Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کانٹارا: چیپٹر وَن‘‘ کے سیٹ پر اداکار کی موت، سیٹ آسیب زدہ ہونے کی بازگشت

Updated: May 08, 2025, 10:10 PM IST | Mumbai

’’کانٹارا: چیپٹرون‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک جونیئر آرٹسٹ دریا میں ڈوبنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا ہے۔ اس سے قبل فلم کے سیٹ پرآگ لگ گئی تھی۔ اس واقعے کے بعدفلم اداکارہ پوترا جے رام ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئی تھیں اور اداکارہ کی موت کے کچھ ہی دنوں بعد فلم اداکار چندرکانت نے خودکشی کرلی تھی۔

Kantara poster. Photo: INN.
کانٹارا کا پوسٹر۔ تصویر: آئی این این۔

’’کانٹارا: چیپٹرون‘‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا واقعہ افسوسناک موڑ اختیار کر گیا ہے۔ تازہ ترین رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ میں شامل ایک جونیئر آرٹسٹ دریا میں ڈوبنے کے باعث جان کی بازی ہار گیا ہے۔ یہ المناک واقعہ مبینہ طور پر ایک لوکیشن شوٹ کے دوران پیش آیا۔ اس واقعے کے بعد فلم کی جاری شوٹنگ پر غم کا ماحول پایا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق، مرنے والے اداکار کا نام کپل تھا اور وہ منگل کی دوپہر کولور سوپارنگا دریا میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ کپل دوپہر کے کھانے کے وقفے کے دوران تیرنے کیلئے دریا میں گیا تھالیکن بدقسمتی سے وہ ایک تیز بہاؤ کی لپیٹ میں آ کر بہہ گیا۔ واقعے کے فوری بعد مقامی حکام اور فائر ڈپارٹمنٹ نے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔ افسوسناک طور پر کپل کی لاش اسی شام دریا سے برآمد ہوئی۔ کولور پولیس اسٹیشن میں واقعے کی باقاعدہ ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور حکام نے حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: ہند پاک کشیدگی کے دوران فلم ’’بھول چوک معاف‘‘ کی تھیٹر ریلیز منسوخ

فلم کا سیٹ آسیب زدہ ہونے کی بازگشت
فلم ’’کانٹارا: چیپٹر وَن‘‘ کے سیٹ پر پیش آنے والے واقعات نے فلمی دنیا میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ پہلے فلم کے سیٹ پر آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس سے سیٹ کو شدید نقصان پہنچا۔ اس واقعے کے بعد اداکارہ پوترا جے رام ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔ مزید افسوسناک بات یہ ہے کہ ان کے ساتھی اداکار چندرکانت نے بھی مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ ان پے در پے حادثات کے بعد فلمی حلقوں میں یہ چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں کہ کہیں فلم کا سیٹ آسیب زدہ تو نہیں۔ بتا دیں کہ اداکارہ پوترا جے رام کی موت۱۳؍ مئی۲۰۲۴ء کو ایک سڑک حادثے میں ہوئی تھی۔ وہ اپنی کزن اپیکشا اور ساتھی اداکار چندرکانت کے ہمراہ سفر کر رہی تھیں، ان کی کار بے قابو ہو کر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی تھی۔ حادثے میں پوترا موقع پر ہی دم توڑ گئیں، جبکہ دیگر افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سلمان خان نے’’بجرنگی بھائی جان۲‘‘ پر گلوان حملے پر مبنی فلم کو ترجیح دی، مداح برہم

پوترا کی موت کے چند دن بعد، ان کے قریبی ساتھی اور اداکار چندرکانت نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔ رپورٹس کے مطابق وہ پوترا کی موت کے بعد شدید ذہنی تناؤ کا شکار تھے اور ان کی اچانک موت نے انہیں گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا تھا۔ ان واقعات کے بعد فلمی صنعت میں یہ سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ کیا ’’کانٹارا: چیپٹر وَن‘‘ کے سیٹ پر کوئی نحوست یا آسیب کا سایہ ہے۔ اگرچہ ان دعوؤں کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی، لیکن پے در پے پیش آنے والے ان افسوسناک واقعات نے فلمی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK