Updated: December 19, 2025, 7:05 PM IST
| New Delhi
ہندوستان کو پہلا ورلڈ کپ جتانے والے عظیم کپتان کپل دیو نے موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے کردار پر اہم بحث چھیڑ دی ہے۔ کولکاتا میں انڈین چیمبر آف کامرس کے ایک پروگرام کے دوران کپل دیو نے کہا کہ جدید کرکٹ میں گمبھیر کو کوچ کے بجائے ایک ٹیم منیجرکے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
کپل دیو اور گوتم گمبھیر۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کو پہلا ورلڈ کپ جتانے والے عظیم کپتان کپل دیو نے موجودہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے کردار پر اہم بحث چھیڑ دی ہے۔ کولکاتا میں انڈین چیمبر آف کامرس کے ایک پروگرام کے دوران کپل دیو نے کہا کہ جدید کرکٹ میں گمبھیر کو کوچ کے بجائے ایک ٹیم منیجرکے طور پر دیکھا جانا چاہیے، کیونکہ بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کے معنی بدل چکے ہیں۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے کہا ہے کہ جدید دور کی کرکٹ میں ہیڈ کوچ کا کردار اصل کوچنگ سے زیادہ کھلاڑیوں کو سنبھالنے اور ان کی حوصلہ افزائی تک محدود ہو چکا ہے۔ کپل دیو نے اپنے حالیہ بیان میں ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں کوچ کہنا درست نہیں بلکہ وہ ٹیم کے منیجر کے طور پر بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
کپل دیو نے کہا کہ آج کل کوچ کا لفظ غلط معنوں میں استعمال ہو رہا ہے، اسکول اور کالج میں جو تربیت دینے والے ہوتے ہیں، وہ اصل کوچ ہوتے ہیں، بین الاقوامی سطح پر کوچ کا کام ہر شعبے میں سکھانا نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو اعتماد دینا اور ٹیم کو متحد رکھنا ہوتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک سابق بلے باز کیسے لیگ اسپنر یا وکٹ کیپر کو تکنیکی کوچنگ دے سکتا ہے، اس سطح پر اصل ضرورت ایک ایسے منیجر کی ہوتی ہے جو کھلاڑیوں کو سہارا دے، ان کا حوصلہ بڑھائے اور انہیں یہ احساس دلائے کہ وہ بہتر کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:بینک آف جاپان نے شرح سود میں اضافہ کیا، ۳۰؍برسوں میں سب سے زیادہ
کپل دیو نے اپنی کپتانی کے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ جو کھلاڑی فارم میں نہیں ہوتے، اِنہیں زیادہ توجہ اور اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے، جو کھلاڑی سنچری بناتا ہے، وہ پہلے ہی پُراعتماد ہوتا ہے، اصل ضرورت ان کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گزارنے کی ہوتی ہے جو مشکلات کا شکار ہوں۔
یہ بھی پڑھئے:فیفا عرب کپ: مراکش نے سنسنی خیز فائنل میں اُردن کو شکست دے دی
ان کے مطابق ایک کپتان یا منیجر کی ذمہ داری صرف اپنی کارکردگی تک محدود نہیں ہوتی بلکہ پوری ٹیم کو جوڑ کر رکھنا اور ہر کھلاڑی کو اعتماد دینا اصل قیادت ہے۔ کپل دیو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی ۰۔۲؍ ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی حکمت عملی پر تنقید ہو رہی ہے، خاص طور پر کھلاڑیوں کی مسلسل تبدیلی اور بولرز پر انحصار کرنے پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔