Updated: July 22, 2026, 3:57 PM IST
| Los Angeles
ہالی ووڈ کی معروف نوجوان اور سماعت سے محروم اداکارہ کیلی ہوٹل (Kaylee Hottle)، جنہوں نے ’’گوڈزیلا ورسیز کانگ‘‘ اور ’گوڈزیلا ایکس کانگ: دی نیو ایمپائر‘ میں جیا (Jia) کا کردار ادا کرکے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی، ۱۸؍ برس کی عمر میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں۔
کیلی ہوٹل۔تصویر: آئی این این
ہالی ووڈ کی ابھرتی ہوئی اداکارہ کیلی ہوٹل، جنہوں نے کم عمری میں ہی اپنی منفرد اداکاری اور سماعت سے محروم افراد کی مؤثر نمائندگی کے ذریعے عالمی شناخت حاصل کی، ۱۸؍ برس کی عمر میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئیں۔ ان کی اچانک موت نے فلمی صنعت، ان کے مداحوں اور دنیا بھر کی ڈیف (Deaf) کمیونٹی کو سوگوار کر دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ حادثہ امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر فریڈرک کے قریب پیش آیا، جہاں کیلی ایک گاڑی میں سوار تھیں۔ حادثے کے بعد انہیں فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ حکام کے مطابق گاڑی ایک دو رویہ سڑک سے بے قابو ہو کر کنارے سے ٹکرا گئی، جبکہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: گیت ’تڑپ تڑپ کے‘ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ کیلئے تیار نہیں کیا گیا تھا
کیلی ہوٹل نے ۲۰۲۱ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’گوڈزیلا ورسیز کانگ‘‘ میں جیا کے کردار سے شاندار آغاز کیا تھا۔ فلم میں انہوں نے ایک سماعت سے محروم بچی کا کردار ادا کیا، جو اشاروں کی زبان کے ذریعے کانگ سے ایک منفرد جذباتی رشتہ قائم کرتی ہے۔ ان کی فطری اداکاری کو ناقدین اور شائقین دونوں نے بے حد سراہا، جس کے بعد انہوں نے ۲۰۲۴ء کی فلم ’’گوڈزیلا ایکس کانگ: دی نیو ایمپائر‘‘ میں بھی یہی کردار دہرایا۔ اس کردار پر انہیں سیٹرن ایوارڈ میں بہترین کم عمر اداکارہ کی نامزدگی بھی ملی۔
یہ بھی پڑھئے: فلم’ستیہ‘ میں شیفالی شاہ کو شامل کروانے کیلئے منوج باجپئی نےڈائریکٹر کو منایا تھا
کیلی ایک ایسے خاندان سے تعلق رکھتی تھیں جہاں کئی نسلوں سے افراد سماعت سے محروم تھے، اسی لیے وہ امریکی اشاروں کی زبان (ASL) میں روانی رکھتی تھیں۔ ان کی کامیابی نے ہالی ووڈ میں سماعت سے محروم فنکاروں کی نمائندگی کو نئی پہچان دی۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران ان کے ساتھی اداکار ریبیکا ہال اور الیگزینڈر اسکارسگارڈ نے بھی ان سے بہتر رابطے کے لیے اشاروں کی زبان سیکھی تھی، جس کا ذکر متعدد مواقع پر کیا گیا۔ ان کے انتقال کے بعد ٹیکساس اسکول فار دی ڈیف، جہاں وہ تعلیم حاصل کر رہی تھیں، نے انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ کیلی نے اپنی صلاحیت، محنت اور حوصلے سے نہ صرف فلمی دنیا بلکہ سماعت سے محروم افراد کی پوری برادری کو متاثر کیا۔ اداکارہ ریبیکا ہال سمیت کئی فنکاروں نے بھی سوشل میڈیا پر ان کے لیے تعزیتی پیغامات جاری کیے۔ کم عمری میں کیلی ہوٹل کی وفات کو ہالی ووڈ اور ڈیف کمیونٹی کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔