• Sat, 06 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جانئے’’ٹو مچ وِد کاجول اینڈ ٹوئنکل‘‘ میں شاہ رخ خان کی عدم شرکت کی اصل وجہ

Updated: December 06, 2025, 8:01 PM IST | Mumbai

پرائم ویڈیو پر جاری چیٹ شو ’’ٹو مچ وِد کاجول اینڈ ٹوئنکل‘‘ میں بالی ووڈ کے متعدد بڑے سپر اسٹارز شریک ہوئے لیکن شاہ رخ خان کی غیر موجودگی نے مداحوں کو حیران کیا۔ لندن میں ڈی ڈی ایل جے کے مجسمے کی نقاب کشائی کے دوران ایک انٹرویو میں شاہ رخ خان نے بتایا کہ وہ فلم کی شوٹنگ اور اپنی چوٹ کے باعث شو میں شریک نہیں ہو سکے۔

Picture: INN
تصویر:آئی این این

کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کا چیٹ شو ’’ٹو مچ وِد کاجول اینڈ ٹوئنکل‘‘ حال ہی میں پرائم ویڈیو پر اختتام پذیر ہوا، جس میں سلمان خان، عامر خان، سیف علی خان اور اکشے کمار جیسے بڑے سپر اسٹارز نے شرکت کی۔ تاہم ایک بڑا نام جس کی غیر موجودگی ہر کسی نے محسوس کی، وہ شاہ رخ خان تھے۔ لندن کے لیسٹر اسکوائر میں شاہ رخ خان اور کاجول کی فلم ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ کے مجسمے کی نقاب کشائی کے موقع پر دونوں نے ایک مشترکہ انٹرویو دیا۔ بی بی سی ایشین نیٹ ورک نے سوال کیا کہ شاہ رخ خان شو میں کیوں نہیں آئے۔ اس پر شاہ رخ خان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں اس وقت ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہوں۔ میں زخمی بھی تھا، بہت برا محسوس ہوا کہ شو میں شامل نہیں ہو سکا۔ مجھے آنا بہت اچھا لگتا، سوائے اس حصے کے جہاں بہت زیادہ کھانا تھا!‘‘

یہ بھی پڑھئے:نیٹ فلکس نے وارنر بروز ڈسکوری کو ۷ء۸۲؍ بلین ڈالر میں خرید لیا

انہوں نے مزید کہا کہ ’’میں واقعی آپ دونوں (کاجول اور ٹوئنکل) سے معذرت خواہ ہوں۔ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے شو کے تمام ایپی سوڈز دیکھے ہیں۔ یہ میری تپسیا ہے کہ خود نہ ہونے کے باوجود سب دیکھتا رہا ہوں!‘‘ واضح رہے کہ شاہ رخ خان اس وقت سدھارتھ آنند کی فلم ’’کنگ‘‘ میں کام کر رہے ہیں، جس میں ابھیشیک بچن، دپیکا پڈوکون، رانی مکھرجی، ارشد وارثی، جیکی شروف، انیل کپور، راگھو جویال، ابھے ورما، جئے دیپ اہلاوت، سوربھ شکلا اور سہانا خان بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کے شو کا آخری ایپی سوڈ انڈین ویمن کرکٹ اسٹارز جمائمہ روڈریگز اور شفالی ورما کے ساتھ نشر ہوا۔ شو کی تمام نو اقساط اب پرائم ویڈیو پر دستیاب ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK