Updated: October 07, 2025, 10:20 PM IST
| New York
نیٹ فلکس کی نئی دستاویزی سیریز ’’فیمس لاسٹ ورڈز‘‘ میں معروف ماہرِ چمپینزی اور ماحولیاتی کارکن ڈاکٹر جین گڈال کے ایک چونکا دینے والے انٹرویو نے عالمی سطح پر بحث چھیڑ دی ہے۔ حال ہی میں انتقال کرجانے والی گڈال نے انٹرویو میں کہا کہ اگر موقع ملا تو وہ ایلون مسک، ڈونالڈ ٹرمپ، ولادیمیر پوتن، شی جن پنگ اور بنجامننیتن یاہو جیسے لیڈروں کو ’’مسک کے اسپیس شِپ‘‘ میں ڈال کر کسی دوسرے سیارے پر بھیجنا پسند کریں گی۔
جین گڈال۔ تصویر: آئی این این
نیٹ فلکس کی دستاویزی سیریز Famous Last Words (فیمس لاسٹ ورڈز) میں ریکارڈ کئے گئے ایک انٹرویو میں مشہور برطانوی ماہر حیوانات جین گڈال نے ان مردوں کی فہرست بیان کی جنہیں وہ زمین سے باہر کسی دوسرے سیارے پر بھیجنا چاہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسے لوگ ہیں جنہیں میں پسند نہیں کرتی، اور میں انہیں (ایلون) مسک کے خلائی جہازوں میں سے ایک پر رکھنا چاہوں گی اور انہیں اُس سیارے پر بھیج دوں گی جسے وہ دریافت کرنے والا سمجھتا ہے۔‘‘ گڈال نے اس فہرست میں ایلون مسک، سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوتن، چینی صدر شی جن پنگ اور اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نیتن یاہو کے نام شامل کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’مسک کے ساتھ ٹرمپ اور اس کے حقیقی حامیوں میں سے کچھ ہوں گے، پھر پوتن، شی جن پنگ، اور یقینی طور پر نیتن یاہو اپنی انتہائی دائیں بازو کی حکومت سمیت۔‘‘ یاد رہے کہ یہ انٹرویو مارچ ۲۰۲۵ء میں ریکارڈ کیا گیا تھا، اور گڈال کی خواہش تھی کہ اسے ان کے انتقال کے بعد نشر کیا۔
یہ بھی پڑھئے:یو این: ہندوستان کا پاکستان پر ’منظم نسل کشی‘ کا الزام، ’اپنےلوگوں پر بمباری کرنے والا ملک‘ قرار دیا
ایلون مسک کا خلائی منصوبہ اور گڈال کی تنقید
ایلون مسک نے دنیا کا سب سے بڑا راکٹ ’’اسٹار شپ‘‘ تیار کیا ہے، جس کے بارے میں وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ انسانوں اور سامان کو مریخ تک لے جا سکتا ہے۔مسک کا خواب ہے کہ آئندہ دہائی میں سرخ سیارے پر ایک نیا انسانی معاشرہ قائم کیا جائے۔ گڈال کی یہ طنزیہ فہرست دراصل ان عالمی تنازعات پر ان کی مایوسی کی عکاسی کرتی ہے جو روس یوکرین جنگ اور اسرائیل حماس تنازع کے باعث بڑھتے جا رہے ہیں۔
بطور اقوامِ متحدہ کی امن کی پیامبر گڈال نے ستمبر ۲۰۲۴ء میں عالمی یومِ امن پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’آئیے ہم تنازعات کے خاتمے کیلئے دعا کریں خاص طور پر غزہ کے لوگوں کے قتلِ عام کے خاتمے کیلئے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو ان افراد کے تحفظ کیلئے دعا کرنی چاہئے جو زخمیوں کی مدد، بھوکوں کو کھانا، اور جنگ سے متاثرہ جانوروں کی دیکھ بھال کیلئے اپنی جان خطرے میں ڈال رہے ہیں۔‘‘
ماضی میں بھی ٹرمپ پر تنقید
یہ پہلا موقع نہیں جب جین گڈال نے ٹرمپ پر تنقید کی ہو۔ ۲۰۱۶ء میں ’’دی اٹلانٹک‘‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’کئی لحاظ سے، ڈونالڈ ٹرمپ کا رویہ مجھے نر چمپینزیوں کے غلبے کے رسومات کی یاد دلاتا ہے۔‘‘ دوسری جانب، ٹرمپ اور مسک کے درمیان ۲۰۲۴ء کے انتخابات تک قریبی تعلقات رہے۔صدر بننے کے بعد، ٹرمپ نے ایلون مسک کو ایک نئے سرکاری گروپ ’’ڈاج‘‘ کا سربراہ بھی بنایا، جس کا مقصد وفاقی اخراجات کو کم کرنا تھا۔
جین گڈال کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وسیع پیمانے پر وائرل ہو چکا ہے، جہاں صارفین اسے ایک ’’خوش مزاح مگر معنی خیز تنقید‘‘ قرار دے رہے ہیں جو سیاست، طاقت اور انسانیت کے درمیان بڑھتی خلیج کی نشاندہی کرتی ہے۔