تمل سنیما کے دو بڑے سپر اسٹارز کمل ہاسن اور رجنی کانت کے نئے فلمی منصوبے ان دنوں موضوعِ بحث ہیں، وہیں کمل ہاسن کی آنے والی فلم نے اپنے نام اور موضوع کے باعث مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
EPAPER
Updated: November 07, 2026, 5:03 PM IST | Chennai
تمل سنیما کے دو بڑے سپر اسٹارز کمل ہاسن اور رجنی کانت کے نئے فلمی منصوبے ان دنوں موضوعِ بحث ہیں، وہیں کمل ہاسن کی آنے والی فلم نے اپنے نام اور موضوع کے باعث مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
معروف اداکار کمل ہاسن نے اپنی آخری فلم ’ٹھگ لائف‘ کے بعد اپنی نئی فلم کا اعلان کردیا ہے، جس کا نام ’سندیار‘ (Sandiyar) رکھا گیا ہے۔ یہ بدلے کی کہانی پر مبنی فلم ہوگی، جس کی موسیقی انیرودھ روی چندر ترتیب دیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ کمل ہاسن کی ۲۰۰۴ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’وروماندی‘ کا ابتدائی نام بھی ’سندیار‘ رکھا گیا تھا، تاہم اس عنوان پر احتجاج کے بعد فلم سازوں نے ریلیز سے قبل اس کا نام تبدیل کرکے ’وروماندی‘ کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: سلمان خان کی ’ماتربھومی‘ اور شردھا کپور کی ’ایٹھا‘ ۴ ؍ دسمبر کو آمنے سامنے
’سندیار‘ کے اعلان کی تیاری
کمل ہاسن کے پروڈکشن ہاؤس ’راج کمل فلمز انٹرنیشنل‘ نے جمعہ، ۶؍ نومبر کو شام ۵؍ بجے ایک بڑے اعلان کا اشارہ دیا تھا۔ پروڈکشن ہاؤس نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک نیا پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’بدلہ صرف خون سے ہی چکایا جاسکتا ہے۔ کل شام ۵؍ بجے۔‘‘ اس پوسٹ کے بعد مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا۔ پوسٹر میں کمل ہاسن کی دائیں آنکھ کا انتہائی قریب سے عکس دکھایا گیا ہے، جب کہ ان کے چہرے پر روشنی کی ایک عمودی لکیر پڑ رہی ہے۔ اداکار کے بال اور مونچھیں سفید ہیں اور ان کے چہرے پر سنجیدگی کے ساتھ اعتماد بھی نمایاں ہے۔ اگرچہ فلم سازوں نے ابھی تک فلم کی تفصیلات خفیہ رکھی ہیں، تاہم بدلے کی کہانی سے متعلق پوسٹر کے جملے نے فلم کے بارے میں تجسس مزید بڑھا دیا ہے۔
’سندیار‘ کی ہدایتکاری ایس یو ارون کمار کریں گے۔ اس فلم کے ذریعے وہ کمل ہاسن کے ساتھ پہلی مرتبہ کام کریں گے۔ اس سے قبل وہ ’پنّایارم پدمینیوم‘، ’سیتھوپتی‘ اور ’چتھا‘ جیسی فلمیں بنا چکے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ دیہی پس منظر میں بننے والی ایک سنجیدہ گینگسٹر اور ایکشن فلم ہوگی، جس کی کہانی مدورئی کے دیہی ماحول میں پیش کی جائے گی۔ فلم کی شوٹنگ ابھی شروع نہیں ہوئی ہے اور جمعہ کو ہونے والے اعلان سے اس منصوبے کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شاہ رخ خان بیٹی سہانا خان کی یادداشت سے حیران ہوگئے
کمل ہاسن کے دیگر آنے والے منصوبے
دریں اثنا، کمل ہاسن کے پاس اداکار اور پروڈیوسر کی حیثیت سے کئی دیگر فلمیں بھی ہیں۔ وہ رجنی کانت کی ایکشن تھریلر فلم ’دھرمن‘ کی سرپرستی کررہے ہیں، جس میں رجنی کانت ایک ڈاکٹر کا کردار ادا کریں گے۔ اس فلم کی ہدایتکاری اشوتھ ماریموتھو کررہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کمل ہاسن بھی اس فلم میں ایک اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم میں نین تارا، سمرن، راشی کھنہ، رام پوتھینی اور سری لیلا بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کمل ہاسن اور رجنی کانت تقریباً پانچ دہائیوں بعد ایک بار پھر ایک ساتھ پردۂ سیمیں پر نظر آنے والے ہیں۔ ان کی اس فلم کا عارضی نام ’کے ایچ ایکس آر کے ری یونین‘ رکھا گیا ہے۔ اس فلم کی موسیقی انیرودھ روی چندر ترتیب دیں گے، جب کہ ہدایتکاری نیلسن دلیپ کمار کریں گے۔ نیلسن فلم ’’جیلر ۲‘‘ کے بعد ایک بار پھر رجنی کانت کے ساتھ کام کررہے ہیں۔