Updated: July 07, 2026, 9:07 PM IST
| Mumbai
ہدایت کار نتیش تیواری کی میگا بجٹ فلم ’’رامائن‘‘ کی ریلیز سے قبل ایک بڑی کاروباری پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز نے فلم کے ہندوستان میں تھیٹر تقسیم (ڈسٹری بیوشن) کے حقوق حاصل کر لیے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ معاہدہ تقریباً ۲۵۰؍ کروڑ روپے میں طے پایا ہے۔
بالی ووڈ کے فلم ساز کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز نتیش تیواری کی انتہائی متوقع فلم ’’رامائن‘‘ کی ہندوستانی تقسیم کار (ڈسٹری بیوٹر) بن گئی ہے۔ فلمی صنعت سے وابستہ متعدد تازہ رپورٹس کے مطابق دھرما پروڈکشنز نے فلم کے ہندوستان بھر میں تھیٹر ڈسٹری بیوشن کے حقوق حاصل کرنے کے لیے تقریباً ۲۵۰؍ کروڑ روپے کا معاہدہ کیا ہے، جسے حالیہ برسوں کے سب سے بڑے ڈسٹری بیوشن سودوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم کے پروڈیوسر نمت ملہوترا نے مختلف تقسیم کار کمپنیوں کو فلم کے تقریباً ۳۰؍ منٹ کے خصوصی مناظر دکھائے تھے تاکہ مناسب شراکت دار کا انتخاب کیا جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ انہی مناظر سے متاثر ہو کر دھرما پروڈکشنز نے اس منصوبے میں دلچسپی ظاہر کی۔ ابتدائی مذاکرات تقریباً ۵۰۰؍ کروڑ روپے سے شروع ہوئے، تاہم بعد ازاں دونوں فریقین کے درمیان تقریباً ۲۵۰؍ کروڑ روپے میں معاہدہ طے پایا۔
یہ بھی پڑھئے: نیلم کوٹھاری نے فرح خان کے ساتھ اپنا خاندانی رشتہ بتایا
یہ فلم دو حصوں پر مشتمل ایک بڑے سنیما منصوبے کے طور پر تیار کی جا رہی ہے۔ پہلے حصے میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا اور یش راون کے کردار میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ سنی دیول ہنومان، روی دوبے لکشمن، ارون گوول دشرتھ، لارا دتہ کیکئی، رکول پریت سنگھ شورپنکھا اور دیگر معروف فنکار بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کے بین الاقوامی اجرا کے لیے بھی بڑے پیمانے پر تیاری جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق بیرونِ ملک مارکیٹ میں فلم کی تقسیم کے لیے عالمی سطح کے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے ساتھ شراکت داری متوقع ہے، جبکہ فلم کو عالمی ناظرین تک پہنچانے کے مقصد سے امریکہ میں بھی اس کی ابتدائی تشہیری سرگرمیاں شروع کی جا چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: فلم’’ستلج‘‘ پر حکومتی کارروائی تیز، مرکز نے مواد کے جائزہ کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی
دوسری جانب فلم کے بارے میں یہ قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں کہ اس کا ٹریلر یا خصوصی پروموشنل ویڈیو رواں ماہ جاری کی جا سکتی ہے، اگرچہ اس حوالے سے ابھی تک باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ فلم کے شائقین سوشل میڈیا پر اس منصوبے کو سال کی سب سے زیادہ متوقع ہندوستانی فلم قرار دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ’رامائن: پارٹ ون‘ کو دیوالی ۲۰۲۶ء کے موقع پر سنیما گھروں میں پیش کیا جائے گا، جبکہ اس کا دوسرا حصہ ۲۰۲۷ء میں ریلیز کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ فلم جدید وی ایف ایکس، بڑے پیمانے کی پروڈکشن اور بین الاقوامی معیار کی تکنیکی ٹیم کے باعث پہلے ہی خاصی توجہ حاصل کر چکی ہے۔