سنّی جمعیۃ العلماء اور رضااکیڈمی کےاشتراک سے یہ مہم چلائی جائے گی۔کیو آر کوڈ بھی جاری کیا گیا۔ علماء اورائمہ مساجد سےخطاب ِ جمعہ میں’یو سی سی‘ پرروشنی ڈالنے کی اپیل۔
EPAPER
Updated: October 30, 2026, 3:27 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
سنّی جمعیۃ العلماء اور رضااکیڈمی کےاشتراک سے یہ مہم چلائی جائے گی۔کیو آر کوڈ بھی جاری کیا گیا۔ علماء اورائمہ مساجد سےخطاب ِ جمعہ میں’یو سی سی‘ پرروشنی ڈالنے کی اپیل۔
یونیفارم سول کوڈ کے خلاف جمعہ (آج) سے ۱۵؍ نومبر تک دستخطی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ سنّی جمعیۃ العلماء اوررضااکیڈمی کےاشتراک سے ریاست گیر سطح پر یہ مہم چلائی جائے گی۔ اس تعلق سے رضا اکیڈمی کی جانب سے کیو آر کوڈ اورویڈیو بھی جاری کیا گیا ہےجس میں سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ علماء اور ائمہ مساجد سےخطاب ِ جمعہ میں یوسی سی کیا ہے، اس کے کیا نقصانات ہیں، کس طرح اس کی آڑ میں شریعت میں مداخلت کی ریاستی حکومت کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے، اس پر روشنی ڈالنے کی اپیل کی گئی ہے ۔اس کےساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ شریعت میںمداخلت ناقابل برداشت ہے، حکومت ایسا کوئی قدم اٹھانے سےباز رہے۔
رضااکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری نےیہ بات زور دیتے ہوئے دہرائی کہ’’ ہم کسی طبقے کے مخالف نہیں ہیں مگر حکومت سے یہ سوال ضرور کرتے ہیں کہ قبائلیوںکو یکساں سول کوڈ سے مستثنیٰ رکھنے اور دیگر شہریوں پر اسے تھوپنے کا آخر کیا مقصد ہے ؟ کیا اس سے حکومت کی بدنیتی کا اظہار نہیںہوتا ہے؟ اور اگر حکومت کسی ایک یا متعدد طبقات کو اس قانون سے مستثنیٰ رکھتی ہے اور اسے مناسبت سمجھتی ہے تاکہ ان کے رسم ورواج اور پرسنل لازمتاثر نہ ہوں تو دوسرے شہریوں کے حقوق اور ان کے مذہبی اور شرعی معاملات کے تعلق سے بھی یہی اصول اپنایا جانا چاہئے اوریہی انصاف کا تقاضا ہے ۔ اس لئے بھی کہ کوئی بھی حکومت بالعموم ہوتی ہےبالخصوص نہیں ۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ دستخطی مہم آخری تاریخ ۱۵؍ نومبر تک ریاست بھر میں جاری رکھی جائے گی اور اگر تاریخ میںتوسیع کی جاتی ہے تو دستخطی مہم میں بھی توسیع کی جائے گی ۔‘‘
واضح ہوکہ مہاراشٹر حکومت کی جانب سے یو سی سی کے نفاذ کےتعلق سے ۳۷؍ سوالات پوچھے گئے ہیں جن کے آن لائن جوابات دینے ہیں۔ ان میں۳۱؍ سوالات کے جوابات ’ہاں ‘ یا ’نا‘ میں جبکہ ۶؍ سوالات کے جوابات مختصر تبصرے کے ساتھ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: شہرومضافات میں مسالے تیار کرنے والوں اور سپلائر کے خلاف ایف ڈی اے کی کارروائی
یو سی سی کے خلاف دیگر ملّی تنظیمیں بھی کوشاں
یوسی سی کے خلاف دیگر ملّی تنظیمیں بھی کوشاں ہیں۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے کیو آر کوڈ جاری کرنے کے بعداس عنوان پر جمعہ کا خطبہ جاری کیا گیا ہے۔ جمعیۃ علماء ، جماعت ِ اسلامی اور اے پی سی آر بھی عوام میں بیداری لانے کی کوشش کررہی ہے۔
۴؍اہم نکات پرمبنی اپیل
یو سی سی کے تعلق سے سنّی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کے اشتراک سے مولانا فرید الزماں قادری کی دستخط سے جاری کردہ پیغام میں ۴؍ اہم نکات پرمبنی ائمہ مساجد اورٹرسٹیان مساجد سے اپیل کی گئی ہے ۔(۱) نمازِ جمعہ سے قبل یا بعد میںمصلیان کویکساں سول کوڈ، اس کے ممکنہ اثرات اورمسلمانوں کے شرعی اور عائلی معاملات سے متعلق خدشات کے بارے میں مختصر اور مدلل اندازمیں آگاہ فرمائیں (۲) نمازیوں کوآگاہ کریں کہ وہ اپنی رائے کااظہار ذمہ داری کے ساتھ کریں اور دستخطی مہم میں حصہ لیں (۳)مسجد کےباہر دستخطی مہم کیلئے جو ٹیبل لگایاگیا ہے یا جہاں ذمہ داران موجود ہیں ، وہاں تمام نمازیوں کو دستخط کرنے کی ترغیب دیں بلکہ یہ بتائیں کہ یہ دستخطی مہم ایک اہم کام ہے (۴) دستخطی مہم کے تعلق سے ذمہ داران کے ساتھ تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک یہ پیغام پہنچے اوردستخط کی شکل میںعوام کی رائے متعلقہ حکام تک پہنچائی جاسکے۔