Inquilab Logo Happiest Places to Work

’آوارہ پن ۲‘: پاکستانی گلوکار مصطفیٰ زاہد نے ’تیرا میرا رشتہ ۰ء۲‘ جاری کیا

Updated: August 15, 2026, 4:03 PM IST | Mumbai

عمران ہاشمی کی فلم ’’آوارہ پن‘‘ کے مقبول گیت ’تیرا میرا رشتہ‘ کو اپنی آواز دینے والے پاکستانی گلوکار مصطفیٰ زاہد نے سیکوئل ’’آوارہ پن ۲‘‘ کی ریلیز کے موقع پر گانے کا نیا ورژن ’’تیرا میرا رشتہ ۰ء۲‘‘ جاری کیا۔ گلوکار نے یہ گانا ہندوستان اور پاکستان کے ان مداحوں کے نام منسوب کیا ہے جو سرحدوں سے بالاتر ہوکر فن، موسیقی اور محبت کو ترجیح دیتے ہیں۔

Awarapan 2. Photo: INN
فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘۔ تصویر: آئی این این

عمران ہاشمی کی فلم ’’آوارہ پن‘‘ ۲۰۰۷ء میں باکس آفس پر ناکام رہی تھی، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہ ایک ’’کلٹ کلاسک‘‘ بن گئی، جس کی بڑی وجہ اس کا زبردست میوزک تھا۔ فلم کے سپرہٹ گانوں میں ’’تو پھر آؤ‘‘ اور ’’تیرا میرا رشتہ‘‘ شامل تھے، جنہیں پاکستانی گلوکار مصطفیٰ زاہد نے اپنی آواز دی تھی۔ ۱۹؍ سال بعد جب اس کا سیکوئل ’’آوارہ پن ۲‘‘ آن لائن ریلیز کیا گیا تو فلم سازوں نے دونوں اصل سپرہٹ گانوں کو معمولی تبدیلیوں اور نئے بول کے ساتھ برقرار رکھا۔ تاہم ان گانوں کی اصل آواز، یعنی مصطفیٰ زاہد، سیکوئل کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک میں شامل نہیں اور اس کی وجہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ سیاسی کشیدگی بتائی گئی۔

یہ بھی پڑھئے: شوٹنگ سیٹ پر کھانے کی ناقص صورتحال پر FWICE برہم، سخت کارروائی کا مطالبہ

مصطفیٰ زاہد نے ’’تیرا میرا رشتہ ۰ء۲‘‘ ریلیز کیا

اگرچہ مصطفیٰ زاہد باضابطہ طور پر ’’آوارہ پن ۲‘‘ کے ساؤنڈ ٹریک کا حصہ نہیں ہیں، تاہم انہوں نے سیکوئل کے ٹیزر اور ٹریلر کے ساتھ ساتھ ان میں اصل گانوں کے استعمال پر اپنا ردعمل ضرور دیا تھا۔ بعد ازاں رپورٹس سامنے آئیں کہ ’’آوارہ پن ۲‘‘ کے فلم سازوں نے مصطفیٰ زاہد کے ساتھ تعاون کیا ہے اور وہ جلد ہی ’’تیرا میرا رشتہ‘‘ کا اپنا ورژن ایک الگ پروموشنل ٹریک کے طور پر ریلیز کریں گے، جو سیکوئل کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک کا حصہ نہیں ہوگا۔

اب جبکہ فلم ’’آوارہ پن ۲‘‘ نے باکس آفس پر شاندار آغاز کیا ہے، مصطفیٰ زاہد نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو مشہور گانے کا نیا ورژن ’’تیرا میرا رشتہ ۰ء۲‘‘ پیش کیا ہے۔ گانا شیئر کرتے ہوئے انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، ’’آپ نے اسے ان تمام برسوں تک زندہ رکھا۔ آج میں اسے آپ کو واپس کر رہا ہوں۔ ’تیرا میرا رشتہ ۰ء۲‘ اب ریلیز ہو چکا ہے۔‘‘ مصطفیٰ زاہد نے اس گانے کو ہندوستان اور پاکستان کے عوام کے نام بھی منسوب کیا ہے۔ ویڈیو کے آغاز میں تحریر ہے، ’’پاکستان اور ہندوستان کے ان لوگوں کے نام، جنہوں نے سرحدوں سے بالاتر ہو کر فن، اختلافات سے بالاتر ہو کر موسیقی اور ہر چیز سے بڑھ کر محبت کو ترجیح دی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: رانی مکھرجی کو لا ٹروب یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری ملی

مصطفیٰ زاہد کی جانب سے ’’تیرا میرا رشتہ ۰ء۲‘‘ ریلیز کیے جانے کے ساتھ ہی ’’آوارہ پن ۲‘‘ کے آفیشل ساؤنڈ ٹریک میں ۲۰۰۷ء کے اصل گانے کے مزید دو ورژن بھی شامل ہیں، جن کے نام ’’تیرا میرا رشتہ کنٹی نیوز‘‘ اور ’’تیرا میرا رشتہ نیو ورژن‘‘ ہیں۔ ان دونوں ورژنز کو ساج بھٹ اور سُبودھ شرما نے اپنی آواز دی ہے، جبکہ موسیقی کو مِتھون نے نئے انداز میں ترتیب دیا ہے اور گانوں کے بول سعید قادری نے لکھے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK