Updated: November 08, 2025, 7:01 PM IST
| Mumbai
ریکارڈنگ اکیڈمی نے ۶۸؍ ویں سالانہ گریمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے، جس میں کئی ہندوستانی اور ہندوستانی نژاد فنکاروں نے اپنی نمایاں موجودگی درج کروائی ہے۔ ان میں معروف ستار ساز اور موسیقار انوشکا شنکر، شکتی، سدھانت بھاٹیہ، اور چارو سوری کے نام قابل ذکر ہیں۔ یہ تمام نامزدگیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہندوستانی موسیقی عالمی سطح پر اپنی تخلیقی وسعتوں کے ساتھ نمایاں مقام حاصل کر رہی ہے۔
ہندوستان کی عالمی موسیقی میں موجودگی ایک نئی بلندی پر پہنچ گئی ہے۔ ریکارڈنگ اکیڈمی کی جانب سے ۶۸؍ ویں سالانہ گریمی ایوارڈز کیلئے نامزدگیوں کے اعلان کے بعد، متعدد ہندوستانی اور ہندوستانی نژاد فنکار عالمی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔سب سے نمایاں نام انوشکا شنکر کا ہے جنہیں اپنے تازہ ایپی سوڈ ’’باب سوم: ریٹرن ٹو لائٹ‘‘ کیلئے کئی اہم کیٹیگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔ یہ سرود کے ماہر عالم خان اور پرکاشنسٹ سارتھی کوروار کے ساتھ تیار کیا گیا، کو بہترین عالمی میوزک البم کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ اس پروجیکٹ میں جدید ساؤنڈ اسکیپس اور ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کا حسین امتزاج پیش کیا گیا ہے، وہ انداز جس میں انوشکا نے گزشتہ دو دہائیوں میں اپنی خاص پہچان بنائی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: مائیکل جیکسن کی بایوپک ’’مائیکل‘‘ کا ٹیزر جاری، بھتیجے جعفر جیکسن مرکزی کردار میں
دیگر ہندوستانی نامزدگیاں
اسی زمرے میں دو مزید ہندوستانی تعاون شامل ہیں: سدھانت بھاٹیہ کا ’’ساؤنڈز آف کمبھ‘‘ کمبھ میلے کی روحانی توانائی اور آوازوں سے متاثر ایک تجرباتی البم ہے۔ اور شکتی کا ’’مائنڈ ٹور ایکسپلوژن‘‘ جو گروپ کے پچاس سالہ موسیقی کے سفر کا جشن ہے۔ اس میں ذاکر حسین اور جان میک لافلن نے قیادت کی ہے۔ انوشکا شنکر اور شکتی کو بہترین گلوبل میوزک پرفارمنس کے لیے بھی الگ الگ نامزدگیاں ملی ہیں۔ انوشکا کے ٹریک ’’ڈے بریک‘‘ (عالم خان اور کوروار کے ساتھ) اور شکتی کے لائیو ٹریک ’’شیرنیز لائیو ڈریم‘‘اس زمرے میں ایک دوسرے کے مقابل ہیں۔ یہ کامیابیاں واضح کرتی ہیں کہ ہندوستانی موسیقی، چاہے کلاسیکل ہو، لوک یا فیوژن، عالمی سطح پر اپنی تخلیقی سرحدوں کو وسعت دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فیملی مین ۳؍ کا ٹریلر جاری، منوج باجپئی اس سیریز میں مطلوب ہوں گے
چاروسوری کی نمایاں موجودگی
اس سال ایک اور اہم نام چاروسوری کا ہے، جو ایک انڈو امریکن موسیقار ہیں۔ ان کے البم ’’شایانز‘‘ کو بہترین انسٹرومنٹل البم کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ سوری اپنے منفرد انداز میں جاز اور ہندوستانی اثرات کو یکجا کرنے کیلئے مشہور ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ سدھانت بھاٹیہ کے البم ’’ساؤنڈز آف کمبھ‘‘ کی پروڈیوسر بھی ہیں، جس سے اس سال کی ہندوستانی گریمی کہانی مزید جڑی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔
ایوارڈ تقریب
گریمی ایوارڈز کی تقریب اتوار یکم فروری ۲۰۲۶ء کو لاس اینجلس کے کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا میں منعقد ہوگی، جہاں دنیا بھر کے موسیقی کے شائقین اپنے پسندیدہ فنکاروں کی کامیابیوں کا جشن منائیں گے۔