Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ماں بہن‘‘ کی نیٹ فلکس پر دھوم، عالمی فہرست میں دوسرے نمبر پر

Updated: June 11, 2026, 9:03 PM IST | Mumbai

مادھوری دکشت، ترپتی ڈمری اور دھرنا درگا کی اداکاری سے مزین ڈارک کامیڈی فلم ’’ماں بہن‘‘ نے نیٹ فلکس کی عالمی غیر انگریزی فلموں کی فہرست میں دوسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔ ۴؍ جون کو ریلیز ہونے والی یہ فلم اس وقت ۱۵؍ ممالک میں ٹرینڈ کر رہی ہے اور ناظرین کی جانب سے اسے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

نیٹ فلکس پر حال ہی میں ریلیز ہونے والی ڈارک کامیڈی فلم ’’ماں بہن‘‘ نے عالمی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے غیر انگریزی فلموں کی فہرست میں دوسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔ مادھوری دکشت، ترپتی ڈمری اور دھرنا درگا کی مرکزی کرداروں پر مشتمل یہ فلم اس وقت ۱۵؍ ممالک میں ٹرینڈ کر رہی ہے اور ناظرین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ سریش تریوینی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم کو صرف ہسپانوی فلم ’’دی مارکڈ وومن‘‘ نے پیچھے چھوڑا، جو فہرست میں پہلے نمبر پر رہی۔ نیٹ فلکس کی عالمی درجہ بندی میں دھنش کی تمل فلم ’’کارا‘‘ تیسرے، میکسیکو امریکی فلم ’’میکسیکو ۸۶‘‘ چوتھے اور ارجنٹائنا کی فلم ’’ریسا اینڈ دی ونڈ فون‘‘ پانچویں نمبر پر رہی۔

۴؍ جون کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی ’’ماں بہن‘‘ میں گیتانجلی کلکرنی، ارونودے سنگھ اور شاردول بھردواج بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم اپنی غیر روایتی کہانی، مزاح اور پیچیدہ خاندانی رشتوں کی عکاسی کے باعث ناظرین میں مقبول ہو رہی ہے۔ فلم کی کامیابی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مادھوری دکشت نے کہا کہ ’’جس چیز نے مجھے اس فلم کی طرف متوجہ کیا وہ اس کی ایسی کہانی تھی جو مزاح، جذبات اور سچائی کے ساتھ گہرا تعلق رکھتی ہے۔ ناظرین کو ان کرداروں، ان کے رشتوں اور ان کی زندگی میں پیش آنے والی تمام گڑبڑ اور افراتفری سے جڑتے دیکھنا میرے لیے بے حد خوشی کا باعث ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ویر داس کی ہارر فلم ’بارہ نمبر‘ کی کاسٹ کا اعلان، شیبا چڈھا اور اتل کلکرنی شامل

ترپتی ڈمری نے کہا کہ انہیں خاص طور پر اس بات کی خوشی ہے کہ فلم میں ان کے ایک اہم منظر کو ناظرین نے پسند کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’جیا کے اس ’’ایکولوگ‘‘ کو ملنے والی پذیرائی نے مجھے سب سے زیادہ متاثر کیا، جب وہ آخرکار اپنے شوہر کو چھوڑنے کا فیصلہ کرتی ہے۔ یہ منظر میرے لیے بہت اہم تھا اور میں نے اس کی تیاری پر کافی محنت کی تھی۔ مجھے خوشی ہے کہ یہ لمحہ ناظرین کے دلوں تک پہنچا۔‘‘

دھرنا درگا نے فلم کو اپنے کریئر کا یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا، ’’یہ میرے لیے خاص طور پر اس لیے اہم ہے کہ ’’ماں بہن‘‘ کے ذریعے میرا نیٹ فلکس ڈیبیو ہوا ہے اور میں اس سے بہتر آغاز کی خواہش نہیں کر سکتی تھی۔‘‘ فلم کے ہدایت کار سریش تریوینی نے بتایا کہ ’’ماں بہن‘‘ کا بنیادی مقصد غیر روایتی خاندانی رشتوں اور سماجی رویوں کو مزاحیہ انداز میں پیش کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’شروع سے ہی ہماری کوشش تھی کہ ایسے کرداروں کی کہانی بیان کی جائے جو خامیوں کے باوجود ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔ ہم ایک ایسی فلم بنانا چاہتے تھے جو نہ صرف تفریح فراہم کرے بلکہ ناظرین کو اپنے تجربات سے بھی جوڑ سکے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’ویلکم ٹو دی جنگل‘‘ کا ٹریلر جاری، اکشے کمار کی قیادت میں ستاروں کی کہکشاں

انہوں نے مزید کہا کہ ’’فلم کو ملنے والی محبت، تعریف اور اس پر ہونے والی گفتگو ہمارے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔‘‘ فلمی مبصرین کے مطابق ’’ماں بہن‘‘ کی عالمی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ مضبوط کہانی اور مؤثر کردار نگاری زبان اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہو کر ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کر سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK