Updated: April 27, 2026, 6:15 PM IST
| New York
مائیکل جیکسن کی بایوپک ’’مائیکل‘‘ کو منفی ریویوز کے باوجود ریلیز کیا گیا۔ فلم کوروٹن ٹومیٹوزپر ناقدین کی طرف سے صرف ۳۸؍ فیصد اسکور ملا، جو ۲۱۱؍ ریویوز پر مبنی ہے، اس کے باوجود ناظرین بڑی تعداد میں سنیما گھروں کا رخ کرتے رہے اور ’’کنگ آف پاپ‘‘ کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
مائیکل فلم کا پوسٹر۔ تصویر:آئی این این
مائیکل جیکسن کی بایوپک ’’مائیکل‘‘ کو منفی ریویوز کے باوجود ریلیز کیا گیا۔ فلم کوروٹن ٹومیٹوزپر ناقدین کی طرف سے صرف ۳۸؍ فیصد اسکور ملا، جو ۲۱۱؍ ریویوز پر مبنی ہے، اس کے باوجود ناظرین بڑی تعداد میں سنیما گھروں کا رخ کرتے رہے اور ’’کنگ آف پاپ‘‘ کے لیے اپنی محبت کا اظہار کیا۔۱۰؍ ہزار سے زائد ووٹس کی بنیاد پر فلم کو ۹۷؍ فیصد آڈینس اسکور ملا اور اسی کے ساتھ یہ اپنے اوپننگ ویک اینڈ پر باکس آفس کا بادشاہ بھی بن گئی۔
مائیکل نے تاریخ رقم کی: سب سے بڑی بایوپک اوپنر
ہدایتکار انٹوئن فوکوا کی فلم ’’مائیکل ‘‘، جس میں مرکزی کردار جعفر جیکسن نے ادا کیا ہے، نے اوپننگ ڈے کا ریکارڈ توڑ دیا اور انڈسٹری کی توقعات سے بڑھ کر کارکردگی دکھاتے ہوئے تاریخ میں پہلی بایوپک بن گئی جس نے پہلے ہی دن عالمی سطح پر ۱۰۰؍ ملین ڈالر کمائے۔ فلم نے باکس آفس پر زبردست دھوم مچا دی اور اپنے اوپننگ ویک اینڈ میں عالمی سطح پر۲۱۷؍ ملین ڈالرس کمائے، جو کہ پہلے سے متوقع ۱۵۰؍ ملین ڈالر سے کافی زیادہ تھے۔
یہ بھی پڑھئے:فلم ’’مائیکل ‘‘میں نظر آنے والا مائیکل جیکسن کا پالتو چمپینزی ببلز اس وقت کہاں ہے؟
امریکہ میں فلم سے ۷۰؍ملین ڈالر کی اوپننگ کی توقع تھی، لیکن اس نے ۹۷؍ ملین ڈالر کمائے ۔فلم نے امریکہ میں ۹۷؍ ملین ڈالر جبکہ بین الاقوامی سطح پر ۴۰ء۱۲۰؍ ملین ڈالرس کمائے، جس کے بعد اس کا مجموعی اوپننگ کلیکشن ۴۰ء۲۱۷؍ ملین ڈالرس رہا۔ اس سے پہلے سب سے بڑا عالمی بایوپک اوپنر کرسٹوفر نولان کی’’اوپین ہائمر‘‘ تھی جس نے۴۰ء۱۸۰؍ ملین ڈالر کمائے تھے، جبکہ بوہیمین راپسوڈی نے ۷۰ء۱۴۱؍ ملین ڈالر کی اوپننگ لی تھی۔ ’’اوپین ہائمر‘‘ نے بعد میں عالمی سطح پر۸۰ء۸۷۵؍ ملین ڈالر کمائے، جبکہ بوہیمن راپسوڈی نے ۸۰ء۸۱۰؍ ملین ڈالر کمائے تھے۔
۲۰۰؍ ملین ڈالر کے بجٹ سے بنی ’’مائیکل ‘‘ کے لیے اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کیا یہ بوہیمین راپسوڈی کو میوزیکل بایوپک کے طور پر اور اوپین ہائمر کو سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بایوپک کے طور پر پیچھے چھوڑ سکتی ہے یا نہیں۔مائیکل جیکسن کی یہ بایوپک نہ صرف ان کے ابتدائی کیریئر کی جھلک دکھاتی ہے بلکہ نئے اداکار جعفر جیکسن کو بھی دنیا کے سامنے لاتی ہے۔ آنجہانی گلوکار کے بھتیجے جعفر نے اسی فلم سے فلمی دنیا میں قدم رکھا ہے۔ اگرچہ فلم پر ناظرین کی رائے مختلف رہی، لیکن جعفر جیکسن کی اداکاری کو متفقہ طور پر سراہا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ایل ایس جی کو سپر اوور میں ہرا کر کے کے آر نے دوسری کامیابی حاصل کی
فلم کے ریلیز کے کچھ دن بعد جعفر نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کیاجس میں انہوں نے ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’واہ، یہ سب دیکھ کر بہت حیرت انگیز لگ رہا ہے! دنیا نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور سب زبردست انداز میں سپورٹ کر رہے ہیں۔ شکریہ، شکریہ، شکریہ! میں اس سے زیادہ خوش اور شکر گزار نہیں ہو سکتا۔‘‘ کئی بین الاقوامی اور ہندوستانی مشہور شخصیات نے بھی کمنٹ سیکشن میں جعفر کو مبارکباد دی۔ ‘‘