Updated: December 06, 2025, 5:58 PM IST
| Mumbai
ہندوستان میں انڈیگو کی پروازوں کو بڑے پیمانے پر تاخیر اور منسوخی کا سامنا ہے، جس کے باعث ہزاروں مسافر ممبئی، دہلی اور حیدرآباد سمیت مختلف ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں مایوس مسافروں کو عملے پر برہمی کا اظہار کرتے دیکھا گیا۔ اس صورتحال میں اداکار سونو سود اور کامیڈین ویر داس نے عوام سے اپیل کی کہ وہ زمینی عملے کو موردِ الزام نہ ٹھہرائیں، کیونکہ حالات ان کے کنٹرول میں نہیں ہوتے۔
سونو سود اور ویر داس۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کی بڑی ایئر لائنز میں شمار ہونے والی انڈیگو کو ملک بھر میں شدید پرواز ی رکاوٹوں کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں پروازیں منسوخ اور ہزاروں مسافر ممبئی، نئی دہلی اور حیدرآباد سمیت مختلف ہوائی اڈوں پر پھنس گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی متعدد ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ پریشان حال مسافر تاخیر اور منسوخی پر زمینی عملے پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔ اسی صورتحال کے دوران اداکار سونو سود اور اسٹینڈ اَپ کامیڈین ویر داس نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنا غصہ ایئر لائن کے ان ملازمین پر نہ نکالیں جو خود بے بس ہیں اور حالات پر ان کا کوئی اختیار نہیں۔
یہ بھی پڑھئے:نیٹ فلکس نے وارنر بروز ڈسکوری کو ۷ء۸۲؍ بلین ڈالر میں خرید لیا
ویر داس نے ایکس پر لکھا کہ زمینی عملے کے بجائے انڈیگو کی سینئر انتظامیہ کو ایئرپورٹس پر آکر مسافروں کے سوالات کا سامنا کرنا چاہئے۔ ان کے مطابق ’’انڈیگو کا پورا سینئر مینجمنٹ، سی ای او سے لے کر وی پیز تک، کو موقع پر موجود ہو کر جواب دینا چاہئے، نہ کہ وہ جونیئر ملازمین جو نہ طاقت رکھتے ہیں نہ اختیار، اور جنہیں چیخ و پکار برداشت کرنی پڑتی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:رنویر سنگھ کی ’’دھرندھر‘‘ کا دھماکے دار آغاز، پہلے دن ۲۷؍ کروڑ کی کمائی
سونو سود نے بھی ایک ویڈیو شیئر کیا، جس میں انہوں نے مسافروں کو صبر و تحمل کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ زمینی عملہ بھی اس صورتحال میں بے یار و مددگار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا اپنا خاندان بھی انہی تاخیرات سے متاثر ہوا اور انہیں ۴؍ سے ۵؍ گھنٹے تک انتظار کرنا پڑا۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ ’’ہر کوئی مایوس ہے، بہت سی اہم میٹنگز اور تقریبات متاثر ہوئی ہیں، لیکن ذرا سوچیں کہ گراؤنڈ اسٹاف کیسی بے بسی میں کام کر رہا ہے۔‘‘ سونو سود نے پوسٹ میں مزید لکھا کہ ’’پرواز کی تاخیر تکلیف دہ ہوتی ہے، لیکن یاد رکھیں کہ اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش بھی یہی لوگ کر رہے ہیں۔ براہِ کرم انڈیگو کے عملے کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں۔‘‘
ادھر انڈیگو انتظامیہ تکنیکی خرابیوں، عملے کی کمی اور پائلٹس کے ڈیوٹی آورز سے متعلق نئے قوانین کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہے، جس نے ملک بھر میں پروازوں کے شیڈول کو متاثر کیا ہے اور ہزاروں مسافر تاخیر کا سامنا کر رہے ہیں۔