آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ۳۸؍ سالہ میکسویل فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کرکٹ سے بھی دور ہوجائیں گے، تاہم بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبورن اسٹارز کی جانب سے کھیلتے رہیں گے۔
EPAPER
Updated: November 03, 2026, 5:05 PM IST | Sydney
آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ۳۸؍ سالہ میکسویل فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کرکٹ سے بھی دور ہوجائیں گے، تاہم بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبورن اسٹارز کی جانب سے کھیلتے رہیں گے۔
آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ ۳۸؍ سالہ میکسویل فرسٹ کلاس اور لسٹ اے کرکٹ سے بھی دور ہوجائیں گے، تاہم بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں میلبورن اسٹارز کی جانب سے کھیلتے رہیں گے۔ ان کا معاہدہ۲۸۔۲۰۲۷ء سیزن تک بڑھا دیا گیا ہے۔ میکسویل نے گزشتہ سال جون میں ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، تاہم ٹی۲۰؍ کے لیے خود کو دستیاب رکھا اور۲۰۲۶ء کا ٹی۲۰؍ورلڈ کپ بھی کھیلا، جہاں آسٹریلیا کی ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی۔ اس ٹورنامنٹ میں فروری میں عمان کے خلاف آسٹریلیا کا آخری میچ ہی ان کا ملک کے لیے آخری بین الاقوامی میچ ثابت ہوا۔ اس میچ میں انہوں نے گیند سے دو وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ انہیں بلے بازی کا موقع نہیں ملا تھا۔
میکسویل نے فائنل ورڈ پوڈکاسٹ پر کہا کہ ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ سے پہلے اور اس کے بعد ٹیم انتظامیہ کے ساتھ کئی بات چیت ہوئی تھیں، لیکن ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا اور مستقبل کے لیے دروازہ کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کو کچھ سیریز کھیلنی تھیں اور ٹیم مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہی تھی، جس کی مثال بنگلہ دیش میں بھی دیکھی گئی، جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع ملے اور انہوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:دیا مرزا کے ویڈیو پر بی جے پی لیڈروں کے تبصروں سے بامبے ہائی کورٹ برہم
دو مرتبہ ون ڈے ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ رہنے والے میکسویل نے ۲۰۲۱ء میں آسٹریلیا کو ٹی۲۰؍عالمی چیمپئن بنانے والی ٹیم میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا اور فائنل میں فاتحانہ رنز بنائے تھے۔ ان کی خواہش تھی کہ وہ اپنے گھریلو میدان پر آسٹریلیا کے لیے آخری بار میدان میں اتریں۔ انہوں نے کہا کہ شاید انہیں میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں الوداعی میچ ملنے کی امید تھی، لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ ٹیم انتظامیہ کس سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ میکسویل نے کہا کہ ۲۰۲۸ء اولمپکس کے پیش نظر آئندہ ۱۲؍ سے ۲۴؍ ماہ میں آسٹریلوی ٹیم میں کئی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں اور ٹیم کو نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی دباؤ کا تجربہ دینے کی ضرورت ہے، جو ہمیشہ بی بی ایل میچوں سے حاصل نہیں ہوتا۔ انہوں نے ستمبر میں پہلے یورپی ٹی۲۰؍ پریمیئر لیگ کے فائنل میں بیلفاسٹ وولوز کی کپتانی کی تھی اور پانچ دن بعد ون ڈے کپ میں دو میچوں کے لیے وکٹوریہ کی نمائندگی کی۔انہوں نے بتایا کہ وکٹوریہ کے لیے آخری ون ڈے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں کو یہ بتانا کہ یہ ریاستی ٹیم کے لیے ان کا آخری میچ ہے، ان کے لیے توقع سے زیادہ مشکل تھا۔ میکسویل نے کہا کہ ان کے کریئر میں ساتھی کھلاڑیوں اور وکٹوریہ سے ملنے والی حمایت کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ اپنے جسم کو کچھ وقت دینا چاہتے ہیں تاکہ اپنے کریئر کے باقی چند ٹورنامنٹس میں کھیلنے کے لیے خود کو تیار رکھ سکیں۔
یہ بھی پڑھئے:فلموں میں آنے سے قبل سنیل دت ریڈیو پر ایک پروگرام پیش کرتے تھے
انگلینڈ کے وہائٹ بال دورے میں میلبورن میں ایک ٹی۲۰؍ میچ بھی شامل ہے اور آسٹریلیا کے اسٹار بلےبازمیکسویل اس میچ کے لیے خود کو تیار کرنے پر غور کر رہے تھے۔ تاہم انہوں نے بی بی ایل کے لیے مکمل طور پر فٹ ہونے کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ گھٹنے میں انجکشن لگوانے کے بجائے اب وہ اپنے جسم کو آٹھ ہفتے کی مکمل بحالی کا وقت دے رہے ہیں تاکہ آنے والی بی بی ایل کے لیے مضبوط اور تیار ہوسکیں۔میکسویل نے آسٹریلیا کے لیے ۱۳۰؍ ٹی۲۰؍ بین الاقوامی میچ کھیلے، جن میں۴۲ء۱۵۴؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۲۸۹۷؍ رنز بنائے اور ۵۱؍ وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے نام اس فارمیٹ میں پانچ سنچریاں ہیں، جو عالمی ریکارڈ ہے اور وہ یہ ریکارڈ ٹیم انڈیا کے اسٹار بلے باز روہت شرما کے ساتھ مشترکہ طور پر رکھتے ہیں۔ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے سات ٹیسٹ میچ بھی کھیلے، جن میں آخری ۲۰۱۷ء میں تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا بہترین اسکور۱۰۴؍ رنز ہے، جو انہوں نے رانچی میں ہندوستان کے خلاف بنایا تھا، جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر ۳۳۹؍ رنز بنائے۔