Inquilab Logo Happiest Places to Work

کیدار شرما نے ’راج کپور، مدھو بالا اور گیتا بالی‘ کو فلم انڈسٹری سے متعارف کرایا

Updated: May 03, 2026, 2:44 PM IST | Mumbai

ہندی فلم انڈسٹری میں کیدار شرما کا نام ایک ایسے فلم ساز اور ہدایت کار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے راج کپور، بھارت بھوشن، مدھوبالا، گیتا بالی، مالا سنہا اور تنوجا جیسی کئی فلمی شخصیات کو فلم انڈسٹری میں قدم جمانے میں اہم کردار ادا کیا۔

Filmmaker and director Kidar Sharma. Photo: INN
فلم ساز و ہدایت کار کیدار شرما۔ تصویر: آئی این این

ہندی فلم انڈسٹری میں کیدار شرما کا نام ایک ایسے فلم ساز اور ہدایت کار کے طور پر یاد کیا جاتا ہے جنہوں نے راج کپور، بھارت بھوشن، مدھوبالا، گیتا بالی، مالا سنہا اور تنوجا جیسی کئی فلمی شخصیات کو فلم انڈسٹری میں قدم جمانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

پنجاب کے شہر نارووال (موجودہ پاکستان) میں۲؍ اپریل۱۹۱۰ء کو پیدا ہونے والے کیدار شرما نے اپنی ابتدائی تعلیم امرتسر سے مکمل کی۔ اس کے بعد وہ نوکری کی تلاش میں ممبئی آگئے، لیکن وہاں کام نہ ملنے کی وجہ سے وہ واپس امرتسر لوٹ گئے۔ اس دوران انہوں نے امرتسر کے خالصہ کالج سے پوسٹ گریجویشن مکمل کی۔ 

۱۹۳۳ء میں کیدار شرما کو دیوکی بوس کی ہدایت کاری میں بنی فلم ’پورن بھگت‘ دیکھنے کا اتفاق ہوا۔ وہ اس فلم سے اس قدر متاثر ہوئے کہ انہوں نے فیصلہ کر لیا کہ وہ فلموں میں ہی اپنا کریئر بنائیں گے۔ اپنے اسی خواب کو پورا کرنے کیلئے کیدار شرما کلکتہ چلے گئے۔ کلکتہ میں ان کی ملاقات فلم ساز دیوکی بوس سے ہوئی اور ان کی سفارش پر انہیں ’نیو تھیٹرز‘ میں بطور کیمرہ مین شامل کر لیا گیا۔۱۹۳۴ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ’سیتا‘ بطور کیمرہ مین ان کی پہلی فلم تھی۔ اس کے بعد نیو تھیٹرز کی فلم’انقلاب‘ میں انہیں ایک چھوٹا سا کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔ ۱۹۳۶ء  میں ریلیز ہونے والی فلم ’دیوداس‘ کیدار شرما کے فلمی کریئر کی اہم فلم ثابت ہوئی، جس میں وہ بطور کہانی کار اور نغمہ نگار شامل تھے۔ فلم ہٹ رہی اور کیدار شرما فلم انڈسٹری میں اپنی پہچان بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: عامر خان کا اعتراف: دو فلمیں بغیر اسکرپٹ سنے سائن کیںا

۱۹۴۰ء میں کیدار شرما کو فلم ’تمہاری جیت‘ کی ہدایت کاری کا موقع ملا، لیکن بدقسمتی سے یہ فلم مکمل نہ ہو سکی۔ اس کے بعد انہوں نے’اولاد‘ کی ہدایت کاری کی، جس کی کامیابی نے انہیں بطور ہدایت کار ایک شناخت دی۔۱۹۴۱ء میں انہیں فلم’چترلیکھا‘ کی ہدایت کاری کا موقع ملا۔ اس فلم کی کامیابی کے بعد کیدار شرما بطور ہدایت کار انڈسٹری میں قائم ہو گئے۔ فلم’چترلیکھا‘ کا نہانے کا منظر  بہت مشہور ہوا تھا، جو اداکارہ مہتاب پر فلمایا گیا تھا۔ اس منظر کے بعد مہتاب بہت مقبول ہوئیں، حالانکہ شروع میں وہ اسے فلمانے کے لیے تیار نہیں تھیں۔ کیدار شرما نے جب انہیں قائل کرنے کی کوشش کی تو مہتاب نے پوچھا کہ ’’کیا یہ منظر آپ ناظرین کے لیے رکھنا چاہتے ہیں یا صرف اپنی خوشی کے لیے؟‘‘ تب کیدار شرما نے انہیں سمجھایا کہ ’’دیکھو، سیٹ پر اداکارہ اور ہدایت کار کا رشتہ باپ بیٹی کا ہوتا ہے۔‘‘ کیدار شرما کی یہ بات مہتاب کے دل کو چھو گئی اور انہوں نے اس شرط پر منظر فلمایا کہ سیٹ پر صرف ہدایت کار ہی موجود رہیں گے۔ 

۱۹۴۷ء میں کیدار شرما نے فلم ’نیل کمل‘ کے ذریعے راج کپور کو پہلی بار پردہ سیمیں پر بطور ہیرو پیش کیا۔ راج کپور اس سے پہلے کیدار شرما کے یونٹ میں’کلیپر بوائے‘ کا کام کیا کرتے تھے۔۱۹۵۰ء میں انہوں نے فلم’باورے نین‘ بنائی اور اداکارہ گیتا بالی کو پہلی بار بطور اداکارہ کام کا موقع دیا۔ اسی سال ان کی ایک اور سپر ہٹ فلم’جوگن‘ ریلیز ہوئی، جس میں دلیپ کمار اور نرگس نے مرکزی کردار ادا کیے۔ کیدار شرما کی یہ خصوصیت تھی کہ وہ جس اداکار یا اداکارہ کے کام سے خوش ہوتے، اسے’پیتل کی دونی‘ (دو آنے کا سکہ) دے کر اعزاز دیتے۔ راج کپور، دلیپ کمار، گیتا بالی اور نرگس کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے: ملازمین کی چھٹنی پرایونجلین للی، ڈزنی پر برہم، اے آئی کے متعلق سخت سوالات پوچھے

کیدار شرما نے کئی اہم فلموں میں اداکاری بھی کی، جن میں’انقلاب،پجارن،ودیا پتی،بڑی دیدی اورنیکی اور بدی‘ شامل ہیں۔ ان میں سے کئی فلمیں کامیاب بھی رہیں۔ بطور اداکار ان کی آخری فلم ’ہماری یاد آئے گی‘ تھی جس میں پہلی بار تنوجہ کو بطور ہیروئن مرکزی اداکارہ متعارف کرایا گیا تھا۔ انہوں نے کئی فلموں کیلئے نغمے بھی لکھے اور بچوں کیلئے بھی کئی فلمیں بنائیں، جن میں ’جے دیپ،گنگا کی لہریں،گلاب کا پھول،۲۶؍ جنوری،یکتا اورچیتک‘ وغیرہ شامل ہیں۔ ان کی آخری فلم ’خدا حافظ‘ تھی جو انہوں نے ’چلڈرنس فلم سوسائٹی آف انڈیا‘ کیلئے بنائی تھی۔  

تقریباً پانچ دہائیوں تک فلم انڈسٹری میں مختلف حوالوں سے اپنے فن کا مظاہرہ کرنے اور فلم شائقین کے دلوں پر راج کرنے والا یہ عظیم فنکار۲۹؍ اپریل۱۹۹۹ء کو اس دنیا سے  ہمیشہ ہمیشہ کیلئے رخصت ہو گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK