• Fri, 30 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مادھوری دکشت امریکہ میں ایک عام گھریلو خاتون کی طرح زندگی گزارتی تھیں

Updated: October 30, 2026, 3:44 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

مادھوری دکشت ہندوستان کی صف اول کی اداکارہ رہی ہیںاور یہاں ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بھی لوگ بےتاب رہتے ہیں۔ لیکن ڈاکٹر نینے سے شادی کے بعد وہ جب امریکہ منتقل ہوئیں تو وہاں جس علاقے میں وہ رہتی تھیں اس علاقے میں انہیں کوئی نہیں جانتا تھا۔

Madhuri Dixit. Photo: INN
مادھوری دکشت۔ تصویر: آئی این این
مادھوری دکشت ہندوستان کی صف اول کی اداکارہ رہی ہیںاور یہاں ان کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بھی لوگ بےتاب رہتے ہیں۔ لیکن ڈاکٹر نینے سے شادی کے بعد وہ جب امریکہ منتقل ہوئیں تو وہاں جس علاقے میں وہ رہتی تھیں اس علاقے میں انہیں کوئی نہیں جانتا تھا۔ کسی کو معلوم ہی نہیں تھا کہ جو خاتون یہاں عام افراد کی طرح روز مرہ کے کام کاج کرتی نظر آتی ہے وہ ہندوستان کی اتنی زیادہ مشہور شخصیت ہے کہ لوگ اس کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب رہتے ہیں۔ مادھوری دکشت نےایک ٹی وی شو کے دوران امریکہ میں اپنے ابتدائی دنوں کا ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔انہوں نے بتایا کہ شادی کے بعد وہ اپنے شوہر کے ساتھ امریکہ کے شہر ڈینور میں رہنے لگیں۔ وہاں ان کی زندگی نسبتاً پرسکون تھی، کیونکہ اس علاقے میں ہندوستانیوں کی تعداد کم تھی۔ ان کے آس پاس زیادہ تر امریکی خاندان رہتے تھے اور بہت سے پڑوسی طویل عرصے تک یہ نہیں جانتے تھے کہ مادھوری ہندوستان کی مشہور فلمی اداکارہ ہیں۔مادھوری کے مطابق، پڑوسیوں کے لیے وہ صرف ڈاکٹر نینے کی اہلیہ، یعنی مسزنینے تھیں۔
 
 
وہ اپنے بچوں کو خود اسکول چھوڑنےجاتی تھیں اور عام گھریلو زندگی گزارتی تھیں۔ ہندوستان میں جس اداکارہ کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے مداح بے تاب رہتے تھے، وہ امریکہ میں عام خواتین کی طرح روزمرہ کے کام انجام دے رہی تھیں۔ مادھوری نے ایک اور واقعہ بیان کیا جس سے ان کی اصل شناخت پڑوسیوں پر ظاہر ہوگئی۔ ان کے مطابق، ایک دن ایک گاڑی بار بار ان کے گھر کے چکر لگانے لگی۔ امریکہ میں چوری اور ڈکیتی کے خدشات کے باعث لوگ اپنے محلے میں ایسی مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھتے ہیں۔ گاڑی کو بار بار گھر کے آس پاس گھومتے دیکھ کر ان کے ایک پڑوسی کو تشویش ہوئی۔ انہوں نے مادھوری سے پوچھا کہ کیا پولیس کو فون کردینا چاہیے؟ مادھوری نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا، لیکن صورت حال کی وضاحت کرنے کے لیے انہیں بتانا پڑا کہ وہ ہندوستان کی ایک مشہور فلمی اداکارہ ہیں اور گاڑی میں موجود لوگ دراصل ان کی ایک جھلک دیکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس طرح پڑوسیوں کو پہلی مرتبہ اندازہ ہوا کہ ان کے درمیان رہنے والی خاتون ہندوستان میں کتنی مشہور ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK