Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی: شبانہ اعظمی سوائن فلو کا شکار، پانچ روزہ آئسولیشن کے باعث احتجاج میں شامل نہ ہو سکیں

Updated: July 25, 2026, 5:04 PM IST | Mumbai

سینئر بالی ووڈ اداکارہ شبانہ اعظمی کو سوائن فلو (H1N1) کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں مکمل آرام اور پانچ دن کے لیے آئسولیشن میں رہنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی وجہ سے وہ ممبئی کے شیواجی پارک میں طلبہ کے احتجاج میں شرکت نہ کر سکیں۔ ان کی ٹیم کے مطابق اداکارہ اس وقت ۱۰۲؍ ڈگری بخار میں مبتلا ہیں، تاہم وہ گھر پر زیرِ علاج ہیں اور احتجاج کی صورتحال سے مسلسل باخبر رہ رہی ہیں۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

معروف اداکارہ شبانہ اعظمی کو سوائن فلو (H1N1) ہونے کے باعث ممبئی میں ہونے والے طلبہ کے احتجاج میں شرکت منسوخ کرنا پڑی۔ ڈاکٹروں نے انہیں مکمل بیڈ ریسٹ اور پانچ روز تک آئسولیشن میں رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ اطلاع اس وقت سامنے آئی جب وہ ممبئی کے شیواجی پارک میں طلبہ کے حق میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کرنے والی تھیں۔ شبانہ اعظمی کی ٹیم نے ان کی صحت کے بارے میں بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’شبانہ جی آج احتجاج میں شرکت کرنے والی تھیں، لیکن انہیں سوائن فلو ہو گیا ہے۔ انہیں ۱۰۲؍  ڈگری بخار ہے اور ڈاکٹر نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ فی الحال وہ پانچ دن کے لیے آئسولیشن میں ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: اہان پانڈے کی علی عباس ظفر کے ساتھ وائی آر ایف فلم ۲۰۲۷ء میں ریلیز ہوگی

ذرائع کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران شبانہ اعظمی دہلی کے جنتر منتر میں مسلسل جاری طلبہ احتجاج میں شریک رہیں، جہاں انہوں نے نہ صرف مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا بلکہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے احتجاج کی سرگرمیوں اور اہم پیش رفت سے متعلق مسلسل معلومات بھی شیئر کرتی رہیں۔ شبانہ اعظمی نے ۲۰؍  جولائی کو ’’چلو سنسد‘‘ مارچ میں بھی شرکت کی تھی، جو طلبہ کی جانب سے مبینہ امتحانی بے ضابطگیوں، پرچہ لیک کے معاملات اور تعلیمی اصلاحات کے مطالبات کے حق میں منعقد کیا گیا تھا۔ وہ احتجاج کے دوران مسلسل طلبہ کے ساتھ موجود رہیں اور ان کے مطالبات کی حمایت کرتی رہیں۔ چند روز قبل احتجاج کے دوران شبانہ اعظمی کی طبیعت بھی اچانک خراب ہو گئی تھی۔ بعد میں انہوں نے انڈین ایکسپریس کو بتایا تھا کہ آنسو گیس کے اثرات کی وجہ سے انہیں دمے (Asthma) کا شدید دورہ پڑا، تاہم انہیلر استعمال کرنے کے بعد ان کی حالت بہتر ہو گئی اور وہ دوبارہ مظاہرین کے درمیان واپس آ گئیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’میں دمے کی مریضہ ہوں۔ آنسو گیس کی وجہ سے مجھے دمے کا دورہ پڑا، لیکن میرے پاس انہیلر تھا، اس لیے اب میں ٹھیک ہوں۔ مجھے احترام کے ساتھ ایک قریبی عمارت میں لے جایا گیا، سانس بحال ہونے کے بعد میں دوبارہ طلبہ کے پاس واپس گئی۔ ان کا حوصلہ غیر معمولی ہے۔ میرا انہیں سلام ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: دیا مرزا نے مودی کے ویڈیو پیغام پر سوال اٹھایا، امول پالیکر کا طلبہ کے نام خط

شبانہ اعظمی نے اس سے قبل واضح کیا تھا کہ ان کی احتجاج میں شرکت کسی سیاسی جماعت کی حمایت کے لیے نہیں بلکہ طلبہ کے مستقبل کے لیے تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ’’میں کبھی کسی سیاسی جماعت کا حصہ نہیں رہی اور نہ کبھی بنوں گی۔ میں جنتر منتر صرف ان طلبہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے گئی تھی جو بیس دن سے زیادہ عرصے سے بھوک ہڑتال پر تھے اور جن کی صحت بگڑ رہی تھی۔ ان کے مطالبات نہ خطرناک ہیں اور نہ غلط۔ وہ صرف تعلیمی اصلاحات، اپنے مستقبل کے تحفظ اور تعلیم کے نظام میں بہتری چاہتے ہیں۔ ان کی بات سنیے، انہیں امید دیجیے، ان کا حوصلہ بڑھائیے، اسے کچلنے کی کوشش نہ کیجیے۔‘‘ 
اداکارہ نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے اپنے شوہر اور معروف شاعر و نغمہ نگار جاوید اختر کے ساتھ مل کر وزیراعظم نریندر مودی کو ایک خط بھی لکھا تھا، جس میں حکومت سے سماجی کارکن سونم وانگچک کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ ان کے مطابق کئی دن انتظار کے باوجود کوئی جواب نہ ملنے پر انہوں نے خود احتجاج میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ شبانہ اعظمی اس مرتبہ ممبئی کے احتجاج میں جسمانی طور پر شریک نہیں ہو سکیں، تاہم ان کی ٹیم کے مطابق وہ آئسولیشن کے دوران بھی احتجاج کی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور طلبہ کی حمایت بدستور جاری رکھیں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK