Updated: August 21, 2026, 4:04 PM IST
| London
انگلینڈ کے اسٹار بلے باز اور ٹیسٹ کپتان جو روٹ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار ۶۶؍ رنز کی اننگز کھیل کر ہندوستانی لیجنڈ سچن تینڈولکر کے ایک بڑے عالمی ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔ روٹ نے ہیڈنگلے میں پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں ۱۱۲؍گیندوں پر ۶۶؍رن بنائے، جس میں ۱۰؍ چوکے شامل تھے۔
انگلینڈ کے اسٹار بلے باز اور ٹیسٹ کپتان جو روٹ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار ۶۶؍ رنز کی اننگز کھیل کر ہندوستانی لیجنڈ سچن تینڈولکر کے ایک بڑے عالمی ریکارڈ کی برابری کرلی ہے۔ روٹ نے ہیڈنگلے میں پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں ۱۱۲؍گیندوں پر ۶۶؍رن بنائے، جس میں ۱۰؍ چوکے شامل تھے۔ اس دوران انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ۶۸؍ویں نصف سنچری مکمل کی اور سب سے زیادہ ٹیسٹ نصف سنچریوں کے معاملے میں تینڈولکر کے برابر پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھئے:عائشہ وہاب پہلی افغان نژاد امریکی کانگریس رکن بنیں، AIPAC حامی حریف کو شکست
سچن تینڈولکر نے اپنے شاندار ٹیسٹ کریئر میں ۲۰۰؍ میچوں کے دوران ۶۸؍نصف سنچریاں بنائی تھیں۔ ان کے نام ۵۱؍ ٹیسٹ سنچریاں اور۱۵۹۲۱؍ رنز بھی درج ہیں۔روٹ نے یہ ۶۸؍ نصف سنچریاں ۱۶۷؍ ٹیسٹ میچوں میں مکمل کی ہیں، یعنی انہوں نے تینڈولکر سے ۳۳؍ کم ٹیسٹ کھیل کر اس ریکارڈ کی برابری کی ہے۔
پاکستان کے خلاف تازہ اننگز کے ساتھ روٹ نے اس ٹیم کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ۱۵۵۳؍ رنز مکمل کرلیے ہیں۔ وہ پاکستان کے خلاف ۱۵۰۰؍ سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے صرف دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ ان سے پہلے انگلینڈ کے سابق بلے باز الیسٹر کک نے پاکستان کے خلاف ۱۷۱۹؍ رنز بنائے تھے۔ پاکستان کے خلاف روٹ کی یہ آٹھویں نصف سنچری تھی جبکہ وہ اس ٹیم کے خلاف دو سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔
روٹ کی ۶۶؍ رنز کی اننگز نے انہیں بطور ٹیسٹ کپتان سب سے زیادہ ۵۰؍ پلس اسکور بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں بھی اوپر پہنچا دیا۔ ان کے بطور کپتان ۵۰؍ یا اس سے زیادہ رنز کے ۴۲؍ اسکور ہوگئے ہیں، جس کے ساتھ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان کلائیو لائیڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ بھی پڑھئے:میں ذاتی طور پر شادی کے بعد ماں بیٹی جیسا رشتہ چاہتی ہوں:میناکشی
روٹ کی اننگز کی بدولت انگلینڈ نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف مضبوط پوزیشن بنالی۔ پاکستان اپنی پہلی اننگز میں صرف ۱۷۱؍رنزپر آل آؤٹ ہوگیا تھا، جبکہ دوسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے ۳۶۶/۸؍بنا کر ۱۹۵؍ رنز کی اہم برتری حاصل کرلی۔ روٹ نے جارڈن کاکس کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی۔ کاکس نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں ۷۳؍ رنز بنائے، جبکہ روٹ ۶۶؍ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ روٹ کی یہ کامیابی ان کے شاندار ٹیسٹ کریئر میں ایک اور تاریخی سنگِ میل ہے۔ اب سچن تینڈولکر اور جو روٹ مشترکہ طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ۶۸؍ نصف سنچریاں بنانے والے بلے باز ہیں۔