Updated: June 19, 2026, 8:04 PM IST
| Mumbai
فلم ساز میگھنا گلزار اپنی ۲۰۲۳ء کی فلم ’’سیم بہادر‘‘ کے تقریباً تین سال بعد نئی کرائم تھریلر Daayra کے ساتھ واپسی کر رہی ہیں۔ فلم میں کرینہ کپور خان اور پرتھوی راج سوکمارن پہلی مرتبہ ایک ساتھ نظر آئیں گے۔ سچے واقعات سے متاثر اس تفتیشی تھریلر میں دونوں پولیس افسران کے کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم ۱۸؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
پرتھوی راج سوکمارن، میگھنا گلزار اورکرینہ کپور خان۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کی معروف ہدایت کار میگھنا گلزار اپنی نئی کرائم تھریلر ’’دائرہ‘‘ کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ فلم ساز کی گزشتہ فلم ’’سیم بہادر‘‘ تھی، جس کے بعد یہ ان کا سب سے اہم پروجیکٹ تصور کیا جا رہا ہے۔ فلم میں کرینہ کپور خان اور پرتھوی راج سوکمارن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ دونوں اداکار پہلی بار کسی فلم میں ایک ساتھ اسکرین شیئر کریں گے، جسے شائقین اور فلمی حلقوں میں خاص دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے۔ ’’دائرہ‘‘ ایک تفتیشی کرائم تھریلر ہے جو حقیقی واقعات سے متاثر بتائی جا رہی ہے۔ کہانی دو پولیس افسران کے گرد گھومتی ہے جو ایک سنسنی خیز اور پیچیدہ جرم کی تہہ تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ فلم کے موضوع، ماحول اور میگھنا گلزار کی فلم سازی کے انداز کو دیکھتے ہوئے اسے سال کی اہم سنجیدہ فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: رشمیکا مندانا کی فلم ’’میسا‘‘ کے گانے کی شوٹنگ مکمل
فلم کی ریلیز کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی میکرز نے پردے کے پیچھے کی جھلکیاں (BTS) بھی جاری کیں، جنہیں سوشل میڈیا پر مثبت ردعمل ملا۔ معروف تجارتی تجزیہ کار ترن آدرش نے فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ’’دائرہ‘‘ ۱۸؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ یہ فلم پروڈکشن ہاؤس جنگلی پکچرس اور میگھنا گلزار کے درمیان تیسرا اشتراک ہے۔ اس سے قبل دونوں ’’تلوار‘‘ اور ’’راضی‘‘ جیسی کامیاب فلمیں دے چکے ہیں۔ اسی وجہ سے فلمی ناقدین اور شائقین کو اس نئے منصوبے سے بھی بڑی توقعات وابستہ ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: جتیندر کی فلم’میری آواز سنو‘نےکئی شہروں میں شعلے کا ریکارڈ بھی توڑدیا تھا
سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی جھلک کے بعد مداحوں نے فلم کے بارے میں جوش و خروش کا اظہار کیا۔ متعدد صارفین نے میگھنا گلزار، کرینہ کپور اور پرتھوی راج کی جوڑی کو ’’ڈریم ٹیم‘‘ قرار دیا، جبکہ کئی لوگوں نے رازی اور تلوار جیسی فلموں کا حوالہ دیتے ہوئے اس فلم کو بھی ایک سنجیدہ اور معیاری کرائم ڈراما قرار دیا۔ فلم کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ باکس آفس پر ’’وائب‘‘ سے ٹکرائے گی، جس کی ہدایت کاری کنال کھیمو کر رہے ہیں۔ اس فلم میں پریٹی زنٹا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔