Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۶ء: ہسرنگا کی جگہ ایل ایس جی ٹیم میں شامل ہوئے جارج لِنڈے

Updated: April 10, 2026, 7:03 PM IST | New Delhi

لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر جارج لِنڈے کو ونیندو ہسرنگا کی جگہ ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ ہسرنگا انجری کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء سے باہر ہو گئے ہیں۔

George Linde.Photo:INN
جارج لِنڈے۔ تصویر:آئی این این

 لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر جارج لِنڈے کو ونیندو ہسرنگا کی جگہ ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ ہسرنگا انجری کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء سے باہر ہو گئے ہیں۔
 ایل ایس جی نے نیلامی میں ہسرنگا کو ۲؍ کروڑ روپے میں خریدا تھا، لیکن آئی سی سی مینز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں سری لنکا کے پہلے میچ کے دوران لگنے والی ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ ہسرنگا ابھی تک اپنی انجری سے مکمل طور پر صحتیاب نہیں ہو سکے، جس کی وجہ سے وہ اس سیزن میں ایل ایس جی کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ جارج لِنڈے پہلی بار آئی پی ایل میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ ایل ایس جی نے  لِنڈے کو ان کے بیس پرائس ایک کروڑ روپے میں ٹیم میں شامل کیا ہے۔
جارج  لِنڈےجنوبی افریقہ کے لیے اب تک۳؍  ٹیسٹ، ۴؍ون ڈے اور ۳۷؍ ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ٹی۲۰؍ فارمیٹ میں ۴۰۳؍ رنز بنانے کے ساتھ ساتھ ۳۵؍ وکٹ بھی حاصل کئے ہیں۔ لِنڈے کے پاس ٹی۲۰؍ کرکٹ کا کافی تجربہ موجود ہے اور وہ ۲۵۰؍ ٹی۲۰؍ میچز کھیل چکے ہیں۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیم اس سیزن کے باقی میچوں میں جارج لنڈے سے شاندار کارکردگی کی امید رکھے گی۔

یہ بھی پڑھئے:کلاسک فلم ’’جاز‘‘ اگلے ہفتے ہندوستانی سنیما گھروں میں دوبارہ ریلیز ہوگی


آئی پی ایل  ۲۰۲۶ء میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے اب تک ۳؍ میچز کھیلے ہیں، جن میں سے ۲؍ میں انہیں فتح حاصل ہوئی ہے جبکہ ایک میچ میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ایل ایس جی نے اپنے آخری میچ میں کولکاتا  نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ۳؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ آخری گیند تک جانے والے سنسنی خیز مقابلے میں ایل ایس جی کی فتح کے ہیرو ۲۱؍ سالہ بلے باز مکول چودھری رہے، جنہوں نے ۲۷؍ گیندوں پر۵۴؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھئے:ایشین باکسنگ میں ہندوستان کا ڈنکا: ہندوستان نے جیتے ۵؍ طلائی تمغے


پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کے کے آر نے ۲۰؍ اوورز میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر اسکور بورڈ پر ۱۸۱؍ رنز بنائے تھے۔ ایل ایس جی نے آیوش بدونی اور مکول کی نصف سنچریوں کی بدولت ۱۸۲؍ رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا۔ آیوش نے ۳۴؍ گیندوں پر ۵۴؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ مکول نے ۵۴؍ رنز کی ناقابل شکست اننگز میں ۲؍ چوکے اور۷؍ بلند و بالا چھکے لگائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK