’’فورس ۳‘‘ کیلئے موہت ملک کو مرکزی ویلن کے طور پر کاسٹ کئے جانے کی خبریں زور پکڑ رہی ہیں۔ اگر یہ انتخاب حتمی ہو جاتا ہے تو یہ موہت ملک کے کریئر میں ایک بڑا موڑ ثابت ہو سکتا ہے جبکہ ’’فورس‘‘ فرنچائز کو ایک نیا اور طاقتور مخالف ملنے کا امکان ہے۔
EPAPER
Updated: December 29, 2025, 8:02 PM IST | Mumbai
’’فورس ۳‘‘ کیلئے موہت ملک کو مرکزی ویلن کے طور پر کاسٹ کئے جانے کی خبریں زور پکڑ رہی ہیں۔ اگر یہ انتخاب حتمی ہو جاتا ہے تو یہ موہت ملک کے کریئر میں ایک بڑا موڑ ثابت ہو سکتا ہے جبکہ ’’فورس‘‘ فرنچائز کو ایک نیا اور طاقتور مخالف ملنے کا امکان ہے۔
آنے والی ایکشن فرنچائز ’’فورس ۳‘‘ کے گرد کاسٹنگ سے متعلق سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، اور تازہ خبروں میں جس نام نے سب کی توجہ حاصل کی ہے وہ ہے اداکار موہت ملک۔ ذرائع کے مطابق، موہت اس فرنچائز میں جان ابراہم کے مدمقابل مرکزی ویلن کے کردار کیلئے زیرِ غور ہیں۔پروجیکٹ سے قریبی وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’فورس ۳‘‘ میں موہت ملک کے نام پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے۔ ابھیشیک کپور کی فلم ’’آزاد‘‘ میں ان کے منفی کردار کو میکرز نے خاصا سراہا، جس کے بعد انہیں اس فرنچائز کیلئے ایک مضبوط انتخاب سمجھا جا رہا ہے۔‘‘ تاہم، اس حوالے سے ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ موہت ملک سے وضاحت کیلئے رابطہ کیا گیا، مگر وہ اس وقت دستیاب نہیں تھے۔ اطلاعات کے مطابق، اداکار ان دنوں مرزا پور کے آؤٹ ڈور شوٹ میں مصروف ہیں اور حال ہی میں انہوں نے سیٹ سے کچھ جھلکیاں بھی شیئر کی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سیف علی خان ایک بہترین والد ہیں: شرمیلا ٹیگور کا بیٹے کے متعلق بیان
اگر یہ کاسٹنگ حتمی شکل اختیار کر لیتی ہے تو موہت ملک اُن اداکاروں کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے جنہوں نے ٹی وی سے فلموں میں کامیاب منتقلی کی ہے۔ اس فہرست میں پہلے ہی وکرانت میسی، آیوشمان کھرانہ، مرنال ٹھاکر اور یامی گوتم جیسے نام شامل ہیں۔
واضح رہے کہ جان ابراہم کی ’’فورس‘‘ فرنچائز اپنی خام، حقیقت پسندانہ ایکشن اور سنجیدہ کہانی کیلئے جانی جاتی ہے۔ پہلی فلم ’’فورس‘‘ ، ۲۰۱۱ء میں جان ابراہم نے اے سی پی یشوردھن کا کردار ادا کیا تھا، جو فرض اور ذاتی نقصان کے بوجھ تلے دبا ایک سخت گیر پولیس افسر تھا۔ اس کے بعد ’’فورس ۲‘‘ میں کہانی کو بین الاقوامی سطح پر لے جایا گیا، جہاں قومی سلامتی اور خفیہ آپریشنز کو مرکزی موضوع بنایا گیا۔فورس فرنچائز کم گلیمر، شدید فائٹ کوریوگرافی اور جان ابراہم کی جسمانی طور پر مضبوط اداکاری کے باعث ایکشن سنیما کے شائقین میں خاص مقام رکھتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ’’فورس ۳‘‘ کی شوٹنگ اگلے سال کے آغاز میں شروع ہو سکتی ہے اور فلم میں ہرش وردھن رانے بھی کاسٹ کا حصہ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’اوینجرز: ڈومسڈے‘‘ کا لیک ٹیزر، ایم سی یو میں ’’ایکس مین‘‘ کی انٹری
موہت ملک اور ان کا ٹی وی سفر
موہت ملک ہندوستانی ٹیلی ویژن کا ایک معروف نام ہیں، جو مختلف نوعیت کے کرداروں میں اپنے منفرد کرداروں کیلئے پہچانے جاتے ہیں۔ انہوں نے ’’کیسی یہ یاریاں‘‘ میں مانک ملہوترا کے مقبول کردار سے خاص شہرت حاصل کی جبکہ ’’ڈولی ارمانوں کی‘‘ میں بھی ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔ بعد ازاں ’’گم ہے کسی کے پیار میں‘‘ اور ’’باتیں کچھ ان کہی سی‘‘ میں ان کی پرفارمنس نے انہیں ایک مضبوط اور سنجیدہ اداکار کے طور پر منوایا۔