Updated: October 13, 2025, 4:08 PM IST
| Mumbai
’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ (کے بی سی) سیزن ۱۷؍ کے جونیئر ایپی سوڈ کے ایک ویڈیو نے انٹرنیٹ پر طوفان برپا کر دیا ہے۔ گجرات کے گاندھی نگر سے تعلق رکھنے والے کم عمر مقابل اشیت بھٹ کے حد سے زیادہ پراعتماد اور جارحانہ رویے نے ناظرین کو حیران کر دیا جبکہ امیتابھ بچن کے تحمل اور شائستگی نے لوگوں کا دل جیت لیا۔
امیتابھ بچن اور اشیت بھٹ۔ تصویر: آئی این این
’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ سیزن ۱۷؍ کے ۹؍ اکتوبر کے ایپی سوڈ میں، پانچویں جماعت کے طالب علم اشیت بھٹ نے جب میزبان امیتابھ بچن (بگ بی) کو درمیان میں ٹوکتے ہوئے کہا کہ ’’میرے کو رولز (شرائط و ضوابط) معلوم ہیں، اس لئے آپ میرے کو ابھی اصول سمجھائیں مت بتانا!‘‘ تو تناظرین چونک اٹھے۔ اس کے بعد وہ مسلسل میزبان کو ہدایات دیتا رہا کبھی کہتا، ’’ارے آپشن ڈالو‘‘ اور کبھی اصرار کرتا، ’’سر ایک کیا اس میں چار لاک لگادو، لیکن لاک کرو۔‘‘ اشیت کا لہجہ جہاں کچھ ناظرین کو غیر مؤدبانہ لگا، وہیں کچھ نے اسے ایک بچے کی بے ساختہ خوداعتمادی قرار دیا۔ تاہم، جب وہ ۲۵؍ ہزار روپے کے سوال ’’“والمیکی رامائن کے پہلے کانڈا کا نام کیا ہے؟‘‘ کا درست جواب دینے میں ناکام رہا تو اسے خالی ہاتھ واپس جانا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے:احسان نورانی نےمغربی موسیقی کومشرقی موسیقی میں مدغم کیا
اس موقع پر امیتابھ بچن نے نرمی سے کہا، ’’کبھی کبھی بچے حد سے زیادہ اعتماد میں غلطی کر دیتے ہیں۔‘‘ ان کی بردباری نے ناظرین کو متاثر کر دیا۔یہ کلپ ایکس اور انسٹاگرام پر وائرل ہے جہاں صارفین کے درمیان شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ بعض نے بچے کے رویے کو ’’نئی نسل کی تربیت‘‘ کا نتیجہ قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’’اگر بچوں کو عاجزی، صبر یا آداب کے بغیر پالا جائے تو وہ چھوٹے آمر بن جاتے ہیں۔‘‘ ایک اور نے کہا کہ ’’اگر میزبان امیتابھ بچن نہیں کوئی اور ہوتا تو یہ برداشت نہیں کرتا۔‘‘ دوسری جانب، کچھ لوگوں نے اشیت کے حق میں آواز اٹھائی۔ معروف گلوکارہ چنمئی سری پادا نے لکھا کہ ’’یہاں بالغ افراد خود سب سے زیادہ گندے الفاظ استعمال کرتے ہیں، لیکن ایک بچے کو نفرت کا نشانہ بنا رہے ہیں یہ ہمارے آن لائن ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘کئی صارفین نے کہا کہ اشیت کا جوش غلط سمجھا گیا، ’’وہ بس ایک بچہ ہے، اسے آن لائن نفرت نہیں ملنی چاہئے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:ریکھا نے اپنی بے پناہ صلاحیتوں کے دم پر خوب نام کمایا
اگرچہ سوشل میڈیا پر بحث کا مرکز اشیت بھٹ بن گیا، لیکن حقیقی تعریفیں امیتابھ بچن کے نام رہیں۔ صارفین نے ان کے تحمل، وقار اور پیشہ ورانہ برتاؤ کو سراہا۔ایک مداح نے لکھا کہ ’’امیتابھ بچن نے جس وقار کے ساتھ صورتحال سنبھالی، وہ قابلِ تعریف ہے کوئی دوسرا شخص شاید غصے میں آجاتا۔‘‘ اس ایپی سوڈ نے ایک اہم سبق دیا کہ ’’اعتماد کے ساتھ عاجزی کا امتزاج ہی کامیابی کی کنجی ہے، جبکہ دباؤ میں تحمل ایک نایاب خوبی۔‘‘