• Wed, 09 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرانسس ٹیافو نے ایلکس مائیکلسن کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

Updated: September 09, 2026, 4:02 PM IST | New York

فرانسس ٹیافو نے منگل کو یو ایس اوپن میں اپنے کریئر کی یادگار ترین فتوحات میں سے ایک حاصل کرتے ہوئے دو سیٹ سے پچھڑنے کے بعد شاندار واپسی کی اور پانچویں سیٹ میں ۰۔۳؍کے نقصان کو ختم کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں اپنے ہی ملک کے ایلکس مائیکلسن کو شکست دے دی۔

Frances Tiafoe.Photo:X
فرانسس ٹیافو۔ تصویر:ایکس

  فرانسس ٹیافو نے منگل کو یو ایس اوپن میں اپنے کریئر کی یادگار ترین فتوحات میں سے ایک حاصل کرتے ہوئے دو سیٹ سے پچھڑنے کے بعد شاندار واپسی کی اور پانچویں سیٹ میں ۰۔۳؍کے نقصان کو ختم کرتے ہوئے کوارٹر فائنل میں اپنے ہی ملک کے ایلکس مائیکلسن کو شکست دے دی۔ پہلے دو سیٹ ہارنے کے بعد ٹیافو نے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں زبردست واپسی کرتے ہوئے مائیکلسن کو۷۔۵،۶۔۳، ۵۔۷، ۳۔۶، ۶۔۷؍ سے شکست دی۔ مائیکلسن تیسرے سیٹ میں ۴۔۵؍پر میچ جیتنے کے لیے سروس کر رہے تھے، لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔ چار گھنٹے ۳۸؍ منٹ جاری رہنے والے اس مقابلے میں وہ کئی مرتبہ اپنی برتری کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

یہ بھی پڑھئے:تکارام منڈے کی جون تا اگست ۸۸۰؍ دواساز کمپنیوں کیخلاف کارروائی

تیسرے سیٹ میں  ۴۔۵؍ سے پیچھے ہونے کے وقت اپنی حکمت عملی کے بارے میں ٹیافو نے کہا’’مجھے امید تھی کہ وہ دباؤ میں آجائیں گے۔ انہوں نے مجھے کچھ مواقع دیے اور چند ڈبل فالٹ بھی کیے۔ اس کے بعد آہستہ آہستہ مجھے اپنی تال مل گئی، میں نے تیسرا سیٹ جیتا اور بتدریج بہتر کھیلنے لگا۔ تاہم وہ ایک شاندار کھلاڑی ہیں۔ انہیں آج آسانی سے جیتنا چاہیے تھا، اس لیے ایلکس مائیکلسن کی تعریف بنتی ہے۔ 
 ۲۰۲۲ء اور ۲۰۲۴ء میں یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد ٹیافو اب تیسری مرتبہ فلشنگ میڈوز میں اس مرحلے تک پہنچے ہیں۔ وہ اس صدی میں آندرے آگاسی(۰۳۔۲۰۰۲ء۔۲۰۰۵ء) کے بعد یو ایس اوپن کے سیمی فائنل میں تین مرتبہ پہنچنے والے پہلے امریکی مرد کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ۲۸؍ سالہ ٹیافو کا اگلا مقابلہ موجودہ چیمپئن اور عالمی نمبر تین کارلوس الکاراز یا اپنے ہی ملک کے بین شیلٹن سے ہوگا۔


منگل کے میچ میں ٹیافو کے لیے اہم موڑ تیسرے سیٹ میں ۴۔۵؍کے اسکور پر آیا۔ مائیکلسن، جو کوارٹر فائنل تک ایک بھی سیٹ نہیں ہارے تھے، اس وقت میچ جیتنے کے لیے سروس کر رہے تھے۔ لیکن ۲۲؍ سالہ مائیکلسن نے دو ڈبل فالٹ کیے، جس سے ٹیافو نے اسکور ۵۔۵؍ کردیا۔ اس کے بعد مائیکلسن نے۵۔۶، ۳۰۔۴۰؍ پر ایک ایس کے ذریعے سیٹ پوائنٹ بچایا، لیکن ایک اسمیش نہ مار پانے کا انہیں خمیازہ بھگتنا پڑا۔ ٹیافو نے مسلسل چوتھا گیم جیت کر مقابلہ چوتھے سیٹ تک پہنچا دیا۔
اس کے بعد ٹیافو نے چوتھے سیٹ میں زیادہ کھل کر کھیلنا شروع کیا اور کورٹ پر زبردست شاٹس لگاتے ہوئے آرتھر ایش اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے جوش کا بھرپور لطف اٹھایا۔ تاہم مائیکلسن نے بھی واپسی کی اور پانچویں سیٹ میں ۰۔۳؍کی برتری حاصل کرلی۔ اس کے باوجود ٹیافو نے ہمت نہیں ہاری۔ اہم لمحات میں وہ پُرسکون اور ثابت قدم رہے جبکہ مائیکلسن جدوجہد کرتے نظر آئے۔ بالآخر ۱۱؍ویں سیڈ ٹیافو نے پانچویں سیٹ کے ٹائی بریکر میں شاندار واپسی کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ فتح کے بعد ٹیافو نے خوشی میں ہاتھ بلند کیے اور پھر نیٹ کے قریب جذباتی نظر آنے والے مائیکلسن کو دلاسہ دیا۔

یہ بھی پڑھئے:میری ناکامیوں نے والدین کو بے بس کر دیا تھا: میگھنا گلزار

فتح کے بعد ٹیافو نے مذاق کرتے ہوئے کہا ’’ابتدائی چند گھنٹوں میں سب سو رہے تھے اور میں بھی آپ سب کے ساتھ سو رہا تھا۔ جیسے جیسے میچ آگے بڑھا، شائقین کا جوش ہمیشہ کی طرح شاندار رہا۔ میرے ساتھ رہنے کے لیے شائقین کا شکریہ۔ میں واقعی اس کی قدر کرتا ہوں۔ ‘‘ میچ کے اختتام تک مائیکلسن نے ٹیافو سے زیادہ مجموعی پوائنٹس جیتے، لیکن دونوں کے درمیان ہونے والے تین مقابلوں میں۱۱؍ویں سیڈ کھلاڑی نے تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کی۔ پانچ سیٹ کے اس سخت مقابلے میں مجموعی طور پر۴۰؍ بریک پوائنٹس دیکھنے کو ملے اور دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کی سروس آٹھ، آٹھ مرتبہ توڑی۔
نیویارک میں اپنے کریئر میں تیسری مرتبہ سیمی فائنل میں پہنچنے والے ٹیافو، جنہوں نے سال کا آغاز عالمی نمبر ۳۰؍ کے طور پر کیا تھا، عالمی درجہ بندی میں چار پائیدان اوپر چڑھ کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اس طرح یو ایس اوپن کے بعد جاری ہونے والی درجہ بندی میں ان کی ٹاپ ۱۰؍ میں واپسی یقینی ہوگئی ہے، جو ستمبر  ۲۰۲۳ءکے بعد پہلی مرتبہ ہوگی۔ امریکی کھلاڑی نے گزشتہ سال کے آخر میں نئے کوچ مارک کوواک کے ساتھ کام شروع کیا تھا اور حالیہ مہینوں میں شاندار فارم میں ہیں۔ وہ سنسناٹی میں اے ٹی پی ماسٹرز۱۰۰۰؍ کے فائنل تک بھی پہنچے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK