عدالت نے رائنا اور تین دیگر کونٹینٹ کریئٹرز کو حکم دیا کہ وہ معذور افراد کے علاج کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے میں مدد کیلئے اپنی مقبولیت کا استعمال کریں۔
EPAPER
Updated: November 27, 2025, 10:00 PM IST | New Delhi
عدالت نے رائنا اور تین دیگر کونٹینٹ کریئٹرز کو حکم دیا کہ وہ معذور افراد کے علاج کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے میں مدد کیلئے اپنی مقبولیت کا استعمال کریں۔
سپریم کورٹ نے جمعرات کو کامیڈین اور یوٹیوبر سمے رائنا کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے شوز میں معذور افراد کو پرفارم کرنے یا شامل ہونے کی دعوت دیں اور ان کی کامیابی کی کہانیاں شیئر کریں۔ عدالت نے رائنا اور تین دیگر کونٹینٹ کریئٹرز سے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی مقبولیت کا استعمال معذور افراد کے علاج کیلئے فنڈ اکٹھا کرنے میں مدد کیلئے کریں۔
چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں ایک بنچ نے اس اقدام کو سزا نہیں بلکہ ”سماجی ذمہ داری“ قرار دیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ”آپ سبھی معاشرے میں اچھی جگہ پر ہیں۔ اگر آپ بہت زیادہ مقبول ہوگئے ہیں، تو اسے دوسروں کے ساتھ تقسیم کریں۔“ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگلی سماعت سے پہلے اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔
سپریم کورٹ کی یہ ہدایات، ’کیور ایس ایم اے فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے دائر کی گئی پٹیشن کے بعد سامنے آئیں، جس میں رائنا اور دیگر پر اپنے شو میں معذور افراد کے متعلق غیر حساس اور توہین آمیز تبصرے کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ یوٹیوب شو ”انڈیاز گاٹ لیٹنٹ“ میں نشر ہونے والے کئی متنازع پرفارمنس سے جڑا ہوا ہے۔ شو میں شریک ہوئے ایک پرفارمر سنتوش پترا کے لطیفوں کو وسیع پیمانے پر معذور افراد کا مذاق اڑانے والا سمجھا گیا۔ شو کے ججوں نے ابتداء میں ان تبصروں کی حمایت کی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
ایک اور تنازع، فاتح پرفارمر بنٹی بنرجی سے متعلق تھا جس نے اپنے لطیفوں میں اداکارہ دیپیکا پاڈوکون کے ڈپریشن اور ان کی زچگی کی جدوجہد کا حوالہ دیا تھا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ رائنا کو بھی اس معاملے میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے ردعمل دینے پر غم و غصے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: سپریم کورٹ کا رویہ سخت، حراستی اموات کو ناقابل برداشت بتایا
جمعرات کی سماعت کے دوران، چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت عظمیٰ، معذور افراد کے علاج میں امداد کیلئے ایک مخصوص فنڈ کے خیال پر غور کر رہی ہے، جو ممکنہ طور پر ایک حکومتی وزارت کے تحت قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے تجویز دی کہ نمایاں کونٹینٹ کریئٹرز، اس کاز میں کارپوریٹ اداروں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسے فنڈ کی تشہیر کر سکتے ہیں۔