بالی ووڈ میں فلموں کے عنوان (ٹائٹل) کی ہمیشہ سے خاص اہمیت رہی ہے۔ کئی فلم سازوں کا ماننا ہے کہ بعض عنوانات ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں اور باکس آفس پر کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 21, 2026, 11:22 AM IST | Mumbai
بالی ووڈ میں فلموں کے عنوان (ٹائٹل) کی ہمیشہ سے خاص اہمیت رہی ہے۔ کئی فلم سازوں کا ماننا ہے کہ بعض عنوانات ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں اور باکس آفس پر کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
بالی ووڈ میں فلموں کے عنوان (ٹائٹل) کی ہمیشہ سے خاص اہمیت رہی ہے۔ کئی فلم سازوں کا ماننا ہے کہ بعض عنوانات ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں اور باکس آفس پر کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسا ہی ایک مشہور عنوان ’ہلچل‘ہے،جس کے نام سے ہندی سنیما میں مختلف ادوار میں چار الگ الگ فلمیں بنائی گئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چاروں فلموں کی کہانی، کردار اور انداز ایک دوسرے سے بالکل مختلف تھے۔۱۹۵۱ءسے لےکر ۲۰۰۴ءتک جب بھی ’ہلچل‘کے نام سے کوئی فلم سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش ہوئی، اس نے ناظرین کو ایک نیا تجربہ دیا۔ البتہ باکس آفس پر ہر فلم کی قسمت الگ رہی۔ آئیے، ان چاروں فلموں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: گیتا دت کی درد میں ڈوبی آواز سامعین کو الگ دنیا میں لے جاتی ہے
ہلچل(۱۹۵۱ء)سیمی ہٹ:’ہلچل‘ کے عنوان سے پہلی فلم ۱۹۵۱ءمیںبلیک اینڈ وائٹ سنیما کے سنہرے دور میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کی ہدایت کاری ایس کے اوجھا نے کی تھی۔فلم کی سب سے بڑی خاصیت اس کی شاندار اسٹار کاسٹ تھی، جس میں دلیپ کمار اور نرگس مرکزی کرداروں میں نظر آئے، جبکہ بلراج ساہنی نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ اس زمانے میں دلیپ کمار اپنی مقبولیت کے عروج پر تھے۔سنجیدہ کہانی اور عمدہ اداکاری کی بدولت فلم کو ناظرین نے پسند کیا۔ اگرچہ یہ بڑی بلاک بسٹر ثابت نہیں ہوئی، تاہم اپنی لاگت بآسانی وصول کرتے ہوئے سیمی ہٹ قرار پائی۔
ہلچل(۱۹۷۱ء) اوسط کامیابی:پہلی فلم کے تقریباً ۲۰؍برس بعد،۱۹۷۱ءمیں ہدایت کار او پی رلہن اسی عنوان کے ساتھ ایک نئی فلم لے کر آئے۔یہ ایک تھریلر کامیڈی فلم تھی، جس میں کبیر بیدی، زینت امان، ہیلن اور خود او پی رلہن نے اداکاری کی۔اسی فلم کے ذریعے کبیر بیدی اور زینت امان نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا۔اگرچہ فلم میںسسپنس، موسیقی اور نئے چہروں کی کشش موجود تھی، لیکن یہ ناظرین کو بڑی تعداد میں سینما گھروں تک کھینچنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
یہ بھی پڑھئے: سلمان خان کی ’’ماتر بھومی‘‘ کا نام پھر تبدیل، نئے پوسٹر سے ہدایتکار کا نام غائب
ہلچل(۱۹۹۵ء)ہٹ:۱۹۹۰ءکی دہائی ایکشن اور رومانس سے بھرپور فلموں کا دور تھا۔ ایسے میں ۱۹۹۵ءمیں ہدایت کار انیس بزمی نے ایک مرتبہ پھر ’ہلچل‘ کے عنوان سے فلم بنائی۔اس فلم میں اجے دیوگن اور کاجول کی مقبول جوڑی پہلی بار اس عنوان کے ساتھ جلوہ گر ہوئی، جبکہ ونود کھنہ اور رونیت رائے نے بھی اہم کردار ادا کیے۔ اجے دیوگن کا زبردست ایکشن، کاجول کے ساتھ ان کی دلکش کیمسٹری اور فلم کے مقبول گیت ناظرین کو بے حد پسند آئے۔اگرچہ فلم سپر ہٹ نہیں بن سکی، لیکن باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی اور اسے ہٹ فلموں میں شمار کیا گیا۔
ہلچل(۲۰۰۴ء)سب سے بڑی ہٹ:۲۰۰۴ءمیںمعروف ہدایت کار پریہ درشن نے اسی عنوان کے ساتھ ایک نئی فلم پیش کی، لیکن اس بار انہوں نے ایکشن کے بجائے خالص مزاحیہ انداز اپنایا۔اکشے کھنہ اور کرینہ کپور کی مرکزی کرداروں پر مبنی یہ فلم دو دشمن خاندانوں کے درمیان پنپنے والی ایک دلچسپ اور پیچیدہ محبت کی کہانی تھی۔فلم میں پریش راول، امریش پوری، ارشد وارثی اور جیکی شروف جیسے اداکاروں کی شاندار مزاحیہ اداکاری نے اسے یادگار بنا دیا۔بہترین اسکرین پلے، مضبوط مکالموں اور لاجواب کامیڈی کی بدولت فلم نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی اور’ہلچل‘کے عنوان سے بننے والی چاروں فلموں میں سب سے زیادہ کامیاب ثابت ہوئی۔