Updated: December 17, 2025, 5:13 PM IST
| Doha
فرانس کے عثمان دیمبیلے اور اسپین کی ایتانا بونماتی نے بالترتیب مردوں اور خواتین کے زمرے میں فیفا کے بہترین کھلاڑی کے اعزازات اپنے نام کر لیے ہیں۔منگل کی شب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں فٹ بال کی دنیا کے یہ دو بڑے ستارے اپنے شاندار کارناموں کے اعتراف میں نوازے گئے۔
عثمان دیمبیلے:تصویر:آئی این این
فرانس کے عثمان دیمبیلے اور اسپین کی ایتانا بونماتی نے بالترتیب مردوں اور خواتین کے زمرے میں فیفا کے بہترین کھلاڑی کے اعزازات اپنے نام کر لیے ہیں۔منگل کی شب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں فٹ بال کی دنیا کے یہ دو بڑے ستارے اپنے شاندار کارناموں کے اعتراف میں نوازے گئے۔
۲۸؍ سالہ عثمان دیمبیلے کو پیرس سینٹ جرمین ( پی ایس جی ) کے لیے ان کی شاندار کارکردگی پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ انہوں نے پی ایس جی کو پہلی بار چیمپئن لیگ جتانے میں کلیدی کردار ادا کیا، جہاں فائنل میں پی ایس جی نے انٹر میلان کو۰۔۵؍گول سے شکست دی۔ دیمبیلے نے گزشتہ سیزن کے تمام مقابلوں میں مجموعی طور پر۳۵؍ گول کیے، جن میں سے۲۱؍ گول لیگ ون میں تھے، جس کی بدولت وہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’یہ ثابت ہو گیا کہ سخت محنت رنگ لاتی ہے۔ یہ سال انفرادی اور ٹیم کے طور پر میرے لیے بہترین رہا۔‘‘
بارسلونا کی مڈفیلڈر ایتانا بونماتی نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے مسلسل تیسری بار یہ اعزاز حاصل کیا۔ بونماتی لگاتار تین بار فیفا کی بہترین کھلاڑی قرار پانے والی پہلی خاتون فٹ بالر بن گئی ہیں۔ انہوں نے ویمنز بیلون ڈی اور بھی لگاتار تیسری بار جیتا ہے۔ ان کی قیادت میں بارسلونا نے ڈومیسٹک `ٹریبل جیتا، جبکہ اسپین کی ٹیم کے ساتھ وہ یورو ۲۰۲۵ء کے فائنل تک پہنچیں۔ انہیں چیمپئن لیگ کی بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:برطانیہ میں الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافے کا رجحان
ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے تمام ووٹرز، کھلاڑیوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ’’ ساتھی کھلاڑیوں اور حریف کوچز کی جانب سے منتخب ہونا میرے لیے سب سے بڑی بات ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے سب سے مہنگے غیر ملکی کھلاڑی
آر سری دھر ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ تک سری لنکا کا فیلڈنگ کوچ مقرر
سری لنکا کرکٹ نے اگلے سال ہونے والےمینس ٹی ۲۰؍ورلڈ کپ تک کے لیے آر سری دھر کو قومی ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کر دیا ہے۔بی سی سی آئی لیول ۳؍ کوالیفائیڈ کوچ سری دھر نے۲۰۱۴ء سے ۲۰۲۱ء تک ہندوستان کی مینس ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔ حال ہی میں وہ افغانستان ٹیم کے ساتھ کنسلٹنٹ کوچ کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ اب وہ سری لنکا کے فیلڈنگ معیار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کریں گے اور پاکستان اور انگلینڈ کے آنے والے دوروں کے دوران ٹیم کے ساتھ کام کریں گے، تاکہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کی تیاریوں کی نگرانی کی جا سکے۔