ موہت ہے، کیا آپ بتا سکتے ہیں؟‘‘

یہ بھی پڑھئے: رنویر سنگھ کی ’’دھرندھر‘‘ کا نغمہ ’’عشق جلا کر‘‘ (کارواں) ریلیز، ۱۹۶۰ء کی قوالی سوشل میڈیا پر وائرل

آدتیہ دھر کا جواب
ہدایتکار نے فوری جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’سر، ہماری فلم ’دھرندھر‘ بہادر میجر موہت شرما کی زندگی پر مبنی نہیں ہے۔ اگر ہم کبھی مستقبل میں موہت سر پر بائیوپک بناتے ہیں تو یہ ان کے خاندان کی مکمل رضامندی اور ان کی عظیم قربانی کے احترام کے ساتھ ہوگا۔‘‘
خیال رہے کہ ’دھرندھر‘ کی کہانی آپریشن لیاری پر مبنی ہے۔ فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں:رنویر سنگھ، سنجے دت، ارجن رامپال، آر مادھون اور اکشے کھنہ۔ یہ فلم ۵؍ دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK